ابا جی وزیر اعلیٰ تھے تو قبضوں کا الزام لگانے والوں نے10سال کیوں کچھ نہیں کیا ؟


پریس ریلیز

ہر کمپنی ایک سکینڈل ہے ،حمزہ حوصلہ رکھیں مزید انکشافات سامنے آئینگے:عبدالعلیم خان

ابا جی وزیر اعلیٰ تھے تو قبضوں کا الزام لگانے والوں نے10سال کیوں کچھ نہیں کیا ؟

احتجاج کرنا خالہ جی کا گھر نہیں،اپوزیشن آدھا گھنٹہ برداشت نہیں کر سکی :گفتگو

لاہور۔19اکتوبر :۔۔( ) سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ پنجاب کی ہر کمپنی ایک بڑا سکینڈل ہے ابھی صرف 2منصوبوں صاف پانی اور آشیانہ کو ہاتھ لگا ہے حمزہ شہباز حوصلہ رکھیں جلد مزید انکشافات سامنے آئیں گے اور سالڈ ویسٹ سے لے کر اورنج لائن ٹرین تک ہر کمپنی کرپشن کی داستانوں کا نئے سے نیا شاخسانہ ثابت ہو گی ، انہوں نے کہا کہ مجھ پر قبضوں کا الزام لگانے والے جواب دیں کہ اُن کے ابا جی 10سال وزیر اعلیٰ رہے اور علیم خان قبضے کرتا رہا تو وہ کیا کررہے تھے کیوں میرے خلاف ایک بھی ایف آئی آر درج نہیں ہوئی اور حمزہ شہباز میں اگر تھوڑی سی بھی شرم ہے تو میڈیا کو ساتھ لے جا کرکم از کم وہ جگہ تو دکھائے جس پر میرے قبضے ہیں ،انہوں نے کہا کہ ڈھٹائی کے ساتھ ایسے الزامات شریف خاندان کو بچا نہیں سکتے چوروں سے کوئی رعائیت نہیں ہو گی اور لوٹی ہوئی ایک ایک پائی کا حساب لیا جائے گا ،عبدالعلیم خان نے پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میگا منصوبوں کے نام پر شو باز صوبے کو دیوالیہ کر گئے آج سبسڈی دینے،ترقیاتی منصوبے چلانے حتیٰ کہ روزمرہ کے اخراجات کیلئے بھی پنجاب حکومت کے پاس پیسے نہیں ہیں اور گزشتہ نگران حکومت میں پنجاب حکومت کے 80ارب روپے کے چیک باؤنس ہوئے ہیں ،عبدالعلیم خان نے کہا کہ درحقیقت شریف فیملی کی دم پر پاؤں آ چکا ہے اور ان کی چیخیں نکل رہی ہیں اگر انہیں چوراہوں میں الٹا لٹکایا جائے تو راتوں رات لوٹی ہوئی رقم واپس آ سکتی ہے لیکن ہم نے قانون کا راستہ اپنایا ہے چند ماہ لگیں گے لیکن ہم کسی کو نہیں چھوڑیں گے ،سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ حمزہ شہباز کی قیادت میں پنجاب اسمبلی کی اپوزیشن آدھا گھنٹہ بھی احتجاج نہیں کر سکی ، احتجاج کرنا خالہ جی کا گھر نہیں، تحریک انصاف نے126دن کا دھرنا دیا یہ126گھنٹے کا دے کر دکھا دیں ہم انہیں کنٹینر بھی دینگے اور کھانا اور پانی بھی ،انہوں نے کہا کہ اگر اپوزیشن کے ارکان انتظار کرتے تو ان سے مذاکرات کیلئے ضرور کمیٹی بناتے ،انہوں نے کہا کہ پنجاب میں بجلی بنانے کے تمام منصوبے بھی عجب کرپشن کی غضب کہانیاں ہیں اور بھکی پاور پلانٹ سمیت صرف خریداری میں مال بنایا گیا جبکہ ان مہنگے ترین منصوبوں میں لاگت کے مطابق کہیں کوئی بجلی پیدا نہیں ہو رہی ،اسی طرح کسی بڑے منصوبے میں کوئی ٹینڈر ،پری کوالیفیکیشن یا بڈنگ نہیں ہوئی ،میٹرو ،اورنج لائن ٹرین اور تمام منصوبوں کا یہی حال ہے ۔
سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے اسلام آباد کی سوسائٹی کے حوالے سے سامنے آنے والی خبروں کی وضاحت کرتے ہوئے پارک انکلیو نامی رہائشی سکیم کا اُن سے کوئی تعلق نہیں یہ سی ڈی اے کا منصوبہ تھا جس کے بارے میں میڈیا میں سامنے آنے والی صورتحال درست نہیں ، انہوں نے کہا کہ بعض" دوست"اُن کے خلاف روزانہ کی بنیاد پر کچھ نہ کچھ کرتے رہتے ہیں اسی طرح نواز لیگ نے بھی سوچی سمجھی مہم شروع کر رکھی ہے جن کا مقصد اصل حقائق سے توجہ ہٹانا اور عوام کو مس گائیڈ کرنا ہے،ایک سوال کے جواب میں عبدالعلیم خان نے کہا کہ نیا بلدیاتی نظام منتخب اراکین کو انتظامی و مالیاتی اختیارات دے گا مئیر سمیت بلدیات کے موجودہ اراکین مکمل بے اختیار ہیں جن کا عوام کو کوئی فائدہ نہیں اور انشاء اللہ ہم بھرپور بلدیاتی نظام لائیں گے جس سے عوام کے مسائل مقامی سطح پر ہی حل ہو جائیں گے۔ 
***

تبصرے