ڈسٹرکٹ کونسلز کے چیئرمینوں کی سینئر وزیر پنجاب کی قیادت میں وزیر اعظم سے ملاقات

پریس ریلیز

پنجاب میں بڑا بریک تھرو:13ضلعی کونسل کے چیئرمینوں کا تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان

ڈسٹرکٹ کونسلز کے چیئرمینوں کی سینئر وزیر پنجاب کی قیادت میں وزیر اعظم سے ملاقات 

وہاڑی ،بہاولنگر،بھکر ، بہاولپور،چینیوٹ ،فیصل آباد اور جھنگ کے ڈسٹرکٹ چیئرمین شامل خانیوال ،مظفر گڑھ ،اوکاڑہ ،پاکپتن ، خوشاب اور اٹک کے ضلعی چیئرمین بھی کھلاڑی 

لاہور۔22دسمبر :۔۔( )موجودہ ملکی سیاسی صورتحال میں پنجاب میں بڑا بریک تھرو سامنے آیا ہے اور صوبے کے 13ڈسٹرکٹ چیئرمینوں نے تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کر دیا ہے ،تفصیلات کے مطابق ان 13چیئرمینوں نے ہفتے کے روز لاہور میں سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان سے اُن کے پولیٹیکل آفس میں ملاقات کی اور تحریک انصاف میں شمولیت کے حوالے سے اپنا رضا مندی کا اظہار کیا ،ان میں وہاڑی سے پیرغلام محی الدین چشتی ،بہاولنگر سے سید قلند حسنین شاہ ، بھکر سے احمد نواز خان نوانی ، چینیوٹ سے ثقلین سنجکا ،فیصل آباد سے چوہدری زاہد نذیر ،جھنگ سے نواب بابر خان سیال ، خانیوال سے انجیئر رضا سرگانہ،مظفر گڑھ سے عمر خان گوپانگ،اوکاڑہ سے ملک علی قادر ، پاکپتن سے میاں اسلم سکھیرا،خوشاب سے امیر حیدر خان سنگا اور اٹک سے ایمان طاہر شامل ہیں جنہوں نے سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان کو اپنے اپنے اضلاع کی سیاسی صورتحال اورحالیہ عا م انتخابات کے حوالے سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ کرپشن کی سیاست دم توڑ رہی ہے اور ملک بھر کے عوام وزیر اعظم عمران خان اور اُن کی قیادت پر بھرپور اعتماد رکھتے ہیں ،انہوں نے پنجاب میں ممکنہ نئے بلدیاتی نظام کے حوالے سے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا ، یہ امر قابل ذکر ہے کہ مختلف اضلاع کے بلدیاتی چیئرمینوں کا گزشتہ2ماہ سے سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان سے رابطہ تھا اور باہم گفت و شنید کے بعد ان 13اضلاع کے چیئرمینوں نے حتمی طور پر تحریک انصاف میں شمولیت کا فیصلہ کیا ہے ۔
اس اہم ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے سینئر و وزیر بلدیات پنجاب عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ بلدیاتی نظام کو موثر بنانا عمران خان کا دیرینہ خواب ہے اور انشاء اللہ پنجاب کے شہروں اور دیہاتوں میں ایسا نظام وضع کریں گے جس سے بلدیاتی نمائندوں کو مالیاتی اور انتظامی اختیارات مل سکیں بالخصوص صوبے کے80فیصد دیہی علاقے میں زیادہ سے زیادہ ترقیاتی کام مقامی طور پر ہی مکمل ہو سکیں ،انہوں نے تحریک انصاف میں شمولیت پر13اضلاع کے چیئرمینوں کا خیر مقدم کیا اور انہیں اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا،عبدالعلیم خان نے کہا کہ پنجاب میں مسائل کا انبار لگا ہوا ہے جسے حل کرنے کیلئے عوامی نمائندوں کا تعاون درکار ہو گا اور اس ضمن میں ان بلدیاتی چیئرمینوں کی شمولیت اہم پیش رفت ثابت ہوگی۔
بعد ازاں ان تمام چیئرمینوں نے سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان کے ہمراہ لاہور ایئرپورٹ کے وی آئی پی لاؤنج میں وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کی اور تحریک انصاف میں با ضابطہ شمولیت کا اعلان کیا،وزیر اعظم عمران خان نے ہر بلدیاتی چیئرمین کو پارٹی پرچم پہنایا اور اُن کی پی ٹی آئی میں شمولیت کو سراہتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ اس سے پنجاب بھر میں پارٹی اور بلدیاتی اداروں کی ساکھ مزید مضبوط ہو گی ۔












تبصرے