لاہور سینی ٹیشن پراجیکٹ اور دیگر منصوبوں میں چینی کمپنیوں سے مستفید ہوں گے :سینئر وزیر

پنجاب کے 20شہروں میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے منصوبے شروع ہونگے :عبدالعلیم خان

ویسٹ کولیکشن سے اشیاء بنائیں گے، لوٹ مار کا دور گزر چکا اب سب کچھ شفاف طریقے سے ہو گا

لاہور سینی ٹیشن پراجیکٹ اور دیگر منصوبوں میں چینی کمپنیوں سے مستفید ہوں گے :سینئر وزیر

لاہور۔27نومبر :۔ سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ صوبے کے 20بڑے شہروں میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے نئی طرز پر اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ منصوبے شروع ہوں گے جن میں ماحولیاتی بہتری کے ساتھ ساتھ کوڑے کرکٹ کو قابل استعمال اشیاء اور بجلی بنانے کیلئے استعمال کیا جائے گا ، اس امر کا اظہار انہوں نے یہاں90شاہرائے قائد اعظم پر چینی وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ،عبدالعلیم خان نے کہا کہ چین سے لاہور سینی ٹیشن پراجیکٹ اور دیگر منصوبوں پر بات چیت حتمی مرحلے میں ہے اور پنجاب حکومت کی خواہش ہے کہ زیادہ سے زیادہ منصوبوں کو بی اوٹی کی بنیاد پر قابل عمل بنایا جائے تاکہ حکومتی خزانے پر کم سے کم بوجھ پڑے ،انہوں نے کہا کہ لوٹ مار کا دور گزر چکا ہے اب سب کچھ شفاف طریقے سے ہوگا اور اس امر کویقینی بنایا جائے گا کہ ان منصوبوں کا سارا عمل شفاف اور قوانین کے مطابق ہو ، سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے چینی کمپنیوں کو پیشکش کی کہ وہ پنجاب حکومت کی ایماندارانہ پالیسی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے کم سے کم چارجز کے ساتھ آگے آئیں تاکہ جلد از جلد ان پراجیکٹس پر کام کا آغاز ہو سکے ، عبدالعلیم خان نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کا ویژن بالخصوص پنجاب کو ایسا مثالی صوبہ بنانا ہے جہاں شہریوں کو زندگی کی تمام سہولتیں معیاری اور جدید تقاضوں کے مطابق میسر ہوسکیں ،اس مقصد کیلئے وزیر اعلیٰ پنجاب اور اُن کی ٹیم دن رات سرگرم عمل ہے اور انشاء اللہ صوبے کے ہر شہر میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کا بہترین نظام سامنے لائیں گے ،عبدالعلیم خان نے چینی وفد سے مختلف منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور انہیں اپنے اور پنجاب حکومت کی جانب سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا ۔
چین کے شینگ ڈان کانجیی سینی ٹیشن گروپ کی ژو ژیافی اور وونگ فی فان اور اُن کے پاکستانی ڈائریکٹرز شہزاد اقبال اور عائشہ محمود نے سینئر وزیر عبدالعلیم خان کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ان کا ادارہ چین میں بڑے نیٹ ورک کا حامل ہے جہاں اُن کی 120سب کمپنیاں چین کے 25صوبوں میں600منصوبے چلا رہی ہے جن میں یہ ادارہ700ملین یو آن سالانہ کے اثاثوں کا مالک ہے جبکہ 80ہزار ایمپلائز بھی اس ادارے میں کام کر رہے ہیں ، انہوں نے کراچی میں اپنے ادارے کی جانب سے دی جانے والی خدمات پر روشنی ڈالی اور پنجاب حکومت کے ساتھ بھی مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون اور بھرپور کام کرنے میں دلچسپی کا اظہار کیا ،چیئرمین پی اینڈ ڈی اور سیکرٹری بلدیات نے بھی اجلاس کو پنجاب حکومت کی طرف سے ان منصوبوں کے بارے میں آگاہ کیا ۔






بہ تسلیمات نظامت اعلیٰ ہینڈ آؤٹ 3628 /گوھر/احسن 
تعلقات عامہ حکومت پنجاب لاہور۔فون نمبر99201390 ہینڈ آؤٹ (اے) 

تبصرے