پنجاب میں نئے بلدیاتی نظام کیلئے تجاویز مرتب کی جائیں ،سینئر وزیر عبدالعلیم خان کی ہدایت
پنجاب میں نئے بلدیاتی نظام کیلئے تجاویز مرتب کی جائیں ،سینئر وزیر عبدالعلیم خان کی ہدایت
فرض شناس آفیسرز کا بھرپور ساتھ دینگے ،صفائی و تجاوزات کے خاتمے کی مہم شروع کریں
دو ماہ میں واضح بہتری نظر آئے گی ، معیار پر سمجھوتہ نہیں ہوگا :سینئر وزیر، سیکرٹری بلدیات کی بریفنگ
لاہور۔28اگست:۔۔( ) سینئر صوبائی وزیر عبدالعلیم خان نے ہدایت کی ہے کہ پنجاب میں نئے بلدیاتی نظام کیلئے ایسی ٹھوس اور مثبت تجاویز مرتب کی جائیں جن میں ماضی کے تجربات کو سامنے رکھتے ہوئے متوازن ،دیرپا اور قابل عمل بلدیاتی نظام وضع کیا جا سکے اور بلدیاتی نمائندوں کو با اختیار بنانے کے ساتھ ساتھ عوام کو ان سے زیادہ سے زیادہ فائدہ حاصل ہو سکے ،عبدالعلیم خان نے سول سیکرٹریٹ میں محکمہ بلدیات کے بریفنگ سیشن کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ 2001اور2013کے بلدیاتی ایکٹ کا جائزہ لے کر دو دنوں کے اندر نیا ڈرافٹ تشکیل دیا جائے، انہوں نے کہا کہ فرض شناس آفیسرز کا موجودہ حکومت بھرپور ساتھ دے گی لیکن نا اہل اور کرپٹ افسران کی سفارش نہیں کرینگے ،انہوں نے صوبے بھر میں صفائی اور تجاوزات کے خلاف مہم کے آغاز کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ بہت جلد وہ خود لاہور کے علاوہ دیگر شہروں کا بھی دورہ کریں گے اور موقع پر ایکشن لیا جائے گا ،عبدالعلیم خان نے کہا کہ عوام کی موجودہ حکومت سے بے انتہا توقعات وابستہ ہو چکی ہیں جنہیں پورا کرنے کیلئے دو ماہ میں واضح بہتری نظر آئے گی ،انہوں نے کہا کہ کام کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا اور پہلے سے موجود سسٹم کو اور بہتر بنانے اور اُس میں بنیادی تبدیلیاں لانے کیلئے کسی اقدام سے گریز نہیں کیا جائے گا ، عبدالعلیم خان نے صوبے بھر میں بالخصوص بڑے شہروں میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کا مسئلہ انتہائی حل طلب ہے جس کیلئے ٹھوس بنیادوں پر لائحہ عمل تشکیل دیا جائے تاکہ لوگوں کو صفائی ستھرائی کے بارے میں پائی جانے والی شکایات کا خاتمہ ہو سکے ، انہوں نے کہا کہ وہ ٹیم ورک پر یقین رکھتے ہیں اور باہمی مشاورت سے محکمے کے معاملات کو آگے چلائیں گے ،سینئر وزیر نے کہا کہ پنجاب کے بلدیاتی نظام کے بارے میں وزیر اعلیٰ پنجاب کے ہمراہ اُن کی وزیر اعظم عمران خان سے بھی ملاقات متوقع ہے جس کے مطابق آئندہ کی حکمت عملی طے کی جائے گی ،عبدالعلیم خان نے ہدایت کی کہ محکمہ بلدیات کے تمام شعبوں کے لئے قابل عمل میکنزم طے کیا جائے جس کی وہ خود نگرانی کریں گے اور متعلقہ افسران انہیں روزانہ کی بنیاد پر وٹس ایپ گروپ کے ذریعے با خبر رکھیں گے۔
صوبائی سیکرٹری بلدیات عارف انور بلوچ نے سینئر وزیر عبدالعلیم خان کو محکمانہ بریفنگ دیتے ہوئے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ ،اربن امپروومنٹ ،کیٹل مارکیٹ اور دیگر شعبوں میں بنائی گئی کمپنیوں کے بارے میں آگاہ کیا ،انہوں نے بتایا کہ صوبے میں182 میونسپل کارپوریشنوں ، 10میٹرو پولیٹن اور 35ضلع کونسلوں کے علاوہ شہری و دیہی ترقی کے مختلف ادارے کام کر رہے ہیں ،انہوں نے عید کے موقع پر اکھٹی کی جانے والی الائشوں اور صفائی مہم کے انتظامات پر بھی بریفنگ دی ،سپیشل سیکرٹری لوکل گورنمنٹ اور محکمے کے دیگر سینئر افسران نے بھی اپنے اپنے شعبوں کے حوالے سے تفصیلات سے آگاہ کیا ۔ ***
بہ تسلیمات نظامت اعلیٰ ہینڈ آؤٹ نمبر1383 /گوھر/احسن
تعلقات عامہ حکومت پنجاب لاہور ۔فون نمبر99201390
تبصرے
ایک تبصرہ شائع کریں