ایسی پالیسی تشکیل دیں کہ دوبارہ تجاوزات نہ ہوں ،سینئر وزیر کا شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ
تجاوزات کے خاتمے اور سرکاری اراضی واگزار کرانے کیلئے مربوط آپریشن کیا جائے:عبدالعلیم خان
تمام متعلقہ ادارے آن بورڈ ہوں ،وفاقی اداروں کو بھی لوپ میں لیا جائے :سینئر وزیرپنجاب
ایسی پالیسی تشکیل دیں کہ دوبارہ تجاوزات نہ ہوں ،سینئر وزیر کا شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ
لاہور۔یکم اکتوبر:۔۔( ) سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے ہدایت کی ہے کہ تجاوزات کے خاتمے اور سرکاری اراضی واگزار کرانے کیلئے ضلع کی سطح پر مربوط آپریشن یقینی بنایا جائے اوراس ضمن میں ہر ڈویژن میں با قاعدہ مانیٹرنگ سسٹم تشکیل دیا جائے جس کی روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ ارسال کی جائے ،عبدالعلیم خان نے محکمہ بلدیات کے سینئر افسران کو ہدایت کی کہ تجاوزات کے خاتمے کے سلسلے میں صوبائی محکموں کے علاوہ وفاقی اداروں کو بھی لوپ میں لیا جائے اور اس امر کو یقینی بنایا جائے کہ نا جائز طور پر قابضین کو بجلی و گیس کے کنکشن جاری نہ کیے جائیں اور پہلے سے موجود اُن کی شہری سہولتوں کو مستقل بنیادوں پر بند کر دیا جائے ، عبدالعلیم خان نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر وزیر اعلیٰ پنجاب نے پنجاب بھر میں قبضہ مافیا کے خلاف گرینڈ آپریشن کا حکم دے دیا ہے جس پر 100فیصد عملدرآمد یقینی بنانا ہم سب کی ذمہ داری ہے لہذا کسی سیاسی وابستگی سے قطع نظر سب کے خلاف یونیفارم پالیسی اختیار کی جائے ،سینئر وزیر نے کہا کہ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر صرف بیواؤں ،یتیموں اور انتہائی غریب افراد سے نرمی برتی جا سکتی ہے اور انہیں اپنا متبادل انتظام کرنے تک سامان رکھنے کی مہلت مل سکتی ہے ،اس کے علاوہ کسی بھی جگہ اگر ناجائز طور پر فائدہ پہنچایا گیا تو اس کے ذمہ دار افسران ہونگے ،انہوں نے کہا کہ اس مہم کا مقصد مافیا اور بڑی مچھلیوں پر ہاتھ ڈالنا ہے تاکہ حکومتی خزانے کو پہنچائے جانے والے نقصان کا مداوا ہو سکے ،انہوں نے کہا کہ تجاوزات کے خاتمے سے نئے پاکستان کا چہرہ سامنے آئے گا اور قانون کی حکمرانی قائم ہونے سے عام شہریوں کو اُن کا حق مل سکے گا ، انہوں نے کہا کہ تجاوزات کا خاتمہ اور سڑکوں و شاہرات کی اصل حالت میں بحالی بھی پہلے100روزہ پلان کا حصہ ہے جس کیلئے پنجاب بھر میں موجودہ حکومت پوری تندہی کے ساتھ کام کا آغاز کر رہی ہے ،عبدالعلیم خان نے کہا کہ ایل ڈی اے سمیت دیگر شہری ادارے بھی قبضے میں موجودہ سرکاری اراضی کی نشاندہی کریں اور محکمہ بلدیات کے افسر انتظامیہ کی مدد سے اس امر کو یقینی بنائیں کہ حکومت کی ایک ایک انچ جگہ بھی واپس لی جا رہی ہے ، عبدالعلیم خان نے کہا کہ وہ اس آپریشن کی ذاتی طور پر نگرانی کریں گے اور کہیں بھی کسی سے رو رعائیت کی شکل میں سخت ایکشن لیا جائے گا ،انہوں نے ضلعی انتظامیہ اور پولیس حکام کو بھی ہدایت کی کہ وہ امن و امان برقرار رکھنے اور کہیں بھی کسی قسم کی نا خوشگوار سے بچنے کیلئے تمام ضروری اقدامات برؤئے کار لائیں اور طاقت کے غیر ضروری استعمال سے اجتناب کریں ،سینئر وزیر پنجاب نے میڈیا کو بھی صورتحال سے با خبر رکھنے اور عوام کو اس آپریشن کے خدو خال سے آگاہ کرنے کی تاکید کی ۔
دریں اثناء سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور وہاں تجاوزات کے حوالے سے پائی جانے والی شکایات کا جائزہ لیا ،انہوں نے لوگوں کو یقین دلایا کہ حکومت کسی سے زیادتی نہیں ہونے دے گی اور تما م اقدامات آئین و قانون کے مطابق ہی ہوں گے،انہوں نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ ناجائز تعمیرات کے خاتمے کیلئے رضاکارانہ طور پر سامنے آئیں اور حکومت سے اس مہم کی کامیابی کیلئے بھرپور تعاون کریں ،عبدالعلیم خان نے کہا کہ تبدیلی کے اس سفر میں ہر شہری کو اپنا حصہ ڈالنا ہے اور عمران خان نے اپنے وعدے پورے کرنے شروع کر دیے ہیں اب ہمارا فرض ہے کہ ہم ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیتے ہوئے آگے بڑھیں اور اپنا قومی فریضہ ادا کریں ۔ ***
تبصرے
ایک تبصرہ شائع کریں