باہمی تعاون اور رضاکارانہ خدمات کی حوصلہ افزائی ہونی چاہیے :اخوت کی تقریب سے خطاب
بلا سود قرضوں کے ذریعے خود روزگار کے مواقع پیدا کرنا بڑی قومی خدمت ہے :عبدالعلیم خان
عمران خان نیک نیتی سے کاوشیں کر رہے ہیں ، حالات بہت جلد بہتری کی طرف جائیں گے
باہمی تعاون اور رضاکارانہ خدمات کی حوصلہ افزائی ہونی چاہیے :اخوت کی تقریب سے خطاب
لاہور۔20نومبر :۔۔( ) سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ مائیکرو فنانس کے ذریعے لوگوں کو معاشی استحکام دلانا خوش آئند اقدام ہے ،اسی طرح بلا سود قرضوں کے ذریعے خود روزگار کے مواقع پیدا کرنا بڑی قومی خدمت ہے اس کار خیر میں غیر سرکاری اداروں اور مخیر حضرات کو بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے اخوت کے زیر اہتمام 1580خواتین و حضرات کو چھوٹے قرضوں کے چیکس کی تقسیم کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،عبدالعلیم خان نے کہا کہ کسی بھی معاشرے میں تن تنہا حکومت تمام امور نہیں نمٹا سکتی اور سماجی تنظیموں اور غیر منافع بخش اداروں کے ذریعے حکومتی کاوشوں میں ہاتھ بٹانا لائق تحسین امر ہے ،انہوں نے کہا کہ غربت کا خاتمہ موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے جس کیلئے پہلے100روزہ پلان میں ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کی سفارش کی گئی ہے ،سینئر وزیر پنجاب نے کہا کہ چھوٹے چھوٹے کاروباراورگھریلو صنعتوں کے ذریعے معاشی ترقی میں حکومت کا ساتھ دیا جا سکتا ہے اور ضرورت اس امر کی ہے کہ باہمی تعاون اور رضا کارانہ خدمات کی بھرپور حوصلہ افزائی کی جائے ،عبدالعلیم خان نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نیک نیتی کے ساتھ درست سمت میں کاوشیں کر رہے ہیں اور انشاء اللہ حالات بہت جلد بہتری کی طرف جائیں گے ،انہوں نے کہا کہ پاکستان کی نئی حکومت کو اقوام عالم میں پذیرائی حاصل ہو رہی ہے جبکہ موجودہ قومی قیادت عمران خان کی سربراہی میں دوٹوک انداز میں پاکستان کا موقف دنیا پر واضح کر رہی ہے ،انہوں نے اخوت کے زیر اہتمام خواتین کی بڑی تعداد کو مختلف چھوٹے کاروبار کیلئے قرضوں کی فراہمی کو خوش آئند قرار دیا اور اس ادارے کی سرگرمیوں کو سراہتے ہوئے انہیں اپنے بھرپورتعاون کا یقین دلایا ،عبدالعلیم خان نے کہا کہ دربار حضرت میاں میر میں منعقدہ اس تقریب کو اس علاقے کی بہتری کیلئے بھی اہم قدم قرار دیا ،انہوں نے کہا کہ 1500سے زائد شہریوں میں 4کروڑ42لاکھ روپے کا بلا سود قرضہ انہیں معاشی استحکام سے ہمکنار کرے گا اور وہ اپنے پاؤں پر کھڑے ہو سکیں گے ۔
ادارہ اخوت کے چیئرمین ڈاکٹر امجد ثاقب نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم مدینہ کی ریاست کے اصل ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں اور یہ ادارہ گزشتہ18برسوں سے شہریوں کو بلا سود قرضے فراہم کرنے کا دینی فریضہ سر انجام دے رہا ہے ،انہوں نے کہا کہ اس مشن کی کامیابی کا منہ بولتا ثبوت یہ ہے کہ قرضوں کی واپسی کی شرح99.99فیصد ہے جو کہ دنیا بھر کے غیر سرکاری اداروں میں ریکارڈ کی حیثیت رکھتا ہے ،اس موقع پر سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے مختلف شہریوں کو قرضوں کی فراہمی کے چیک تقسیم کیے ،اُن سے اُن کے کاروبار کے متعلق دریافت کیا اور اُن کی کامیابی کی دعا کی جبکہ مختلف لوگوں نے سینئر وزیر عبدالعلیم خان کو اپنے مسائل سے بھی آگاہ کیا جن کے فوری حل کی یقین دہانی کرائی گئی۔
تبصرے
ایک تبصرہ شائع کریں