25جولائی کو ہر ڈبے سے شریفوں کیلئے شرمندگی اور خفت کا پیغام نکلے گا:عبدالعلیم خان


پاکستان تحریک انصاف 
پریس ریلیز 


25جولائی کو ہر ڈبے سے شریفوں کیلئے شرمندگی اور خفت کا پیغام نکلے گا:عبدالعلیم خان

عبدالعلیم خان کی پی ٹی آئی کے قومی و صوبائی اسمبلی کے امیدواروں میں ٹکٹوں کی تقسیم 
این اے129اور پی پی158میں عبدالعلیم خان کے انتخابی جلسے ، ڈور ٹو ڈور انتخابی مہم جاری
لاہور۔28جون :۔( )پاکستان تحریک انصاف کے این اے129سے امیدوار قومی اسمبلی عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ 25جولائی کو ہر ڈبے سے شریفوں کیلئے شرمندگی اور خفت کا پیغام نکلے گا جو ان کا منہ چڑاتا ہوا اس حقیقت کی یاد دلائے گا کہ انہوں نے کرپشن اور لوٹ مار کے علاوہ اپنے ہی انتخابی منشور میں سے کسی ایک وعدے کو بھی پورا نہیں کیا ، عبدالعلیم خان نے اپنے حلقہ ہائے انتخاب کے مختلف علاقوں میں کارنر میٹنگز سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نواز لیگ کا وفاق کے بعد پنجاب میں بھی کوئی مستقبل نہیں رہا ،کے پی کے کی طرح پی ٹی آئی سارے صوبوں اور مرکز میں حکومت بنائے گی اور عوام سے کیے گئے ایک ایک وعدے کو پورا کریں گے ،انہوں نے کہا کہ نواز لیگ عام انتخابات سے پہلے ہی حواس باختہ ہو چکی ہے ،حلقوں کی تبدیلی یو ٹرن نہیں تو اور کیا ہے؟انہوں نے کہا کہ آنے والے دنوں میں مزید بدحواسیاں دیکھنے کو ملیں گی اور سرکس کے شیر اپنے ہی رنگ ماسٹر کو چاروں شانے چت کردیں گے ،عبدالعلیم خان نے پی ٹی آئی چیئرمین سیکرٹریٹ میں لاہور و دیگر اضلاع کے پی ٹی آئی کے قومی و صوبائی اسمبلی کے امیدواروں میں پارٹی ٹکٹ تقسیم کیے اور انہیں مبارکباد دیتے ہوئے یقین ظاہر کیا کہ وہ تحریک انصاف کی کامیابی کیلئے کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کرینگے اور انشاء اللہ کامیابی ان کا مقدر بنے گی۔
عبدالعلیم خان نے صوبائی حلقے پی پی158میں بھی انتخابی سرگرمیاں اور ڈورٹو ڈور کنویسنگ مہم میں حصہ لیا اور مختلف دیگر جماعتوں سے پی ٹی آئی میں شامل ہونے والے مقامی رہنماؤں و کارکنوں کو خوش آمدید کہا ،عبدالعلیم خان نے کہا کہ نواز لیگ نا اہلوں ،مفروروں اور مجرموں کی پارٹی بن گئی ہے جن میں دانیا ل چوہدری کی شکل میں ایک اور اضافہ ہو گیا ہے ،انہوں نے کہا کہ آخری دن تک امیدوار وں کا تعین ہی نہ کر پانے والے پی ٹی آئی کا کیا مقابلہ کریں گے ؟کرپشن کے اندھوں کو کچھ سجھائی نہیں دے رہا ،انہیں چاہیے کہ کسی طوطے سے فال نکلوا کر فیصلہ کر لیں ،عبدالعلیم خان نے نوجوانوں اور خواتین کے جوش و جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کا اصل اثاثہ ہمارے کارکن ہیں اور لانگ مارچ اور دھرنوں کی طرح انتخابی مہم کی کامیابی کا سہرا بھی انہی کے سر ہوگا ،عبدالعلیم خان نے مختلف علاقوں میں انتخابی دفاتر کا افتتاح بھی کیا۔ ***


تبصرے