وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں دن بدن کامیابیوں میں اضافہ ہو رہا ہے:عبدالعلیم خان
وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں دن بدن کامیابیوں میں اضافہ ہو رہا ہے:عبدالعلیم خان
دور اندیشانہ پالیسیوں نے ملک کو بحرانوں سے نکالا،آئندہ 3برسوں میں تیزی سے آگے بڑھیں گے
اپوزیشن جماعتوں نے جمہور ی کردار ادا نہیں کیا، تمام تر توجہ حکومت کو ناکام بنانے پر ہے:گفتگو
سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں ملکی سطح پر دن بدن کامیابیوں میں اضافہ ہو رہا ہے اور موجودہ حکومت ملک کو صحیح معنوں میں مستحکم کرنے جا رہی ہے جس سے73سال کے زیر التوا مسائل حل ہوں گے اور ہر شہری کو اُس کے بنیادی حقوق ملیں گے۔
سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے لاہور میں پارٹی کارکنوں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم کے ویژن سے ہر شعبے میں موثر پالیسیوں پر عملدرآمد تیز ہو رہا ہے،انشاء اللہ آئندہ3برسوں میں تیزی کے ساتھ آگے بڑھیں گے اور ملک میں دیرپا خوشحالی آئے گی۔عبدالعلیم خان نے مزید کہا کہ عمران خان کی دور اندیشانہ پالیسیوں نے ملک کو بحرانوں سے نکالاہے،کورونا کے لئے پاکستان کی مثبت پالیسیوں کا عالمی سطح پر اعتراف کیا گیا ہے اور ملک درست سمت میں گامزن ہے۔انہوں نے کہا کہ لوگوں کے مسائل حل ہو رہے ہیں اور کم ترقی یافتہ علاقوں کے لئے ترجیحی بنیادوں پر پالیسیاں تشکیل دی گئی ہیں۔ سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ بد قسمتی سے اپوزیشن جماعتوں نے جمہوری تقاضوں کے مطابق اپنا مثبت کردار ادا نہیں کیا اور حزب اختلاف کی تمام تر توجہ حکومت کو ناکام بنانے کی طرف ہے جس کے پیچھے اُن کے اپنے عزائم کارفرما ہیں۔سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ عمران خان ایسے کسی دباؤ میں نہیں آئیں گے، احتساب جاری رہے گا اور وزیر اعظم ملک کو صاف اور شفاف نظام دے کر رہیں گے۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پی ٹی آئی کی حکومت عوام سے کیے ہوئے تمام وعدے پورے کرے گی اور عمران خان اور اُن کی ٹیم کے خلاف سازشیں کرنے والے ناکام ہوں گے۔
تبصرے
ایک تبصرہ شائع کریں