ہر شہرمیں100فیصد صفائی چاہتے ہیں ، فنڈ دیں گے اور کام بھی لیں گے :عبدالعلیم خان
سینئر وزیرپنجاب کا گوجرانوالہ کا دورہ ، پہلوانوں کے شہر کو مکمل صاف ستھرا کرنے کا اعلان
ہر شہرمیں100فیصد صفائی چاہتے ہیں ، فنڈ دیں گے اور کام بھی لیں گے :عبدالعلیم خان
سرکاری ادارے من و سلویٰ کا انتظار کرنے کی بجائے فنڈز جنریشن کریں :ویڈیو لنک پر خطاب
اے پی سی چوروں اور ڈاکوؤں کی راہ فرار ہے ،30سال لوٹنے والوں کو انجام نظر آ گیا :میڈیا سے گفتگو
لاہور۔29اکتوبر :۔۔ ( )سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ کسی بھی شہر میں 100فیصد صفائی ستھرائی ،روزانہ کی بنیاد پر کوڑا کرکٹ اکٹھا کرنے ،ٹھکانے لگانے اور باقاعدہ ویسٹ مینجمنٹ پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو سکتا ، پہلوانوں کے شہر گوجرانوالہ کوبھی کم سے کم وقت میں صفا بنانے کیلئے ٹاسک دیا تھا جس پر کافی حد تک عمل ہوا ہے لیکن بہتری کی گنجائش ابھی موجود ہے ، سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے گوجرانوالہ کے ایک روزہ دورے پر کمشنر آفس میں اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ شہروں کی شارٹ اور لانگ ٹرم منصوبہ بندی کیلئے کام شروع کر دیا گیا ہے اور لینڈ فل سائٹس کا آغاز بھی گوجرانوالہ سے ہی کیا جا رہا ہے ، انہوں نے کہا کہ شہری اداروں کو ڈیمانڈ کے مطابق صفائی کے انتظامات پورا کرنے کی اہلیت کا حامل ہونا چاہیے ،انہوں نے گوجرانوالہ کے تمام اضلاع حافظ آباد ، گجرات ، منڈی بہاؤ الدین کے ڈپٹی کمشنرز سے ویڈیو لنک پر تفصیلی بریفنگ لی اور اُن اضلاع میں بھی صفائی ستھرائی کی مہم،کلین اینڈ گرین پنجاب ،شجر کاری اور دیگر انتظامی امور پر معلومات حاصل کیں ، عبدالعلیم خان نے کہا کہ سرکاری ادارے سالانہ گرانٹ حاصل کرنے اور من و سلویٰ کا انتظار کرنے کی بجائے فنڈز جنریشن کی طرف جائیں اور اپنے وسائل میں اضافہ کریں ،سینئر وزیر نے کہا کہ ہمیں شہری اداروں کو خود انحصاری کی طرف لے جانا ہوگااورحکومتی کاوشوں کو کامیاب بنانے کیلئے شہریوں میں بھی آگاہی مہم کے ذریعے شعور بیدار کرنا ہوگا ،کمشنر گوجرانوالہ اسد اللہ فیض نے سینئر وزیر کو تجاوزات کے خلاف مہم میں واگزار کرائی جانے والی 9861کنال اراضی اور دیگر امور کے بارے میں آگاہ کیا ،سیکرٹری لوکل گورنمنٹ پنجاب کیپٹن (ر) سیف انجم نے محکمہ بلدیات کے حوالے سے بریفنگ دی۔
اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ نام نہاد آل پارٹیز کانفرنس کا مقصد چوروں اور ڈاکوؤں کیلئے راہ فرار تلاش کرنا ہے لیکن ان کو یقین دلاتے ہیں کہ جب تک عمران خان اقتدار میں ہے کسی کو کوئی رعائیت نہیں ملے گی ،عمران خان ملک لوٹنے والے ہر چہرے کو انجام تک پہنچائیں گے اور کوئی زرداری ،نواز شریف یا مولانہ اپنے انجام سے بچ نہیں سکیں گے ،انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے درست سمت میں ٹیک آف کر لیا ہے ہمیں حالات کے مطابق مجبوراًغیر مقبول فیصلے کرنے پڑے ہیں ،ان حالات میں اس کے علاوہ کوئی چارہ نہیں تھا کہ ملک کو اُس مالی مشکل سے نکالاجائے جو 80ارب روپے کے چیک باؤنس ہونے کی شکل میں ہمیں ملے تھے ،عبدالعلیم خان نے کہا کہ بلدیات کے نئے نظام کا بل محکمہ قانون کے زیر غور ہے جسے حتمی منظوری کیلئے دوبارہ وزیر اعلیٰ پنجاب اور وزیر اعظم پاکستان کو بھجوایا جائے گا ، عبدالعلیم خان نے تجاوزات کی مہم میں کامیابی اور صفائی ستھرائی کی مہم میں کامیابی پر انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے شہریوں کا تعاون پر بھی شکریہ ادا کیا ۔
تبصرے
ایک تبصرہ شائع کریں