صفائی کے نظام کیلئے بہتر حکمت عملی تیار کرنے کی ہدایت ، اچانک دورے کروں گا:عبدالعلیم خان
صفائی کے نظام کیلئے بہتر حکمت عملی تیار کرنے کی ہدایت ، اچانک دورے کروں گا:عبدالعلیم خان
کوڑے کرکٹ اکٹھا کرنے،ڈمپنگ و ریسائیکلنگ کیلئے ٹھوس تجاویز تیار کریں ، سینئر وزیر کی ہدایت
سالڈ ویسٹ مینجمنٹ پر بریفنگ ، سینئر وزیر کا35ارب روپے کے خسارے پر تشویش کا اظہار
لاہور۔8ستمبر :۔۔( ) صوبائی سینئر وزیر اور پنجاب کے وزیر بلدیات عبدالعلیم خان نے ہدایت کی ہے کہ لاہور جیسے کاسمو پولیٹن شہر میں صفائی ستھرائی کی بہتر حکمت عملی اور مربوط نظام کیلئے کم سے کم وقت میں اقدامات عمل میں لائے جائیں ، وہ مختلف شہروں کے اچانک دورے کریں گے اور اس ضمن میں کوتاہی کے مرتکب افسران و اہلکاران کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی ،عبدالعلیم خان نے لاہور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے بریفنگ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ کوڑے کرکٹ کی کولیکشن،ڈمپنگ اور ری سائیکلنگ ایک انڈسٹری کی شکل اختیار کر چکی ہے جس سے مختلف اشیاء ، گیس اور کھاد کی تیاری ممکن ہے ہمیں اس ضمن میں ٹھوس تجاویز پر عمل کرنا ہوگا اور انقلابی اقدامات اٹھانے ہوں گے ،سینئر وزیر نے سابقہ حکومت کے لائے ہوئے نظام ،کمپنیوں کی تشکیل اور صرف لاہور میں35ارب روپے کے خسارے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نئے بلدیاتی نظام میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ ضلعی اور مقامی حکومتوں کی ذمہ داری ہو گی ،پنجاب حکومت صوبے کی مختلف صفائی کمپنیوں کے 84ارب روپے تک پہنچنے والے خسارے کی متحمل نہیں ہو سکتی ،انہوں نے کہا کہ وہ خود سالڈ ویسٹ کی سائٹس کا دورہ کریں گے اور صورتحال کا موقع پر جائزہ لے کر اُس کا حل تلاش کیا جائے گا ،سینئر وزیر نے سیکرٹری بلدیات کو ہدایت کی کہ لوگوں میں صفائی کے بارے میں شعور اجاگر کرنے کیلئے مختلف رنگوں کی کوڑے کی ٹوکریاں رکھی جائیں تاکہ شہریوں کو پلاسٹک اور دیگر اشیاء کی ڈسپوزل میں فرق سے آگاہی ہو سکے ، انہوں نے اس مہم کو تعلیمی اداروں ، بڑے شاپنگ مال اور اہم مارکیٹوں میں متعارف کرانے کی ہدایت کی ،سینئر وزیر نے بلدیاتی اداروں کے مختلف بورڈز کی تشکیل نو کا عمل جلد مکمل کرنے اور ان میں پروفیشنل افراد کو زیادہ سے زیادہ موقع دینے کیلئے کہا ،عبدالعلیم خان نے کہا کہ کمپنیوں کے بارے میں زیر سماعت معاملات کی تکمیل پر ان کے مستقبل کا فیصلہ کیا جائے گا لیکن عوام کو شہری سہولتوں کی فراہمی میں کسی طور غفلت نہیں ہو سکتی اور نہ ہی صفائی کے معیارپر سمجھوتہ ہو سکتا ہے لہذا اس مقصد کیلئے ہمیں جلد سے جلد اقدامات اٹھانے ہوں گے ۔
سیکرٹری بلدیات پنجاب عارف انور بلوچ ،ڈائریکٹر جنرل لوکل گورنمنٹ ، ایم ڈی سالڈ ویسٹ مینجمنٹ اور دیگر افسران نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے لکھو ڈیر ،محمود بوٹی اور دیگر سالڈ ویسٹ ڈمپنگ ایریا پر بریفنگ دی اور لاہور کے علاوہ ملتان ،راولپنڈی ، سیالکوٹ اور بہاولپور کی ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کے امور کے بارے میں بتایا ،سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے جلد دیگر شہروں کا دورہ کرنے اور وہاں کے ویسٹ مینجمنٹ کے معاملات کا جائزہ لینے کا اعلان کیا ۔ ***
بہ تسلیمات نظامت اعلیٰ ہینڈ آؤٹ 1693 /گوھر/احسن
تعلقات عامہ حکومت پنجاب لاہور۔فون نمبر99201390 ہینڈ آؤٹ (اے)
تبصرے
ایک تبصرہ شائع کریں