عمران خان اقتدار نہیں ہر شہری کو انصاف کی فراہمی کے مشن کی تکمیل چاہتے ہیں :عبدالعلیم خان
پاکستان تحریک انصاف
پریس ریلیز
عمران خان اقتدار نہیں ہر شہری کو انصاف کی فراہمی کے مشن کی تکمیل چاہتے ہیں :عبدالعلیم خان
کپتان کی قیادت میں کامیابیوں کا نیا سفر شروع ہونے والا ہے ،آہنی عزم کے ساتھ آگے بڑھیں گے
اپوزیشن کا قافلہ سفر کے آغاز سے پہلے ہی "لٹ "گیا ،مولانا فضل الرحمان کے بیان کی مذمت
لاہور۔9اگست:۔( ) پاکستان تحریک انصاف سنٹرل پنجاب ے صدر اور رکن صوبائی اسمبلی عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ عمران خان اقتدار نہیں ہر شہری کو انصاف کی فراہمی کے مشن کی تکمیل چاہتے ہیں اور انشاء اللہ آئندہ5برسوں کے بعد کا پاکستان اسی تبدیلی سے مزئین ہوگا جس میں شہریوں کو بلا تفریق اُن کے حقوق دیے جائیں گے اور کوئی کسی کا حق نہیں مار سکے گا ،عبدالعلیم خان نے کہا کہ یوم آزادی کے دن سے کپتان کی قیادت میں کامیابیوں کا نیا سفر شروع ہونے والا ہے اور گزشتہ70برسوں کی ناکامیوں سے سبق حاصل کرتے ہوئے روائتی نظام میں تبدیلی لائیں گے اور آہنی عزم کے ساتھ آگے بڑھیں گے ، انہوں نے کہا کہ خود کچھ نہ کر پانے والے تحریک انصاف کے بارے میں بھی بد گمانیوں کا اظہار کر رہے ہیں اور 25جولائی کو عوامی اعتماد سے محروم ہونے والے اب ملک میں انتشار پھیلانے کی ناکام کوششوں میں مصروف ہیں ،عبدالعلیم خان نے کہا کہ تحریک انصاف چاروں صوبوں سے بھرپور مینڈیٹ لے کر ایوانوں میں آئی ہے اور اپنے منشور پر عمل کرتے ہوئے ایسے انقلابی فیصلے کریں گے جس کا ساری قوم کو شدت سے انتظار ہے ،انہوں نے کہا کہ عمران خان جیسے عزم کے پکے ، سچے اور کھرے قائد کو وزارت عظمیٰ کا منصب ملنا پاکستان اور عوام کی خوش قسمتی ہے ،کپتان نے جو کچھ کہا ہے وہ سب کر کے دکھائیں گے اور اس قومی مشن میں پی ٹی آئی کا ہر کارکن ہر قربانی دینے کو تیار ہے ۔
عبدالعلیم خان نے مزید کہا کہ انتخابی نتائج کے خلاف خود ساختہ متحدہ اپوزیشن کا قافلہ سفر کے آغاز سے پہلے ہی"لٹ"گیا اور ایک دوسرے پر ذمہ داری عائد کرنے والوں کا مزید انتشار سامنے آئے گا ،انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور نواز لیگ اپنے ہی بنائے ہوئے الیکشن کمیشن پر عدم اعتماد کا اظہار کر کے کونسا معرکہ مار رہے ہیں اور اس کی ذمہ داری تحریک انصاف پر کیسے ڈالی جا سکتی ہے،عبدالعلیم خان نے کہا کہ اگر الیکشن کمیشن نے کسی غفلت کا مظاہرہ کیا ہے تو اُس پر غیر جانبدارانہ تحقیقات ہونی چاہئیں لیکن ان کو جواز بنا کر ملک میں بد امنی پھیلانا اور غیر یقینی صورتحال پیدا کرنے کی کوشش کرنا کسی طور بھی قومی خدمت نہیں ،عبدالعلیم خان نے مولانا فضل الرحمان کے بیان کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اقتدار چھن جانے کے غم میں کسی بھی لیڈر کااس قدر بوکھلاجانا سمجھ سے بالاتر ہے ،مولانا کو اپنے قد کاٹھ کا خیال کرنا چاہیے اور قومی اداروں کے بارے میں اس طرح کی غیر ذمہ دارانہ گفتگو سے پرہیز کرنا چاہیے۔
***
تبصرے
ایک تبصرہ شائع کریں