عمران خان رکاوٹیں عبور کرکے کرپشن فری پاکستان کی منزل حاصل کرینگے:عبدالعلیم خان


پاکستان تحریک انصاف 
پریس ریلیز

عمران خان رکاوٹیں عبور کرکے کرپشن فری پاکستان کی منزل حاصل کرینگے:عبدالعلیم خان

عوام کی دلچسپی ملکی مسائل کے حل اور معیشت کے استحکام میں ہے ،احتجاج ناکام ہو گا
اپنے مفادا ت کے لئے پیپلز پارٹی اور نواز لیگ کا اکھٹے چلنا قیامت کی نشانی ہے
لاہور۔7اگست:۔( )پاکستان تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے صدر اور نومنتخب رکن اسمبلی عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہعمران خان تمام رکاوٹیں عبور کر کے کرپشن فری پاکستان کی منزل حاصل کریں گے اور اُس منشور کو پورا کرنے کیلئے کسی اقدام سے گریز نہیں کرینگے جس کیلئے عوام نے چاروں صوبوں میں بھرپور ووٹ دے کر پی ٹی آئی کو بھرپور عوامی مقبولیت اورسب سے زیادہ ووٹ دلائے ہیں ،عبدالعلیم خان نے کہا کہ اسمبلی کے پہلے اجلاس سے قبل ہی اپوزیشن کا گٹھ جوڑ ذاتی مفادات کی تکمیل کیلئے ہے عوام کو ملکی مسائل حل کرنے اور معیشت کے استحکام میں دلچسپی ہے وہ ایسی کسی کال پر کان نہیں دھریں گے اور نواز لیگ کا احتجاج ناکام ہوگا ، عبدالعلیم خان نے کہا کہ ملکی ترقی کو بالائے طاق رکھ کر انتشار پھیلانے کی سازشیں کرنے والے کامیاب نہیں ہوں گے ان کا واحد مقصد بے یقینی اور بد امنی کی فضاء بنا نا ہے تاکہ عوام کی توجہ ان کی کرپشن سے ہٹائی جا سکے ،انہوں نے کہا کہ پنجاب کی 52کمپنیوں سے لے کر صاف پانی اور آشیانہ جیسے سفید ہاتھی اب چھپ نہیں سکیں گے اور سابق حکمرانوں کو اپنے کیے کا ہر حال میں جواب دینا ہوگا ، عبدالعلیم خان نے کہا کہ عمران خان کا ویژن انتہائی واضح ہے اور وہ پاکستان کو قائد اور اقبال کے خوابوں کے مطابق ترقی و خوشحالی کے اُس راستے پر ڈالنا چاہتے ہیں جہاں خیبر سے کراچی تک ہر شہری کو وہ حقوق حاصل ہوں جو انہیں آئین فراہم کرتا ہے ، انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کو عوام نے اُس کے منشور پر اعتماد کرتے ہوئے ووٹ دیے ہیں اور انشاء اللہ ہم اپنے سارے وعدے پورے کرنے کی کوشش کریں گے اور عوامی توقعات پر ہر حال میں پورا اتریں گے ۔
عبدالعلیم خان نے مزید کہا کہ اپنے مفادات کیلئے پیپلز پارٹی اور نواز لیگ کا اکھٹے چلنا قیامت کی نشانی ہے کل تک ایک دوسرے کے خلاف گالی گلوچ کرنے والے آج عمران خان کا راستہ روکنے کیلئے باہم شیر و شکر نظر آتے ہیں اب عوام میں ان کی رہی سہی ساکھ بھی ختم ہو جائے گی اور وہ انہیں ہمیشہ کیلئے مسترد کر دینگے ۔ ***

تبصرے