ایل ڈی اے سٹی کا نیا سکینڈل سامنے آنے والا ہے :سینئر وزیر عبدالعلیم خان کی میڈیا سے گفتگو

پریس ریلیز 

وفاق ہی نہیں پنجاب کا خزانہ بھی خالی ہے ،لٹیرے مظلوم بننے کا ڈرامہ کر رہے ہیں:عبدالعلیم خان

حالات مشکل لیکن عارضی ہیں ،عمران خان خطاب میں پنجاب کی اصل صورتحال سامنے رکھیں گے
دم پر پاؤں آیا ہے تکلیف تو ہو گی ،حمزہ شہباز 10برس میرے خلاف کاروائی نہ کرنے کا جواب دیں 

ایل ڈی اے سٹی کا نیا سکینڈل سامنے آنے والا ہے :سینئر وزیر عبدالعلیم خان کی میڈیا سے گفتگو

لاہور۔3اکتوبر:۔( )سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ وفاق ہی نہیں پنجاب کا خزانہ بھی خالی ہے ،گزشتہ10برسوں سے پنجاب پر قابض حکمرانوں نے اپنی 125ارب روپے کی کمیشن کیلئے 300ارب کا اورنج لائن ٹرین کا منصوبہ دیا ،اسی طرح 18ارب روپے کے بھکی پاور پلانٹ کیلئے70ارب روپے ادا ہو چکے ہیں اور بجلی کا نام و نشان نہیں ، عبدالعلیم خان نے کہا کہ موجودہ مشکل حالات عارضی ہیں اور وزیر اعظم عمران خان اپنے خطاب میں پنجاب کی اصل صورتحال سامنے رکھیں گے جس سے جلد از جلد نکلنے کا راستہ تلاش کریں گے ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ،عبدالعلیم خان نے کہا کہ حکومت 25ارب روپے کی سبسڈی کے ساتھ کسی منصوبے کو چلانے کی متحمل نہیں ہو سکتی ، انہوں نے کہا کہ آج ہم پر الزامات لگانے والے کہاں سوئے رہے؟درحقیقت ان کی دم پر پاؤں آیا ہے اب تکلیف تو ہو گی ،عبدالعلیم خان نے حمزہ شہباز سے سوال کیا کہ اگر اُن پر زمینوں پر قبضے کا الزام ہے تو کیوں 10برسوں میں ان کے خلاف ایک بھی ایف آئی آر درج نہیں کروائی ،میڈیا کو وہ زمین کیوں نہیں دکھائی جس پر میرے قبضے کا الزام ہے ،قوم سے مسلسل جھوٹ بولنے والوں کو شرم آنی چاہیے میں جواب میں ایسا نہیں کروں گا بلکہ پہلے مقدمہ درج کرواؤں گا پھر الزامات کی بات ہو گی ،عبدالعلیم خان نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مکمل طور پر با اختیار ہیں اور انہی کے دیے ہوئے اختیارات میں استعمال کرتا ہوں تاکہ مختلف شعبوں میں اہم امور پر آگے بڑھایا جا سکے ،ایک سوال کے جواب میں عبدالعلیم خان نے کہا کہ بلدیاتی بل کا مسودہ پنجاب اسمبلی کے اس اجلاس میں پیش نہیں ہو گا اُن پر کام جاری ہے اور آئندہ کے اجلاس میں یہ بل ٹیبل ہو گا ، عبدالعلیم خان نے کہا کہ لاہور میں ایل ڈی اے سٹی کی شکل میں نیا سکینڈل سامنے آنے والے ہے جس کیلئے سابقہ حکومت نے سرپرستی کی ،ایک اور سوال پر عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ رانا مشہود مسلسل 10برس اقتدار میں رہنے کے بعد اب صدمے کی حالت میں ہیں اُن سے ہمدرد ی ہے،امید ہے اُن کی"صحت"جلد بہتر ہو گی ،سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ انہوں نے بطور صدر سینٹرل پنجاب800لوگوں کے انٹر ویو کیے اُن میں کوئی "بم"یا"میزائل"بھی آ گیا ہوگا جس کا اُن سے یا اُن کی پارٹی سے کوئی تعلق نہیں ، عبدالعلیم خان نے میڈیا کے سوالوں کے برجستہ جواب دیے اور حمزہ شہباز کے حوالے سے غالب کا شعر بھی پڑھا جو کچھ یوں تھا کہ "کی میرے قتل کے بعد اُس نے جفا سے توبہ۔۔۔ہائے اُس زود پشیماں کا پشیماں ہونا "۔
دریں اثناء سینٹ الیکشن میں کامیابی پر سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے پی ٹی آئی کے نو منتخب سینیٹر ڈاکٹر شہزاد وسیم کے ہمراہ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہیں مبارکباد دی اور کہا کہ ایک مرتبہ پھر پنجاب اسمبلی میں پی ٹی آئی کی اکثریت ثابت ہو گئی ہے اور اراکین اسمبلی نے عمران خان کی قیادت پر اپنے بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے ،انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر شہزاد وسیم سینٹ میں پنجاب سے ایسی آواز بن کر ابھریں گے جس سے ملک کے سب سے بڑے صوبے کی بھرپور نمائندگی ہو گی ،نو منتخب سینیٹر ڈاکٹر شہزاد وسیم نے بھی سینئر وزیر عبدالعلیم خان کا بھرپور تعاون کا شکریہ ادا کیا جس کے باعث انہیں پنجاب سے سینیٹر منتخب ہونے کا موقع ملا ،انہوں نے اپنی کامیابی کو عمران خان اور تحریک انصاف کے مرہون منت قرار دیا۔ ***




تبصرے