عام انتخابات کی طرح صدارتی الیکشن میں بھی کامیابی پی ٹی آئی کے قدم چومے گی :عبدالعلیم خان
پاکستان تحریک انصاف
پریس ریلیز
عام انتخابات کی طرح صدارتی الیکشن میں بھی کامیابی پی ٹی آئی کے قدم چومے گی :عبدالعلیم خان
نام نہاد متحدہ اپوزیشن کی جماعتیں خود ایک دوسرے پر اعتماد کرنے کو تیار دکھائی نہیں دیتیں :گفتگو
وزیر اعظم عمران خان سے عبدالعلیم خان کی اسلام آباد میں اہم امور پرباہمی مشاورت کیلئے ملاقات
لاہور۔25اگست:۔( ) پاکستان تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے صدر اور رکن صوبائی اسمبلی عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ عام انتخابات کی طرح صدارتی الیکشن میں بھی کامیابی پی ٹی آئی کے قدم چومے گی اور ڈاکٹر عارف علوی صدر مملکت منتخب ہوں گے ، انہوں نے کہا کہ نام نہاد متحدہ اپوزیشن کی سیاسی جماعتیں خود ایک دوسرے پر اعتماد کرنے کو تیار دکھائی نہیں دیتیں اور اُن میں سے ہر ایک سیاسی رہنما ایک دوسرے کو چکر دینے کی کوشش میں ہے ، عبدالعلیم خان نے کہا کہ صدارتی انتخابات کیلئے انہیں پارٹی چیئرمین عمران خان کی طرف سے جو بھی ذمہ داریاں سونپی جائیں گی انہیں بھرپور طریقے سے ادا کرنے کیلئے کوششیں کریں گے اور انشاء اللہ پنجاب سے پی ٹی آئی شاندار کامیابی حاصل کرے گی،انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے اپنے منشور پر عملدرآمد کا آغاز کر دیا ہے اور انشاء اللہ آئندہ ماہ سے ہماری پالیسیوں کا عملی نفاذ شروع ہو جائے گا ،انہوں نے کہا کہ گو کہ ورثے میں ملنے والے حالات انتہائی دگرگوں ہیں لیکن ہم ہمت نہیں ہاریں گے اور تمام تر نیک نیتی ، محنت اور لگن کے ساتھ آگے بڑھیں گے کیونکہ عمران خان کا ہر کھلاڑی اس میچ میں کامیابی اور فتح کیلئے بے تاب ہے ،عبدالعلیم خان نے کہا کہ ملک کو قرضوں کے بوجھ سے نجات دلانے اور اقوام عالم میں باوقار مقام تک پہنچانے تک ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے اور انشاء اللہ ان 5برسوں میں دن رات محنت کر کے اپنے وعدوں کو پورا کرتے ہوئے سرخرو ہوں گے اور مخالفین کے تمام خدشات کو بے بنیاد ثابت کریں گے ۔
دریں اثناء عبدالعلیم خان نے اسلام آباد میں وزیر اعظم عمران خان سے ون ٹو ون ملاقات کی جس میں باہمی مشاورت کے مختلف امور زیر غور آئے اور پنجاب کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ،ملاقات میں صدارتی انتخابات اور دیگر اہم قومی و سیاسی امور کے بارے میں حکمت عملی پر بھی غور کیا گیا ۔
***
تبصرے
ایک تبصرہ شائع کریں