سروسز ہسپتال میں فاؤنڈیشن کی زیر سرپرستی ڈائلسز کا نیا سیٹ اپ تکمیل کے مراحل میں داخل
سروسز ہسپتال میں فاؤنڈیشن کی زیر سرپرستی ڈائلسز کا نیا سیٹ اپ تکمیل کے مراحل میں داخل
جرمنی سے 36جدید مشینیں پہنچ گئیں، 3فلور ز کی تزئین و آرائش،سینئر وزیر کا ہسپتال کا دورہ
نئے بلاک کی تکمیل پر مشینوں میں اضافہ کریں گے، عبدالعلیم خان کا تعمیراتی کام کا معائنہ و گفتگو
سروسز ہسپتال کے نیفرالوجی ڈیپارٹمنٹ میں ڈائلسز کے مریضوں کے لئے 3فلورز پر مشتمل نئے سیٹ اپ کی تزئین و آرائش تکمیل کے مراحل میں داخل ہو گئی ہے جہاں عبدالعلیم خان فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام گردے کی بیماریوں میں مبتلا مریضوں کے علاج معالجے کے لئے جدید سہولتوں سے مزئین وارڈز تیار کی جا رہی ہیں جس کے لئے جرمنی سے ڈائلسز کی 36جدید مشینیں لاہور پہنچ گئیں ہیں جنہیں جلد نصب کر دیا جائے گا جبکہ ڈائلسز بلاک میں تعمیراتی کام تیزی سے جاری ہے۔ سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے اس فلاحی منصوبے کا جائزہ لینے کے لئے گزشتہ روز سروسز ہسپتال کا دورہ کیا اور جاری منصوبے پر کام کا معائنہ کرتے ہوئے اسے جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی تاکہ ضرورت مند مریضوں کو فوری طور پر ڈائلسز کی سہولت میسر ہو سکے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ ڈائلسز کی 36مشینوں کی تنصیب اور اس نئے بلاک کی تکمیل کے بعد فاؤنڈیشن مریضوں کی ضرورت کے مطابق اس سہولت میں اضافہ کرے گی۔انہوں نے کہا کہ ڈائلسز کے مریضوں کے لیے تمام تر طبی خدمات مفت فراہم کی جائیں گی اور اُن کی ہر طرح کی ضرورت کا خیال رکھا جائے گا۔سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے بتایا کہ فاؤنڈیشن کی طرف سے ڈائلسز کے مریضوں کے لئے جدید سہولتوں سے مزئین بیڈز بھی لگائے جا رہے ہیں تاکہ انہیں اس پیچیدہ عمل سے منسلک ضروری سہولتیں بھی وہیں مہیا ہو سکیں۔ انہوں نے بتایا کہ عبدالعلیم خان فاؤنڈیشن صحت،تعلیم اور مختلف شعبوں میں فلاحی خدمات سر انجام دے رہی ہے جبکہ زلزلے اور سیلاب جیسی قدرتی آفات میں بھی یہ فاؤنڈیشن لوگوں کی بھرپور مدد کرتی ہے اور یہ فاؤنڈیشن کسی اور ادارے یا شخص سے عطیات وصول نہیں کرتی۔سینئر وزیر عبدالعلیم خان کو اس موقع پر سروسز ہسپتال انتظامیہ کی طرف سے ضروری امور پر بریفنگ دی گئی اور اُن کی طرف سے کروڑوں روپے کے اس فلاحی منصوبے کو سراہا گیا جس سے سینکڑوں مریضوں کو ڈائلسز جیسی اہم طبی مدد حاصل ہو گی۔
تبصرے
ایک تبصرہ شائع کریں