مرکز اور صوبوں میں پی ٹی آئی کی حکومتیں عوامی خدمت کے نئے ریکارڈ قائم کرینگی:عبدالعلیم خان

پاکستان تحریک انصاف 
پریس ریلیز

مرکز اور صوبوں میں پی ٹی آئی کی حکومتیں عوامی خدمت کے نئے ریکارڈ قائم کرینگی:عبدالعلیم خان

کپتان کی قیادت میں معاشی انقلاب لانے کیلئے ہر ممکن قدم اٹھائیں گے ،دن رات ایک کرینگے
عبدالعلیم خان سے نو منتخب اراکین قومی اسمبلی شوکت علی بھٹی و ملک کرامت کھوکھر کی ملاقات
لاہور۔یکم اگست:۔( )تحریک انصاف سینٹرل پنجاب کے صدر اور نو منتخب رکن اسمبلی عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ روائتی سیاسی نظام کو ختم کرنے کا وقت آ گیا ہے انشاء اللہ مرکز اور صوبوں میں پی ٹی آئی کی حکومتیں عوامی خدمت کے نئے ریکارڈ قائم کریں گی اور لوگوں کی توقعات سے بڑھ کر کام کیا جائے گا ، انہوں نے کہا کہ کپتان کی قیادت میں ملک میں معاشی انقلاب لانے کیلئے ہر ممکن قدم اٹھائیں گے اور عوام کو مہنگائی ،بے روزگاری اور بد امنی کے مسائل سے چھٹکارا دلانے کیلئے دن رات ایک کریں گے ،عبدالعلیم خان نے کہا کہ پی ٹی آئی کی ٹیم پوری طرح تیار ہے اور ایک عرصہ سے مسائل کے انبار تلے دبے عوام کی زندگیوں میں خوشحالی لانے کیلئے ٹھوس بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں گے اور ایسی دیرپا پالیسیاں تشکیل دیں گے جن پر عمل کر کے ہر شہری کو اُس کا حق مل سکے گا ، عبدالعلیم خان نے کہا کہ عمران خان کے قوم سے پہلے خطاب میں ہر پاکستانی کو امید کی وہ کرن دکھائی دی ہے جس کیلئے علیحدہ ریاست کا قیام عمل میں لایا گیا تھا ،انہوں نے کہا کہ بعض عناصر تحریک انصاف کی حکومت کے بارے میں بے بنیاد خدشات کا اظہار کر کے خود کو تسلی دینا چاہتے ہیں لیکن وقت ثابت کرے گا کہ پاکستان کے با شعور ووٹرز کا انتخاب سو فیصد درست تھا،عبدالعلیم خان نے کہا کہ پی ٹی آئی نے بہتری حکمت عملی کے ساتھ نمبرز گیم مکمل کر لی ہے اور انشاء اللہ بہترین قیادت سامنے آئے گی۔
دریں اثناء عبدالعلیم خان سے حافظ آباد سے نو منتخب ممبر قومی اسمبلی شوکت علی بھٹی ، لاہور سے نو منتخب ممبر قومی اسمبلی ملک کرامت کھوکھر اور مقامی رہنماؤں نے ملاقاتیں کیں اور اُن سے موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ،انہوں نے انتخابات میں وفاق اور پنجاب میں کامیاب پر عبدالعلیم خان کو مبارکباد دی اور اُن کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور اپنے بھرپور تعاون کایقین دلایا۔
***

تبصرے