100روزہ پلان پر عملدرآمد کیلئے تمام محکمے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں :عبدالعلیم خان
پنجاب بھر میں تجاوزات کے خلاف یکم اکتوبر سے کریک ڈاؤن ،سخت گیر آپریشن ہو گا :سینئر صوبائی وزیر
ہر ضلع میں صفائی و خوبصورتی کیلئے منظم اقدامات اورروزانہ رپورٹ ارسال کرنے کی ہدایت
100روزہ پلان پر عملدرآمد کیلئے تمام محکمے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں :عبدالعلیم خان
28ستمبر :۔۔( ) سینئر صوبائی وزیر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ پنجاب بھر کے تمام اضلاع میں یکم اکتوبر سے تجاوزات کے خاتمے،عمارتوں کو اصل حالت میں بحال کرنے اور سڑکوں کو کشادہ کرنے کیلئے سخت گیر مہم شروع کی جائیگی جس میں کسی بھی قسم کے سیاسی دباؤ کو خاطر میں نہیں لایا جائے گا البتہ یتیموں ،بیواؤں اور انتہائی غریب ریڑھی بانوں کے ساتھ نرمی برتی جائیگی اور بڑے بڑے مافیا پر سخت ہاتھ ڈالا جائے گا ، اس امر کا اظہار انہوں نے سول سیکرٹریٹ میں منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا جس میں وزیر قانون محمد بشارت راجہ ،چیف سیکرٹری پنجاب ، متعلقہ محکموں کے سیکرٹری صاحبان اور ویڈیو کانفرسنگ کے ذریعے صوبے بھر کے کمشنر ز،ڈپٹی کمشنرز اور ضلعی پولیس افسران نے شرکت کی ، اس اجلاس میں تجاوزات کے خاتمے ، صفائی ستھرائی اور خوبصورتی کی مہم ،بجلی چوروں کی روک تھام ،عوامی نمائندوں سے رابطے اور100روزہ پلان کے5نکاتی ایجنڈے پر تفصیلی گفتگو ہوئی ،سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے ویژن پر ہر حال میں عملدرآمد کرنا ہے اور اس ضمن میں کسی قسم کی کوتاہی یا غفلت کی کوئی گنجائش نہیں ،انہوں نے کہا کہ اضلاع میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں کی حوصلہ افزائی کریں گے اور اہل افسران کی خدمات کا برملا اعتراف کیا جائے گا ،انہوں نے کہا کہ نیک نیتی اور مضبوط ارادے کے ساتھ کسی بھی ہدف کو آسانی سے حاصل کیا جا سکتا ہے اور آئندہ کے2ہفتے ہر ضلع کی انتظامیہ کی کارکردگی کا امتحان ہے ،سینئر وزیر نے بتایا کہ100روزہ پلان کیلئے پنجاب کے16اہم شعبو ں کا انتخاب کیا گیا ہے جس کی نگرانی اُن کے ذمہ ہے اور اس ضمن میں بھی متعلقہ محکموں اور ضلعی افسران کو اپنی ذمہ داریاں پوری کرنا ہونگی،عبدالعلیم خان نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے علاقوں کے عوامی نمائندوں سے مستقل بنیادوں پرقریبی رابطہ رکھیں ،سینئر وزیر نے کہا کہ وہ خود بھی مختلف شہروں کا دورہ کریں گے اور آغاز گجرانوالہ شہر سے کیا جائے گا تاکہ تجاوزات کے خاتمے اور صفائی ستھرائی کی مہم کا موقع پر ہی جائزہ لیا جا سکے ،عبدالعلیم خان نے کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ ہر ضلع میں ریڑھی بانوں کیلئے علیحدہ جگہ مختص کرنے کے اقدامات کریں اور اُن کی رجسٹریشن بھی عمل میں لائی جائے تاکہ غریب افراد کو عملی طور پر ریلیف مہیا کیا جا سکے ، عبدالعلیم خان نے کہا کہ تجاوزات کے خاتمے کے علاوہ بڑے شہروں بالخصوص لاہور میں نئے ماسٹر پلان اور قابل عمل بائی لاز کی تشکیل یقینی بنائی جائے ،وزیر قانون محمد بشارت راجہ نے محرم الحرام میں امن و امان کے قیام پر تمام ضلعی افسران کی کارکردگی کو سراہا اور ہر ٹاسک کیلئے ایسے ہی جذبے کی ضرورت پر زور دیا ۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکرٹری پنجاب اکبر حسین درانی نے کہا کہ اس امر کو یقینی بنایا جائے کہ ہر ضلع میں تجاوزات کے خاتمے کا آپریشن دن کی روشنی میں کیا جائے تاکہ کسی بھی قسم کی نا خوشگوار صورتحال سے بچا جا سکے،چیف سیکرٹری نے کہا کہ پنجاب حکومت کے افسران مکمل طور پر با صلاحیت اور کسی بھی چیلنج سے نمٹنے کے لئے پوری طرح اہل ہیں ،انہوں نے توقع ظاہر کی کہ تجاوزات کے خاتمے ،صفائی ستھرائی مہم ، بجلی چوری کے خاتمے ، منتخب نمائندوں سے رابطہ رکھنے اور 100روزہ پلان پر عملدرآمد کیلئے بھی فیلڈ افسران ہر ضلع میں اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔
***
بہ تسلیمات نظامت اعلیٰ ہینڈ آؤٹ 1918 /گوھر/احسن
تعلقات عامہ حکومت پنجاب لاہور۔ فون نمبر 99201390 ہینڈ آؤٹ (اے)
تبصرے
ایک تبصرہ شائع کریں