تبدیلی کے سفر میں عمران خان کا ساتھی بننا ہر کھلاڑی کیلئے باعث افتخار ہے :عبدالعلیم خان

پاکستان تحریک انصاف 
پریس ریلیز

تبدیلی کے سفر میں عمران خان کا ساتھی بننا ہر کھلاڑی کیلئے باعث افتخار ہے :عبدالعلیم خان

ملک کو تاریکیوں میں دھکیلنے والے کرپٹ اور ظالمانہ نظام سے نجات حاصل کرکے رہیں گے
عوام کی مشکلا ت ختم ہونے کو ہیں ،ہر محکمے میں گڈ گورننس کو یقینی بنایا جائے گا :رہنماؤں سے گفتگو
لاہور۔26اگست:۔( ) پاکستان تحریک انصاف سینٹرل پنجاب کے صدر اور صوبائی اسمبلی کے رکن عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ تبدیلی کے سفر میں عمران خان کا ساتھی بننا ہر کھلاڑی کیلئے باعث افتخار ہے ،عہدوں کے لیے نہیں بلکہ ملک گیر تبدیلی کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کیلئے کپتان کا ساتھ دینے کا فیصلہ کیا تھا جس پر آنے والے دنوں میں عملی کام ہوتا دکھائی دے گا ، انہوں نے کہا کہ ملک کو تاریکیوں میں دھکیلنے والے کرپٹ اور ظالمانہ نظام سے نجات حاصل کر کے رہیں گے ،عبدالعلیم خان نے مختلف اضلاع کے پارٹی رہنماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملکی مسائل کے حل کیلئے دن رات محنت کرنا ہوگی اور عمران خان کے ویژن کے مطابق آگے بڑھنا ہوگا ،انہوں نے کہا کہ قوم نے پی ٹی آئی کو صرف مینڈیٹ ہی نہیں بہت بڑی ذمہ داری سونپی ہے جسے پورا کرنے کیلئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جائے گا ،عبدالعلیم خان نے کہا کہ عمران خان کی قیادت میں کفایت شعاری مہم کا آغاز ہو چکا ہے پروٹوکول اور غیر ضروری اخراجات کے خاتمے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں جن پر کسی تخصیص کے بغیر عملدرآمد شروع ہو گیا ہے ،انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ آنے والے 5برس پاکستان کی سیاسی تاریخ میں یادگار ہوں گے اور وطن عزیز کو اقوام عالم میں نمایاں مقام حاصل ہو جائے گا ۔
عبدالعلیم خان نے مزید کہا کہ عوام کی مشکلات ختم ہونے کو ہیں موجودہ حکومت ہر محکمے میں گڈ گورننس کو یقینی بنائے گی اور ہر شہری کو تعلیم ، صحت اور انصاف جیسی بنیادی سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا ،ا نہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے راستے میں رکاوٹیں ڈالنے کیلئے اپوزیشن کا چوں چوں کا مربہ ایک ہی نقطے پر توجہ مرکوز کیے کھڑا ہے کہ کیسے عمران خان کو ناکام بنایا جائے ، عبدالعلیم خان نے کہا کہ کل تک ایک دوسرے کے خلاف نعرے بازی کرنے والے آج صرف اور صرف کپتان کی مخالفت میں ایک ہی صوفے پر بیٹھے دکھائی دیتے ہیں لیکن عوام کھر ے اور کھوٹے کا فرق جان چکے ہیں اور وہ کبھی بھی آزمائے ہوئے چہروں پر اعتبار نہیں کرینگے ،عبدالعلیم خان نے کہا کہ شہباز شریف اپنے 10برسوں کی "کارکردگی"کا حساب دینے کی تیاری کریں ا ورعوام کو بتائیں کہ انہوں نے کیونکر قومی خزانے کو مال مفت سمجھ کر لٹایا ہے؟اور ہر شعبے میں اُن کی لوٹ سیل اور بد عنوانیوں کی داستانیں نظر آ رہی ہیں ۔
***

تبصرے