سینئر وزیر عبدالعلیم خان کی نئے بلدیاتی بل و دیگر صوبائی امور پر وزیر اعظم کو بریفنگ

صوبے بھر میں تجاوزات کے خلاف آپریشن آخری ہدف تک جاری رہے گا :عبدالعلیم خان

سرکاری اراضی کی واگزاری میں شہری بھی تعاون کریں ، قانون کی حکمرانی قائم کریں گے 

سینئر وزیر عبدالعلیم خان کی نئے بلدیاتی بل و دیگر صوبائی امور پر وزیر اعظم کو بریفنگ

لاہور۔2اکتوبر :۔۔( )سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ صوبے بھر میں تجاوزات کے خلاف شروع ہونے والا آپریشن آخری ہدف تک جاری رہے گا اور کسی سے کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی اور قانون کی حکمرانی قائم کر کے رہیں گے ،عبدالعلیم خان نے کہا کہ سرکاری اراضی کی واگزاری میں شہری بھی تعاون کریں اور کسی جگہ بھی الجھاؤ کی کیفیت پیدا نہ ہونے دیں ، انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے اقتدار میں آنے کے ایک مہینے کے بعد ہی اپنے وعدوں پر عمل پیرا ہونا شروع کر دیا ہے اور اپنے ووٹرز کی ناراضگی مول لے کر ثابت کیا ہے کہ حکومت کیلئے ہر شہری برا بر کی حیثیت رکھتا ہے ،عبدالعلیم خان نے اسلام آباد سے واپسی پر گفتگو کرتے ہوئے پہلے روز کے آپریشن میں شہری اداروں اور انتظامیہ کے رویے کو ذمہ دارانہ قرار دیتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ آئندہ بھی ایسے ہی طرز عمل کا مظاہرہ کیا جائے گا ،سینئر وزیر نے کہا کہ تجاوزات کے خاتمے اور سرکاری زمین کی واپسی کیلئے ہر ضلع کیلئے ٹارگٹ مقرر کر دیا گیا ہے اور صرف لاہور شہر میں31ہزار کنال سے زیادہ زمین پر قبضہ چشم کشا ہے جس پر سابقہ حکومت کی مسلسل10برسوں تک کی غفلت قابل افسوس ہے ،عبدالعلیم خان نے مزید کہا کہ اس مہم کا مقصد کسی قسم کی سیاسی حمائیت یا مخالفت نہیں بلکہ خالصتاً یہ ثابت کرنا ہے کہ سب سے سپریم آئین اور قانو ن ہے جس کی بالادستی کیلئے کسی قسم کی رکاوٹ کو خاطر میں نہیں لایا جائے گا۔
سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے بتایا کہ انہوں نے وزیر اعظم پاکستان عمران خان سے ملاقات میں انہیں پنجاب کے مجوزہ نئے بلدیاتی ڈھانچے پر تفصیلی بریفنگ دی ہے اور اب اُن کی طرف سے حتمی گرین سگنل کا انتظار ہے ،انہوں نے بتایا کہ پنجاب میں تجاوزات کے خاتمے پر بھی حقائق وزیر اعظم کے علم میں لائے گئے ہیں اور انہیں بتایا گیا ہے کہ کسی طرح بھی اس آپریشن کو منطقی انجام تک پہنچنے سے قبل روکا نہیں جائے گا ،انہوں نے کہا کہ متعلقہ افسران کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ تجاوزات کے مستقل بنیادوں پر خاتمے کو یقینی بنایا جائے اور اگر آئندہ کسی جگہ ایسی شکائیت ملی تو متعلقہ محکمہ اس کا ذمہ دار ہو گا ،عبدالعلیم خان نے کہا کہ وہ خود بھی تمام ڈویژنل ہیڈ کو آرٹرز کا دورہ کریں گے تاکہ فیلڈ افسران کی طرف سے بھی دیے گئے اہداف حاصل کرنے کو یقینی بنایا جاسکے ۔ 
***
بہ تسلیمات نظامت اعلیٰ ہینڈ آؤٹ 1976 /گوھر/احسن
تعلقات عامہ حکومت پنجاب لاہور ۔فون نمبر 99201390 ہینڈ آؤٹ (اے)

تبصرے