نام نہاد اپوزیشن کے اتحاد کی ہنڈیا بیچ چوراہے پھوٹ گئی ، مستقبل تبدیلی کا ہے:عبدالعلیم خان

پاکستان تحریک انصاف 
پریس ریلیز

نام نہاد اپوزیشن کے اتحاد کی ہنڈیا بیچ چوراہے پھوٹ گئی ، مستقبل تبدیلی کا ہے:عبدالعلیم خان

خاندانی اقتدار کادور ختم ہو گیا ،وفاق اورصوبوں میں پی ٹی آئی کی مضبوط حکومتیں ہوں گی 
"ابھی تو پارٹی شروع ہوئی ہے "، چوہدری پرویز الہی کو سپیکر منتخب ہونے پر مبارکباد 
لاہور۔16اگست:۔( ) پاکستان تحریک انصاف سینٹرل پنجاب کے صدر اور رکن صوبائی اسمبلی عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ نام نہاد اپوزیشن کے اتحاد کی ہنڈیا بیچ چوراہے میں پھوٹ گئی اور عمران خان کا راستہ روکنے کیلئے کھڑی کی جانے والی ریت کی دیواریں اپنے ہی بوجھ سے گرنے لگی ہیں ، انہوں نے کہا کہ اب کسی کو اس بات میں شبہ نہیں ہونا چاہیے کہ مستقبل تحریک انصاف کی تبدیلی کے منشور کو عملی جامہ پہنانے کا ہے جس کے راستے میں آنے والی ہر رکاوٹ ختم ہو جائے گی ، عبدالعلیم خان نے کہا کہ ایک عرصے کے بعد تخت لاہور پر خاندانی اقتدار کادور ختم ہو گیا اب وفاق اور صوبوں میں پی ٹی آئی کی مضبوط حکومتیں قائم ہوں گی جو عوامی مسائل کے حل کیلئے کپتان عمران خان کی قیادت میں دن رات ایک کرتے ہوئے آگے بڑھے گی ، انہوں نے کہا کہ اپنی شکست یقینی دیکھ کر نواز لیگ بوکھلاہٹ کا شکار دکھائی دیتی ہے اسی لیے ایوانوں کے اندرا ور باہر شور شرابے اور ہنگاموں کی پالیسی اختیار کی جا رہی ہے ، عبدالعلیم خان نے کہا کہ طوفان بد تمیزی برپا کرنے والی قیادت نواز شریف کی ڈوبتی ہوئی سیاسی کشتی کو سہارا نہیں دے سکتی بلکہ اب نواز لیگ کے اپنے ساتھی اُن کو چھوڑنے جا رہے ہیں ،عبدالعلیم خان نے کہا کہ پاکستان کے عوام کی تقدیر کا فیصلہ اب عمران خان کے ہاتھوں ہونا ہے اور وہ اپنی 22سالہ سیاسی جدوجہد کی روشنی میں وہ تمام وعدے پورے کریں گے جن کی پاکستان کی عوام امید لگائے بیٹھے ہیں ، انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ پی ٹی آئی آئندہ انتخابات سے قبل ملک کی تقدیر سنوارنے کیلئے اتنا کچھ کر جائے گی کہ کسی اور سیاسی جماعت کو مقابلہ کرنے کی جرات بھی نہیں ہو گی ۔
عبدالعلیم خان نے پنجاب اسمبلی میں چوہدری پرویز الہی کو بھاری اکثریت سے سپیکر منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے اپنے تبصرے میں کہا کہ "ابھی تو پارٹی شروع ہوئی ہے" انہوں نے کہا کہ نواز لیگ کو اب پتہ چلے گا کہ اُن کا سیاسی میدان میں کس سے پالا پڑا ہے ،عبدالعلیم خان نے کہا کہ تحریک انصاف اور اُس کے اتحادی وفاق اور صوبوں میں اسی طرح بھاری اکثریت حاصل کرتے رہیں گے ۔
***

تبصرے