ملک تیزی سے ترقی و خوشحالی کی طرف گامزن، بڑی کامیابیاں حاصل ہو رہی ہیں:عبدالعلیم خان


ملک تیزی سے ترقی و خوشحالی کی طرف گامزن، بڑی کامیابیاں حاصل ہو رہی ہیں:عبدالعلیم خان

عمران خان کا ویژن مستحکم پالیسیوں کے ذریعے پاکستان کو بہتر سے بہتر مقام دلانا ہے

تعمیراتی شعبے میں نمایاں پیش رفت،40منسلک صنعتوں کو فروغ حاصل ہو رہا ہے:سینئر وزیر

  سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ پاکستان تیزی سے ترقی و خوشحالی کی را ہ پر گامزن ہے، سٹاک مارکیٹ میں نمایاں بہتری اور ٹیکس وصولی کے ہدف میں بڑی کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں جس کے ملک کے ہر شعبے پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔
سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے یہاں جمعۃ المبارک کے روز خصوصی گفتگو میں کہا کہ وزیر اعظم عمران خان ملکی تعمیر و ترقی کے لئے سنجیدہ کاوشیں کر رہے ہیں اور بالخصوص کورونا کے بحران کے باوجو دانہوں نے وطن عزیز کو مشکل صورتحال سے نکالا ہے۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ نئے مالی سال کا پہلا مہینہ نمایاں بہتری کا واضح عندیہ دے رہا ہے اور صرف جولائی میں 57اب روپے کی ٹیکس کولیکشن بہترین کارکردگی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کنسٹرکشن سیکٹر میں بھی نمایاں پیش رفت سامنے آ رہی ہے اور تعمیراتی شعبے سے منسلک 40صنعتوں کو فروغ حاصل ہو رہا ہے جس سے معیشت کا پہیہ تیزی سے چلے گا،لوگوں کو روزگار کے مواقع حاصل ہوں گے اور ملکی صورتحال کو استحکام حاصل ہوگا۔ سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ عمران خان کا اصل ویژن پاکستان کو بہتر سے بہتر مقام دلانا ہے جس کے لئے تمام شعبوں میں دیرپا اور مستحکم پالیسیوں کا نفاذ عمل میں لایا جا رہا ہے۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ مشکلات کے باوجود سامنے آنے والے مثبت پہلوؤں کو اجاگر کرنا ہوگا،عوام پر امید ہیں اُن کی موجودہ حکومت سے وابستہ توقعات انشاء اللہ ضرورپوری ہوں گی،ملک اپنے پاؤں پر کھڑا ہوگا جس کے لئے وزیر اعظم عمران خان اور اُن کی ٹیم ٹھوس اقدامات کر رہی ہے۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ انشاء اللہ آنے والے 3برس ملک کو واضح ترقی اور بہتری کی طرف لے کر جائیں گے اور اپنے انتخابی وعدے پورے کرتے ہوئے موجودہ حکومت عوام کی امنگوں پر پورا اترے گی۔




تبصرے