صحت کی سہولتوں کی فراہمی پر سمجھوتہ نہیں ہوگا ، عوامی شکایات کا ازالہ کرینگے:عبدالعلیم خان

سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان کا میاں میر ہسپتال کا اچانک دورہ ،بہتری لانے کی ہدایت

صحت کی سہولتوں کی فراہمی پر سمجھوتہ نہیں ہوگا ، عوامی شکایات کا ازالہ کرینگے:عبدالعلیم خان

میاں میر ہسپتال کے آؤٹ ڈور میں روزانہ 1000سے زائد مریض مستفید ہوتے ہیں :بریفنگ

لاہور۔22نومبر :۔۔( )سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ ماضی کے مقابلے میں موجودہ حکومت صحت کے شعبے میں کہیں زیادہ ترجیحی بنیادوں پر اصلاحا ت لانا چاہتی ہے جس کیلئے عملی کام کا آغاز بھی کر دیا گیا ہے ،انہوں نے کہا کہ شہریوں کو صحت کی سہولتوں کی فراہمی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا اور اس ضمن میں عوامی شکایات کا ہر قیمت پر ازالہ کریں گے ،ان خیالات کا اظہار عبدالعلیم خان نے گورنمنٹ میاں میر ہسپتال کے اچانک دورے کے موقع پر مریضوں اور شہریوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ،انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومت نے دانستہ طور پر کئی برسوں تک میاں میر ہسپتال کو صرف اس لیے نظر انداز کیا کہ اس کے باہر عبدالعلیم خان کی تختی لگی ہوئی تھی،بڑے بڑے دعوے کرنے والے شہباز شریف اپنی نیم پلیٹ نہ ہونے کا بدلہ شہریوں سے لیتے رہے اور اس ادارے کو مکمل طور پر فنکشنل نہیں کیا گیا ، عبدالعلیم خان نے کہا کہ آج بھی میاں میر ہسپتال کے مختلف شعبوں میں بہتری کی بڑی گنجائش موجود ہے اور شہریوں کو اس ادارے کے حوالے سے کئی ایک تحفظات ہیں جن کو جلد از جلد دور کرنا ہوگا ، سینئر وزیر پنجاب نے ہسپتال انتظامیہ کو آئی وارڈ ، گائنی کے شعبے اور مریضوں کو ادویات کی فراہمی و تشخیصی ٹیسٹ کے بارے میں پریشانیوں کو دور کرنے کی ہدایت کی اور ہسپتال کے ان ڈور اور آؤٹ ڈور کے معیار کو بہتر بنانے کیلئے تجاویز پیش کرنے کا حکم دیا ، عبدالعلیم خان نے کہا کہ انہوں نے اپنے دور وزارت میں 2006-7میں اس ہسپتال کیلئے خاطر خواہ کام کیا تھا لیکن بد قسمتی سے شہریوں کو اُس انداز میں ا س کا بروقت فائدہ نہیں پہنچ سکا اب میاں میر ہسپتال کو شہر کا بہترین ادارہ بنانے کیلئے وہ خود اس امر کویقینی بنائیں گے کہ کسی قسم کی کوتاہی سرزدنہ ہو،اس موقع پر سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے ہسپتال کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا اور وہاں صفائی ستھرائی ،سکیورٹی اور ہسپتال کے دیگر امور کے حوالے سے تفصیلی جائزہ لیا اور صورتحال بہتر بنانے کیلئے موقع پر احکامات جاری کیے،عبدالعلیم نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے شوکت خانم میموریل ہسپتال کی شکل میں جدید تقاضوں سے ہم آہنگ عالمی معیار کا ادارہ قائم کر کے عملی مثال قائم کی ہے جس کی ہمیں بھی پیروی کرنی چاہیے۔ 
ہسپتال کے دورے کے موقع پر سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان کومیاں میر ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر محمد شہباز نے بتایا کہ اس وقت روزانہ 1000کے لگ بھگ مریضوں کو آؤٹ ڈور میں جبکہ250کے قریب شہریوں کوان ڈور کی سہولتیں حاصل ہیں ،انہوں نے ایمبولنس کی فراہمی سمیت ادارے کیلئے فنڈز اور ایچ آر کے مسائل کی نشاندہی کی ،ایم ایس نے بتایا کہ ہسپتال کی کارکردگی کو چند ماہ میں12سے52فیصد تک لے آئے ہیں اور انشاء اللہ سینئر وزیر عبدالعلیم خان کی ہدایات کے مطابق بہتری لانے کے عمل کو جاری رکھاجائے گا ۔













بہ تسلیمات نظامت اعلیٰ ہینڈ آؤٹ 3564 /گوھر/احسن
تعلقات عامہ حکومت پنجاب لاہو ر۔فون نمبر99201390 ہینڈ آؤٹ (اے)

تبصرے