بے اختیار بلدیاتی اداروں کو با اختیار بنانا تحریک انصاف کا منشور ہے: سینئر وزیر عبدالعلیم خان
پاکستان تحریک انصاف
پریس ریلیز
بے اختیار بلدیاتی اداروں کو با اختیار بنانا تحریک انصاف کا منشور ہے: سینئر وزیر عبدالعلیم خان
حمزہ شہباز جواب دیں کہ کیا بلدیاتی نظام کا مقصد عوام کی بجائے شہباز شریف کو مضبوط بنانا ہونا چاہیے؟
پی ٹی آئی کی ایک اور فتح ،عبدالعلیم خان کی نو منتخب صدر ڈاکٹر عارف علوی کو مبارکباد
لاہور۔4ستمبر:۔۔( ) سینئر صوبائی وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ بے اختیار بلدیاتی اداروں کو با اختیار بنانا تحریک انصاف کے منشور کا اہم حصہ ہے اور ہم اس اقدام سے پیچھے نہیں ہٹ سکتے ، انہوں نے کہا کہ نواز لیگ نے بلدیاتی نمائندوں کو عضومعطل بنائے رکھا اور صرف سپریم کورٹ کے احکامات پر عملدرآمد کی مجبوری کے تحت بلدیاتی اداروں کے الیکشن کروائے ، عبدالعلیم خان نے پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف صرف نمائشی طور پر بلدیاتی سسٹم کی تشکیل نہیں چاہتی بلکہ ہم گلی نالی سے لے کر ہر طرح کے تعمیراتی و ترقیاتی کاموں کو بلدیاتی نمائندوں کے سپرد کرنا چاہتے ہیں ،عبدالعلیم خان نے کہا کہ نئے نظام میں یونین کونسل کے نمائندوں سے لے کر تحصیل اور ضلع کے چیئرمینوں تک ہر بلدیاتی نمائندہ مکمل طور پر با اختیار ہوگا اور انہیں مالیاتی و انتظامی اختیارات کے علاوہ اُن پر چیک اینڈ بیلنس بھی یقینی بنایا جائے گا ،عبدالعلیم خان نے حمزہ شہباز کی میڈیا سے گفتگوپر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ جواب دیں کہ کیا بلدیاتی نظام کا مقصد عوام کی بجائے شہباز شریف یا اُن کے خاندان کو مضبوط بنانا ہونا چاہیے ؟انہوں نے کہا کہ خود نواز لیگ کے اپنے بلدیاتی اراکین بھی اُن سے مطمئن نہیں اور اُن کی شکایات زبان زد عام ہیں ، عبدالعلیم خان نے کہا کہ نواز لیگ نے عوام کے30سال شخصی اقتدار اور خاندانی و مفادات کی سیاست کی نذرکر دیے اب انہیں مزید کھل کھیلنے کا وقت نہیں ملے گا ،انہوں نے کہا کہ وہ نواز لیگ کے بلدیاتی اراکین اور مئیر صاحبان سے بھی ملاقات کریں گے اور اُن کے مسائل سننے کے علاوہ نئے بلدیاتی نظام کے حوالے سے تجاویز دیں گے ،عبدالعلیم خان نے وضاحت کی کہ فی الحال نئے بلدیاتی انتخابات کی تاریخ کے بارے میں کوئی فیصلہ نہیں ہوا ابھی ہم ابتدائی مراحل میں ہیں نئے لوکل باڈیز سسٹم کو مکمل آئینی و قانونی تحفظ دیں گے تاکہ مستقبل میں یہ ادارے یکسوئی کے ساتھ عوامی خدمت کا فریضہ سر انجام دے سکیں،عبدالعلیم خان نے نو منتخب صدر ڈاکٹر عارف علوی کو مبارکبا ددیتے ہوئے اسے پی ٹی آئی کی ایک اور فتح قرار دیا جس سے ملک میں متانت ،شرافت اور سنجیدگی کی سیاست کے ایک باب کا آغاز ہوگا
ایک سوال کے جواب میں عبدالعلیم خان نے کہا کہ تحریک انصاف کے مقابلے میں پیپلز پارٹی اور نواز لیگ دونوں اپنے صدارتی امیدوار میدان میں اتارے ،یہ ایک جمہوری عمل ہے جس میں ہر سیاسی جماعت کو اپنی حکمت عملی بنانے کا حق حاصل تھا ،عبدالعلیم خان نے کہا کہ فرینڈلی اپوزیشن کی عادت نواز لیگ کو ہے ہمیں اس سے کوئی مسئلہ نہیں ،ایک اور سوال کے جواب میں سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ بیوروکریسی سے حالات جلد نارمل ہو جائیں گے اور انتظامی مشینری کو بھی تبدیل شدہ صورتحال میں کام کرنے کی عادت ہو جائے گی ، اُن کا کہنا تھا کہ عوامی نمائندوں کے سامنے انتطامی مشینری کے افسران جواب دہ ہیں اس بارے میں میڈیا میں آنے والی صورتحال اصل حقائق کی ترجمانی نہیں کرتی ۔ * **
تبصرے
ایک تبصرہ شائع کریں