شو باز کی پریس کانفرنس لیگیوں کی ناکامی ، مایوسی اور شکست کا اعتراف ہے:عبدالعلیم خان

پاکستان تحریک انصاف 
پریس ریلیز

شو باز کی پریس کانفرنس لیگیوں کی ناکامی ، مایوسی اور شکست کا اعتراف ہے:عبدالعلیم خان

مستقبل پی ٹی آئی کا ہے ، چوروں اور لٹیروں کا آخری دم تک پیچھا جاری رکھیں گے :خطاب
عبدالعلیم خان کی این اے129،131اور پی پی158 ،162میں درجنوں انتخابی سرگرمیاں
لاہور۔14جولائی:۔( ) تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اور لاہور سے قومی و صوبائی اسمبلی کے امیدوار عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ شو باز شریف کی پریس کانفرنس لیگیوں کی اجتماعی ناکامی ، مایوسی اورقبل از وقت شکست کا کھلا اعتراف ہے گدھے پر گرنے اور کمہار پر غصہ ہونے کے مترادف شہباز شریف نے اپنی مایوس کن حاضری کے باعث ائیر پورٹ نہ پہنچ پانے کا قصور وار بھی عمران خان اور پی ٹی آئی قرار دے دیا،درحقیقت لیگی قیادت نے اپنی شکست کا نوشتہ دیوار پڑھ لیا ہے اوراقتدار سے نکلنے کے بعد شریف برادرز اور ان کے حواریوں کے اوسان خطا ہو چکے ہیں اور اب 25جولائی کو فائنل میچ ہونے جا رہا ہے جس میں بلا چوکے چھکے لگائے گا جبکہ سیاسی مخالفین کے چھکے چھوٹ جائیں گے ،عبدالعلیم خان نے این اے129اور پی پی158میں مختلف انتخابی جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انشاء اللہ مستقبل پی ٹی آئی کا ہے ، عمران خان کا ہر سپاہی تازہ دم اور نئے عزم کے ساتھ انتخابی میدان میں کھڑا ہے ،چوروں اور لٹیروں کا آخری دم تک پیچھا جاری رکھیں گے اور کسی کو قومی خزانے سے وہ کھلواڑ نہیں کرنے دیں گے جو پنجاب میں52کمپنیوں کے نام پر نام نہاد خادم اعلیٰ نے کیا اور اربوں روپے اُن فیزبیلٹی رپورٹوں پر اڑا دیے جن منصوبوں کا ایک دن بھی آغاز نہیں ہو سکا ، عبدالعلیم خان نے کہا کہ پاکستانی عوام اب با شعور ہو چکے ہیں اور وہ ان سیاسی ٹھگوں کو دوبارہ کسی قیمت پر اقتدار میں نہیں آنے دیں گے ،انہوں نے کہا کہ 25جولائی ملک گیر تبدیلی اور عمران خان کے ویژن کے مطابق ملک کو کرپشن سے نجات دلانے کا دن ہوگا جس روز ہر شہری اپنے ووٹ کے ذریعے ثابت کرے گاکہ ہمیں کرپشن فری وہ پاکستان چاہیے جس کیلئے ہمارے آباؤ اجداد نے جانوں کی قربانیاں دی تھیں ۔
عبدالعلیم خان نے این اے131اور پی پی162میں بھی انتخابی سرگرمیاں جاری رکھیں ، درجنوں مقامات پر کارنر میٹنگز سے خطاب کیا اور کئی ایک انتخابی دفاتر کا افتتاح بھی کیا ،انہوں نے ڈور ٹو ڈور انتخابی مہم میں لوگوں سے25جولائی کو عمران خان کے حق میں ووٹ دینے اور ہر ووٹر کو گھر سے نکالنے کی اپیل کی ،اس موقع پر جگہ جگہ عبدالعلیم خان کا شاندار استقبال کیا گیا ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں اور لوگوں نے زبردست نعرے بازی بھی کی۔ ***



تبصرے