سینئر وزیر کا لاہور میں پی پی158کے مختلف علاقوں کا دورہ ، ملاقاتیں ،پودے بھی لگائے

پریس ریلیز

پی ٹی آئی کی حکومت کارکنوں کی سیاسی جدوجہد کا نتیجہ ہے : سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان 

قانون اور انصاف کی حکمرانی قائم کریں گے ،قربانیاں دینے والوں کا بھرپور ساتھ دینگے 

سینئر وزیر کا لاہور میں پی پی158کے مختلف علاقوں کا دورہ ، ملاقاتیں ،پودے بھی لگائے

لاہور۔30ستمبر :۔۔( )سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی موجودہ حکومت درحقیقت کارکنوں کی سیاسی جدوجہد کا نتیجہ ہے جو انہوں نے عمران خان کی قیادت میں ملک میں کرپشن کے خاتمے اور نظام کی درستگی کیلئے کیں ، انہوں نے کہا کہ سیاسی تحریک میں قربانیاں دینے والے کارکنوں کا بھرپور ساتھ دینگے اور انہیں کسی قیمت پر تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں پی پی158میں بستی سیدن شاہ ، گڑھی شاہو ، دھرمپورہ ، میاں میر کالونی اور ملحقہ علاقوں کے دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا ، عبدالعلیم خان نے کہا کہ ملک میں قانون اور انصاف کی حکمرانی قائم کرینگے اور عوام کے بنیادی مسائل کے حل کیلئے دن رات کام ہوگا ، انہوں نے کہا کہ عمران خان کا ملک گیر تبدیلی کا خواب شرمندہ تعبیر کرنے کیلئے درست سمت میں سفر شروع کر دیا ہے اور انشاء اللہ بہت جلد اپنی منزل پر پہنچیں گے ہمارے سیاسی مخالفین حوصلہ رکھیں ہماری کارکردگی اُن کی پوری تسلی کرے گی ،سینئروزیر نے کہا کہ افسوس کا مقام ہے کہ نواز لیگ کی 10برسوں کی مسلسل حکومت پنجاب کے حالات میں رتی برابر بھی بہتری نہیں لا سکی اب موجودہ دور میں تعلیم ،صحت اور پینے کے صاف پانی جیسے بنیادی مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل ہونگے ،عبدالعلیم خان نے کہا کہ ماضی کے حکمرانوں نے اپنے بھاری کمیشن کیلئے عوامی مفادات داؤ پر لگائے آج اورنج لائن ٹرین ،میٹرو بس اور بھکی پاور منصوبوں کا کچا چٹھا کھل رہا ہے تو نام نہاد خادموں کو منہ چھپانے کی جگہ نہیں مل رہی ، انہوں نے کہا کہ آج بھی نواز لیگ عوام کو گمراہ کرنے کی پالیسی اپنائے ہوئے ہے جبکہ حقائق اُن کا منہ چڑا رہے ہیں ، عبدالعلیم خان نے مزید کہا کہ بالخصوص پنجاب میں موجودہ حکومت کسی قیمت پر اپنے فرائض سے پہلو تہی نہیں کرے گی اور لوگوں کو اُن کا حق اُن کی دہلیز پر فراہم کیا جائے گا۔
سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے پی پی158کے مختلف علاقوں میں پارٹی کارکنوں سے ملاقاتیں کیں ، کئی جگہوں پر پودے لگا کر عبدالعلیم خان نے شجر کاری مہم میں حصہ لیا ، وہ پارٹی کارکنوں کے گھروں پر گئے جبکہ ملک جاوید یوسف،نذیر گجر ، حافظ ذیشان ، میاں افضال،حبیب چوہان ، عدیل خان ،ملک عامر زمان ، شیخ عثمان ،طاہر الطاف اور ولیم بھٹی نے اُن سے مختلف وفود کے ہمراہ ملاقاتیں کیں ،عبدالعلیم خان نے پارٹی کارکنوں کو یقین دلایا کہ وہ اُن کے دکھ درد میں ہمیشہ شریک رہیں گے اور کارکنوں کیلئے ہفتہ وار ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا ،اس موقع پر جگہ جگہ بزرگ شہریوں و خواتین نے عبدالعلیم خان سے اظہار شفقت کیا اور اُن کے علاقے سے مسلسل رابطہ رکھنے اور مسائل کے حل کیلئے عملی اقدامات کا آغاز کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ ***










































تبصرے