وسائل کے مطابق بہترین حکمت عملی سامنے لا رہے ہیں،عبدالعلیم خان کی گفتگو

سینئر وزیر کی زیر صدارت 100روزہ پلان پر اجلاس،7نومبر کو وزیر اعظم کو پیش ہو گا

وسائل کے مطابق بہترین حکمت عملی سامنے لا رہے ہیں،عبدالعلیم خان کی گفتگو

تعلیم،صحت،زراعت ،لیبر،انڈسٹری،سماجی بہبود و دیگر وزراء کی سینئر وزیر کو بریفنگ 

لاہور۔31اکتوبر:۔۔۔( )سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ 2 ماہ سے پنجاب کے مختلف محکموں میں 100روزہ پلان پر تیزی سے کام جاری ہے جسے وزیر اعلیٰ پنجاب کی منظوری کے بعد حتمی شکل دے کر 7نومبر کو وزیر اعظم عمران خان کو پیش کیا جائے گا ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں اعلیٰ سطحی اجلا س کی صدارت کرتے ہوئے کیا جس میں 14مختلف محکموں کے وزراء اور سیکرٹری صاحبان موجود تھے جنہوں نے اپنے اپنے محکموں کے حوالے سے بریفنگ دی ،سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ 100روزہ پلان ہر لحاظ سے عوامی امنگوں کا ترجمان ہو گا جس کے تحت آنے والے برسوں کیلئے ہر شعبے میں واضح تبدیلی لائیں گے ،انہوں نے کہا کہ موجود وسائل کے مطابق بہترین حکمت عملی سامنے لا رہے ہیں جس سے عام آدمی کو روز مرہ زندگی میں نمایاں بہتری محسوس ہو گی ۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ بد قسمتی سے گذشتہ حکومت کی بد عنوانی ہر شعبہ میں آڑے آرہی ہے ،خزانہ خالی پڑا ہے اورہر اہم محکمہ مقروض ہو چکا ہے انہون نے کہا کہ 100روزہ پلان کا مقصد عمران خان کے وژن کے مطابق ہر شہری کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنا ہے جس کیلئے وزراء صاحبان مربوط اقدامات اور ٹھوس تجاویز کے ساتھ سامنے آرہے ہیں ،انہوں نے کہا کہ تعلیم ،صحت ،زراعت اور لایؤ سٹاک جیسے محکموں سے عام آدمی کا بلاواسطہ تعلق ہے اور یہاں بہتری لانے کی بڑی گنجائش موجود ہے ۔سینئر وزیر نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان پنجاب کے تمام شعبوں میں نمایا ں بہتری لانے کے خواہاں ہیں اور اس ضمن میں ان کی ہدایات پر 100فیصد عمل کیا جا رہا ہے ۔
اجلاس میں سینئر وزیر کو بریفنگ دیتے ہوئے وزیر تعلیم نے اپنے محکمے میں غیر موجود سہولتوں اور ملازمین کے عداد و شمار کا ڈیٹا بیس کمپیوٹر رائز کرنے ،تمام سکولوں میں ایوننگ شفٹ کے اجراء اور دیگر اہم امور کے بارے میں بتایا ۔انڈسٹریز کے وزیر نے ووکیشنل یونیورسٹیز کے قیام اور صنعتی ترقی پر بریفنگ دی ،وزیر صحت نے ہسپتالوں کی حالت بہتر بنانے اور ہیلتھ کی سہولتوں میں اضافے کی تفصیلات سے آگاہ کیا جبکہ وزیر زراعت نے کسانوں کیلئے قرضوں اور سبسڈی کے حوالے سے گفتگو کی ،لائیو سٹاک ،بلدیات ،ہاؤسنگ اور وومن ڈویلپمنٹ کے سیکرٹری صاحبان نے اجلا س کو اپنے اپنے محکموں کے حوالے سے 100روزہ پلان پر کی گئی ورکنگ سے آگاہ کیا ،اس موقع پر صوبائی وزراء،میاں اسلم اقبال ،ڈاکٹر یاسمین راشد ،مراد راس،راجہ یاسر ہمایوں ،نعمان لنگڑیال ،رائے تیمور بھٹی اور آشفہ ریاض فتیانہ نے سینئر وزیر کو اپنے اپنے محکموں کے بارے میں بریفنگ دی ،عبدالعلیم خان نے100روزہ پلان پر محنت سے کام کرنے پر صوبائی وزراء کی محنت کو سراہتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ اس منصوبہ پر عمل درآمد تک اسی جوش و جذبہ کے ساتھ کام جاری رکھا جائے گا۔

بہ تسلیمات نظامت اعلیٰ ہینڈ آؤٹ 3301 /گوھر/احسن 
تعلقات عامہ حکومت پنجاب لاہور۔فون نمبر99201390 ہینڈ آؤٹ (اے)

تبصرے