آئندہ 24گھنٹوں کے بعد کہیں کوڑا کرکٹ نظر نہیں آنا چاہیے: عبدالعلیم خان

سینئروزیر پنجاب کی تمام شہروں میں صفائی کی صورتحال فوری بہتر بنانے کی ہدایت

امن و امان کی صورتحال کے باعث رکاوٹ تھی ، اب حالات معمول پر لائے جائیں

آئندہ 24گھنٹوں کے بعد کہیں کوڑا کرکٹ نظر نہیں آنا چاہیے: عبدالعلیم خان

لاہور، 03نومبر:( )سینئروزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے ہدایت کی ہے کہ صوبے کے تمام شہروں میں صفائی ستھرائی کی صورتحال کو فوری طور پر بہتر بنایا جائے اور آئندہ 24گھنٹوں کے بعد کہیں کوڑے کرکٹ کے ڈھیر نظر نہیں آنے چاہیں۔ انہوں نے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے مینجنگ ڈائریکٹر کو لاہور کی ہر یونین کونسل کے کوڑے دان خالی کرنے اور گند ٹھکانے لگانے کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دینے کا حکم دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان کی صورتحال کے باعث رکاوٹیں حائل تھیں مگر ا ب راستے کھل جانے کے بعد ہنگامی بنیادوں پر کوڑے کرکٹ کو لینڈفل سائٹس تک پہنچایا جائے تا کہ شہریوں کو نارمل ماحول میسر ہو سکے۔ انہوں نے سالڈ ویسٹ کے افسران کو خود فیلڈ میں نگرانی کرنے اور دو تین دن سے پڑے ہوئے ویسٹ کو فوری طور پر اٹھانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ہر علاقے کے کنٹینرز خالی ہونے چاہیں اور کہیں کسی قسم کی کوتاہی نہ برتی جائے،سینئروزیر عبدالعلیم خان نے مزید کہا کہ پنجاب کے اکثر بڑے شہروں میں کوڑا کرکٹ ایک مسئلہ بنا ہوا تھا اب بلخصوص گوجرانوالہ، فیصل آباد اور ملتان کے شہروں میں سالڈ ویسٹ کی ڈسپوزل کیلئے جدید تقاضوں کے مطابق کام شروع کیا جا رہا ہے اور پہلے مرحلے میں گوجرانوالہ کیلئے لینڈ فل سائٹس کی جگہ کا انتخاب ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کے بعد فیصل آباد اور ملتان میں بھی عملی کام کا آغاز کر دیا جائے گا۔ عبدالعلیم خان نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ بروقت صفائی کو یقینی بنانے میں اپنا کردار ادا کریں اور شہری اداروں سے تعاون کرتے ہوئے جگہ جگہ گندگی پھیلانے سے گریز کریں، اسی طرح اپنے گھروں کا ویسٹ باقاعدہ بیگ میں ڈال کر کنٹینر تک پہنچائیں۔ 
عبد العلیم خان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ انشاء اللہ آنے والے دنوں میں پنجاب کے تمام شہروں میں صفائی کے حوالے سے بہترین صورتحال سامنے لائیں گے اور کسی جگہ بھی کوتاہی نہیں ہوگی ،انہوں نے کہا کہ شہری اداروں کو عوامی توقعات کے مطابق نتائج دینے ہوں گے اور صرف دفتر ی کاروائیوں اور رپورٹوں سے کام نہیں چلے گا ،سینئر وزیر نے کہا کہ صفائی کے نام پر گزشتہ حکومت نے لوٹ مار کا بازار گرم رکھا تھا جس کا اب مکمل آڈٹ کیا جا رہا ہے اور ذمہ داران کے خلاف چھان بین کے بعد سخت ترین کاروائی عمل میں لائی جائے گی ۔
بہ تسلیمات نظامت اعلیٰ ہینڈ آؤٹ 3320 /گوھر/احسن 
تعلقات عامہ حکومت پنجاب لاہور ۔فون نمبر99201390 ہینڈ آؤٹ (اے)

تبصرے