عمران خان کی قیادت میں پاکستان نے کئی ایک چیلنجز کا کامیابی سے سامنا کیا:عبدالعلیم خان
عمران خان کی قیادت میں پاکستان نے کئی ایک چیلنجز کا کامیابی سے سامنا کیا:عبدالعلیم خان
دور رس نتائج کی حامل پالیسیاں متعارف ہوئیں،حکومت منشور پر تیزی سے عملدرآمد کر رہی ہے
منفی پراپیگنڈے سے کوئی فرق نہیں پڑے گا، مدت پوری کریں گے:سینئر وزیر پنجاب کی گفتگو
سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان نے درپیش مختلف چیلنجز کا بھرپور کامیابی سے سامنا کیا ہے اور ملک کو بحرانوں سے نکالنے کے ساتھ ساتھ ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کی کوشش کی ہے جس کے لئے مختلف شعبوں میں مضبوط بنیادیں فراہم کر دی گئی ہیں۔سینئر وزیر نے پارٹی کارکنوں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ معاشی اعشاریے ملکی استحکام اور ترقی کی واضح نشاندہی کر رہے ہیں، برآمدات میں اضافہ اور درآمدات میں کمی خوش آئند امر ہے جبکہ صنعتی شعبے کی ترقی سے روزگار کے مواقع بھی بڑھ رہے ہیں۔عبدالعلیم خان نے کہاکہ وزیر اعظم عمران خان ملک کو ٹھوس بنیادوں پر ترقی دلانا چاہتے ہیں جس کے لئے دور رس نتائج کی حامل ٹھوس پالیسیاں متعارف کرائی گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت تمام تر مشکلات کے باوجود اپنے منشور پر تیزی سے عملدرآمد کر رہی ہے اور سابقہ حکمرانوں کی کوتاہ اندیشیوں کا ازالہ کیا جا رہا ہے۔سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ منفی پراپیگنڈے سے کوئی فرق نہیں پڑے گا،موجودہ حکومت وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں اپنی مدت پوری کرے گی۔
سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے پارٹی کارکنوں سے کہا کہ وہ عوامی سطح پر اپنے رابطوں کو تیز کریں اور لوگوں کی مشکلات کو حل کرنے کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت لوگوں کے مقامی مسائل حل کرنے کیلئے تمام وسائل برؤئے کار لا رہی ہے اور انشاء اللہ آنے والے 3برسوں میں ترقیاتی کام تیزی سے مکمل ہوں گے۔اس موقع پر پارٹی کارکنوں نے این اے129اورپی پی158کے مختلف علاقوں میں ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل پر سینئر وزیر عبدالعلیم خان کا شکریہ ادا کیا اور بعض مسائل کی بھی نشاندہی کی۔
تبصرے
ایک تبصرہ شائع کریں