عمران خان وعدے پورے کرینگے ، عوام کے اعتماد کو ٹھیس نہیں پہنچائیں گے :عبدالعلیم خان
پاکستان تحریک انصاف
پریس ریلیز
عمران خان وعدے پورے کرینگے ، عوام کے اعتماد کو ٹھیس نہیں پہنچائیں گے :عبدالعلیم خان
سب سے بڑا صوبہ پنجاب ایک عرصے بعد جاتی امراء کے تسلط سے آزاد ہونے جا رہا ہے
اپوزیشن ذمہ داری کا مظاہرہ کرے گی تو پی ٹی آئی کی طرف سے بھی مکمل تعاون کیا جائیگا
لاہور12اگست:۔( ) پاکستان تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے صدر اور نومنتخب رکن اسمبلی عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ ساری قوم کے ہیرو عمران خان انشاء اللہ اپنے کیے ہوئے سارے وعدے پورے کریں گے اور کسی قیمت پر عوام کے اعتماد کو ٹھیس نہیں پہنچائیں گے ، انہوں نے کہا کہ 22برسوں کی سیاسی جدوجہد کے بعد پی ٹی آئی کو اللہ تعالیٰ نے عوامی خدمت کا جو موقع فراہم کیا ہے اس سے بھرپور استفادہ کیا جائے گا اور ملکی سرمائے اور ٹیکسوں سے حاصل ہونے والی رقوم کو عوام کی امانت سمجھ کر ایک ایک پائی کو اُن کی فلاح و بہبود پر خرچ کیا جائے گا تاکہ انہیں زندگی کی بنیادی سہولتیں فراہم کی جا سکیں ، عبدالعلیم خان نے کہا کہ ملک کا سب سے بڑا صوبہ پنجاب ایک عرصے کے بعد جاتی امراء کے تسلط سے آزاد ہونے جا رہا ہے اور عوام کو وہ دور دیکھنے کو ملے گا جس میں سرکاری افسروں سے ذاتی ملازموں کی طرح کا رویہ اختیار نہیں کیا جائے گا اور قوانین و ضوابط کے مطابق حکومتی معاملات چلائے جائیں گے ،عبدالعلیم خان نے کہا کہ حکومت سازی کے بعد ایسا نظام بنائیں گے کہ ادارے کسی ایک خاندان کے اشاروں پر کٹھ پتلیا ں نہ بنیں بلکہ عوامی خدمت کے مراکز کے طور پر دن رات کام کریں ۔
عبدالعلیم خان نے مزید کہا کہ تحریک انصاف جمہوری روایات کے مطابق دیگر سیاسی جماعتوں سے معاملات کیلئے تیار ہے اگر اپوزیشن ذمہ داری کا مظاہرہ کرے گی تو پی ٹی آئی کی طرف سے بھی مکمل تعاون کیا جائے گا ،انہوں نے کہا کہ ماضی کی بجائے ہمیں مستقبل کی طرف دیکھنا ہے اور پاکستان کے عوام ہر قیمت پر ملکی مسائل کا حل چاہتے ہیں جس کیلئے اب ہم مزید تاخیر کے متحمل نہیں ہو سکتے ، عبدالعلیم خان نے کہا کہ پی ٹی آئی اقتدار کی حوس نہیں بلکہ قومی خدمت کے جنون کے تحت میدان میں اتری ہے اور انشاء اللہ آئندہ 5برسوں میں زیادہ سے زیادہ مسائل کا عملی حل تلاش کیا جائے گا ۔
***
تبصرے
ایک تبصرہ شائع کریں