ہر شہر کا دورہ کروں گا ، گجرانوالہ ،ملتان اور فیصل آباد میں صفائی کے لیے خصوصی اقدامات کریں
100فیصد صفائی،گھوسٹ ملازمین فارغ ،سینئر وزیر کی شہری اداروں کو 3دن کی مہلت
ہر شہر کا دورہ کروں گا ، گجرانوالہ ،ملتان اور فیصل آباد میں صفائی کے لیے خصوصی اقدامات کریں
اداروں کو خود انحصار اور اپنا مانیٹرنگ سسٹم بنانا ہوگا ، سینئر وزیر عبدالعلیم خان کی زیر صدارت اجلاس
لاہور۔27ستمبر:۔۔( ) سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ کسی بھی رکاوٹ کو خاطر میں لائے بغیر ہر شہرمیں 100فیصد صفائی ستھرائی کو یقینی بنانا ہے اور اس ضمن میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے ہر ادارے کیلئے 3دن کی مہلت ہے کہ وہ مشینری کرائے پر حاصل کرنے سمیت دیگر ضروری انتظامات یقینی بنائیں اور صفائی کا وہ معیار قائم کریں جس کی عوام اُن سے توقع رکھتے ہیں ،عبدالعلیم خان نے کہا کہ سرکاری افسروں یا سیاسی شخصیات کے گھروں پر کام کرنے والے اہلکاران 2دن میں دفتر واپس رپورٹ کریں وگرنہ ان گھوسٹ ملازمین کے خلاف سخت ترین کاروائی عمل میں لاتے ہوئے انہیں فارغ کر دیا جائے گا ،ان خیالات کا اظہار سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے صوبے بھر کی ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کے خصوصی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ،انہوں نے کہا کہ صفائی کی صورتحال کے بارے میں لاہور سمیت ملتان،گجرانوالہ اور فیصل آباد کے شہروں سے بہت زیادہ شکایات ہیں جن کو کم سے کم وقت میں دور کرنے کیلئے عملی اقدامات کرنے ہونگے ،انہوں نے کہا کہ یکم اکتوبر کے بعد وہ خود مختلف شہروں کا دورہ کریں گے اور ذمہ داران کے خلاف موقع پر ہی سخت ترین کاروائی عمل میں لائی جائے گی ، سینئر وزیر نے کہا کہ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے اداروں کو خود انحصاری کی پالیسی کے تحت کام کرنا ہوگا کیونکہ پنجاب حکومت صرف صفائی کے شعبے میں اربوں روپے کے خسارے کی متحمل نہیں ہو سکتی ، انہوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ پیشہ وارانہ قابلیت اور نیک نیتی کے حامل اہل افراد کو شہری اداروں میں خدمات سر انجام دینے کا موقع دیا جائے ،عبدالعلیم خان نے کہا کہ سابقہ حکومت کی بد عنوانیوں کو کسی بھی قیمت پر جاری نہیں رکھ سکتے ہمیں ہر حال میں سسٹم کی بہتری اور صحیح معنوں میں گڈ گورننس کے قیام کیلئے کام کرنا ہوگا ، انہوں نے افسران سے کہا کہ وہ کسی سفارش یا دباؤ کو خاطر میں لائے بغیر اپنا کام کریں اور بالخصوص صفائی کے معیار کو یقینی بنانے کیلئے دفاتر میں بیٹھنے کی بجائے باہر فیلڈ میں نکلیں ،سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے گجرانوالہ ،ملتان اور فیصل آباد میں صفائی کے شعبے کی کارکردگی پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ افسران کو فوری طور پر شارٹ اور لانگ ٹرم منصوبہ بندی کی ہدایت کی،سینئر وزیر پنجاب نے کہا کہ صوبے بھر میں تجاوزات کے خلاف سخت ترین مہم شروع ہونے جا رہی ہے جس میں کسی تفریق کے بغیر تمام غیر قانونی عارضی و مستقل تعمیرات کو مسمار کر دیا جائے گا البتہ اس مہم میں ریڑھی بانوں کو متبادل جگہ دینے اور یتیم و بیواؤں کیلئے خصوصی رعائیت برتی جائے گی ،عبدالعلیم خان نے کہا کہ ہم سب وزیر اعظم عمران خان کو جوابدہ ہیں اور ان کے ویژن کو عملی جامہ پہنانا ہوگا ۔
سینئر وزیرپنجاب عبدالعلیم خان کو لاہور ،گجرانوالہ ،راولپنڈی ،فیصل آباد ،سیالکوٹ ،ملتان اور بہاولپور کے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے اداروں کے سربراہان و متعلقہ ڈپٹی کمشنر نے بریفنگ دیتے ہوئے وہاں موجود مسائل سے آگاہ کیا جبکہ سیکرٹری بلدیات عارف انور بلوچ نے مجموعی طور پر صوبے کی صفائی کے اداروں کے سٹرکچر اور درپیش مشکلات اور اُن کے حل کی نشاندہی کی ،یہ امر قابل ذکر ہے کہ بہاولپور کے ویسٹ مینجمنٹ کے ادارے کی کارکردگی کو تسلی بخش قرار دیتے ہوئے سراہا گیا ۔
***
بہ تسلیمات نظامت اعلیٰ ہینڈ آؤٹ 1900 /گوھر/احسن
تعلقات عامہ حکومت پنجاب لاہور ۔فون نمبر99201390 ہینڈ آؤٹ (اے)
تبصرے
ایک تبصرہ شائع کریں