پنجاب میں مالیاتی و انتظامی اختیارات کے ساتھ مربوط بلدیاتی نظام لائیں گے :عبدالعلیم خان

" پلانٹ فار پاکستان "سینئر وزیر عبدالعلیم خان کا اپنی جیب سے50ہزار پودے لگانے کا اعلان

پنجاب میں مالیاتی و انتظامی اختیارات کے ساتھ مربوط بلدیاتی نظام لائیں گے :عبدالعلیم خان 

سیاسی مداخلت کے قائل نہیں لیکن گورنمنٹ کی رٹ ہر صورت میں قائم ہو گی :میڈیا سے گفتگو

وطن عزیز کیلئے جانیں قربان کرنے والے ہم سب کے ماتھے کا جھومر ہیں ،یوم دفاع پر پیغام 
لاہور۔5ستمبر :۔۔( ) سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے وزیر اعظم کی" پلانٹ فار پاکستان"مہم میں اپنی جیب سے 50ہزار پودے لگانے کا اعلان کیا ہے اور عوام سے اپیل کی ہے کہ ہر شہری اپنی استطاعت کے مطابق شجر کاری کی مہم میں حصہ لے کر اپنے اور اپنے بچوں کے مستقبل کو محفوظ بنائے ،اپنے دفتر 90شاہراہ قائد اعظم پر پودا لگانے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عبدالعلیم خان نے کہا کہ گرین پاکستان اس ملک و قوم کی بقاء کی ضمانت ہے ،جنگلات کے رقبے میں اضافے اور ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کیلئے موجودہ حکومت وزیر اعظم کی ہدایا ت کے مطابق شجر کاری کو کامیاب بنانے کیلئے تمام وسائل برؤئے کار لائے گی ،عبدالعلیم خان نے بلدیاتی نظام کی تبدیلی پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں مالیاتی و انتظامی اختیارات کے ساتھ مربوط تبدیلی لائیں گے اور ماضی کی طرح برائے نام اور بے اختیار نمائندوں کی بجائے کنفیوژن سے پاک اور واضح اختیارات کے ساتھ ایسا سیٹ اپ تشکیل دیں گے جس سے لوگوں کے مسائل بنیادی سطح پر حل ہوں ، عبدالعلیم خان نے دو ٹوک انداز میں کہا کہ آئندہ پنجاب میں سو فیصد جماعتی بنیادوں پر بلدیاتی نمائندے منتخب ہوں گے جبکہ تحصیل اور ضلع کے مئیر کا انتخاب بلاواسطہ طور پر ہوگا ،انہوں نے کہا کہ قانونی ٹیم جائزہ لے رہی ہے کہ ہم موجودہ نظام میں تبدیلی لا سکتے ہیں یا نئے سرے سے سسٹم کو بنانا ہوگا،سینئر وزیر نے کہا کہ 2001کے بلدیاتی ایکٹ اور کے پی کے کے ماڈل کو زیر غور لایا جا رہا ہے جس کے بعد نئی سفارشات کی روشنی میں اس اتوار کو وزیر اعظم عمران خان سے پنجاب کے علاوہ دیگر صوبوں کے بلدیاتی وزراء کا اجلاس ہوگا اور آئندہ کے لائحہ عمل کو حتمی شکل دی جائے گی ۔ایک سوال کے جواب میں عبدالعلیم خان نے کہا کہ سیاسی مداخلت یا مالی مفادات کی روک تھام کیلئے عمران خان کا واضح پیغام اور ویژن موجود ہے لیکن حکومت کی رٹ ہر حال میں قائم ہو گی اور منتخب عوامی نمائندوں کو حق حاصل ہے کہ وہ معاملات کی بہتری کیلئے اپنی تجاویز دیں ،انہوں نے کہا کہ کسی کا رشتہ دار ہونا کوئی منفی بات نہیں اصل مسئلہ اہلیت اور قابلیت کا ہے ،عبدالعلیم خان نے کہا کہ موجودہ حکومت عوام کے مسائل حل کرنے اور بہترسے بہتر حکمت عملی اختیار کرنے پر یقین رکھتی ہے جس کیلئے جنگی بنیادوں پر کام جاری ہے ،انہوں نے کہا کہ نئے نظام میں شفافیت کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا اور بلدیاتی اداروں کے تھرڈ پارٹی اور بین الاقوامی اداروں سے آڈٹ کروائے جائیں گے ۔
عبدالعلیم خان نے یوم دفاع کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک وقوم کیلئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے ہم سب کے ماتھے کا جھومر ہیں ہم ان سپوتوں کو سلام پیش کرتے ہیں اور مادر وطن کی راہ میں قربان ہونے والوں کی یاد تازہ کرتے ہوئے اس عزم کا عہد کرتے ہیں کہ وطن عزیز کی حفاظت کیلئے ہم بھی اپنے خون کا آخری قطرہ بہانے سے گریز نہیں کرینگے ۔
***
بہ تسلیمات نظامت اعلیٰ ہینڈ آؤٹ 1659 /گوھر/احسن
تعلقات عامہ حکو مت پنجاب لاہور ۔فون نمبر 99201390 ہینڈ آؤٹ (اے)


تبصرے