شکر ہے کسی کو یادتو آیا کہ وہ لاہور کا مئیر ہے، کچی آبادیوں کے خلاف آپریشن نہیں ہوگا
پنجاب میں شفافیت کے ساتھ منصوبوں کی تکمیل یقینی بنائیں گے :سینئر وزیر عبدالعلیم خان
کسی قسم کی کک بیک لیں گے نہ کسی کو لینے دینگے،انفرا سٹرکچر میں بہتری لائی جائے گی
شکر ہے کسی کو یادتو آیا کہ وہ لاہور کا مئیر ہے، کچی آبادیوں کے خلاف آپریشن نہیں ہوگا
لاہور۔4اکتوبر:۔۔( )سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ صرف دعوے نہیں بلکہ عملی طور پر پنجاب میں شفافیت کے ساتھ منصوبوں کی تکمیل یقینی بنائیں گے ،سابقہ حکومت کی چھوڑی ہوئی کانٹوں کی سیج کا سامنا ہے اور یہ چیلنج قبول کرتے ہوئے کامیابی سے آگے بڑھیں گے ، آج اسمبلی چیمبر ز میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے سینئر وزیر نے کہا کہ مختلف شعبوں میں بہت سا کام کرنے کی گنجائش موجودہے جس کیلئے ہوم ورک کا آغاز ہو چکا ہے ،انہوں نے کہا کہ کسی قسم کی کک بیک لیں گے نہ ہی کسی کو لینے دینگے اور نئے ویژن کے ساتھ پنجاب بھر کے انفرا سٹرکچر میں بہتری لائی جائے گی ، عبدالعلیم خان نے تجاوزات کے خاتمے اور صفائی ستھرائی کی مہم سے متعلق اعلیٰ افسران سے رپورٹ طلب کی ،انہوں نے کہا کہ کوڑا کرکٹ اور کچرے کی بر وقت اٹھائی کو یقینی بنانے کیلئے نئے سرے سے عالمی کمپنیوں کو دعوت دی جائے اور اس ضمن میں انٹر نیشنل ٹنڈرز کو یقینی بنایا جائے ،سینئر وزیر کو بتایا گیا کہ ضرار شہید روڈ کے گر دو پیش40نئے کوڑے دان رکھے جا رہے ہیں جس سے صفائی کی صورتحال میں فوری بہتری آئے گی ،پنجاب اسمبلی میں مختلف اراکین اسمبلی نے بھی سینئر وزیر عبدالعلیم خان سے ملاقات کی اور انہیں اپنے اپنے علاقوں کے مسائل کے حوالے سے آگاہ کیا ۔
سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کچی آبادیوں کو گرانے کے حوالے سے کسی قسم کا آپریشن نہیں ہوگا وہ پہلے ہی ہدایات دے چکے ہیں کہ تجاوزات کے خلاف جاری موجودہ مہم کا مقصد قبضہ مافیا اور طاقتور لوگوں کے خلاف کاروائی کو یقینی بنانا ہے اور کسی صورت بھی ایک یا دو مرلے اور جھگیوں میں آباد شہریوں کے خلاف کسی قسم کی کاروائی نہیں ہوگی ،سینئر وزیر نے بتایا کہ پنجاب بھر کے ڈپٹی کمشنرز کو اس ضمن میں ہدایات جاری کر دی گئی ہیں جن پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا،بلدیاتی چیئرمینوں کے احتجاج کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے سینئر وزیر پنجاب کاکہنا تھا کہ شکر ہے کہ کسی کو خیال تو آیا کہ وہ لاہور کا مئیر ہے ،انہوں نے کہا کہ ماضی کے بے اختیار بلدیاتی نظام کے مقابلے میں ہم ایسا مئیر لائیں گے جسے مکمل مالیاتی و انتظامی اختیارات حاصل ہونگے، ایک سوال کے جواب میں عبدالعلیم خان نے کہا کہ انہیں وزیر اعلیٰ نے جو اختیارات تفویض کیے ہیں وہ اُن کا استعمال عمل میں لاتے ہیں ،پارٹی قیادت انہیں جو بھی ذمہ داری سونپے گی وہ اسے ضرور پورا کرنے کی کوشش کریں گے ۔
بہ تسلیمات نظامت اعلیٰ ہینڈ آؤٹ 2015 /گوھر/احسن
تعلقات عامہ حکومت پنجاب لاہور۔فون نمبر99201390 ہینڈ آؤٹ (اے)

تبصرے
ایک تبصرہ شائع کریں