لاہور شہر کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے بائی لاز تشکیل دیں ، ڈاؤن ٹاؤن بنایا جائے

سینئر وزیر عبدالعلیم خان کی ایل ڈی اے کو لاہور کیلئے نئے ماسٹر پلان کی تیاری کی ہدایت 

لاہور شہر کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے بائی لاز تشکیل دیں ، ڈاؤن ٹاؤن بنایا جائے 

سینئر وزیر سے برطانوی ادارے ڈیفڈ کے وفد کی ملاقات ، مختلف منصوبوں کی تعمیر پر گفتگو

لاہور۔6نومبر:۔۔( )سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور دیگر متعلقہ اداروں کو لاہور شہر کیلئے نئے ماسٹر پلان کی تیاری اور بائی لاز تشکیل دینے کی ہدایت کر دی ہے ،اُن کا کہنا تھا کہ وقت آ گیا ہے کہ دیگر عالمی شہروں کی طرز پر لاہور شہر میں بھی ہائی رائز بلڈنگز کی تعمیر کی اجازت دی جائے ، لاہور کا ڈاؤن ٹاؤن بنانے کیلئے سفارشات مرتب کی جائیں اور شہر کی نئے سرے سے پلاننگ میں پارکنگ ،واٹر سپلائی و سیوریج اور دیگر ضروری امور کو خصوصی طور پر پیش نظر رکھا جائے ،سینئر وزیر نے یہاں اعلیٰ سطحی اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے اور ضلعی حکام کو ہدایت کی کہ وہ لاہور شہر کے بائی لاز کی تشکیل کیلئے دبئی سمیت عالمی شہروں سے رہنمائی حاصل کریں اور ملٹی سٹوری بلڈنگز کی تعمیر شروع کرنے کیلئے ٹھوس منصوبہ بندی کے ساتھ سامنے آئیں اگر 10منزلہ عمارت بن سکتی ہے تو 40یا50منزلہ کیوں نہیں ؟ہمیں لاہور شہر کو عالمی معیار کے برابر لانا ہوگا ،انہوں نے کہا کہ لاہور شہر میں مختلف نئی تعمیرات کیلئے انٹر نیشنل اداروں کو بی او ٹی کی بنیاد پر پیشکش کی جائے اور اچھی شہرت کے حامل مشاورتی اداروں سے انجینئرنگ کی خدمات حاصل کریں ،انہوں نے ایل ڈی حکام کو ہدایت کی کہ لاہور شہر کی نئی منصوبہ بندی کیلئے دیگر متعلقہ اداروں کے علاوہ سول سوسائٹی کو بھی آن بورڈ لیا جائے تاکہ باہمی مشاورت کے ساتھ بہتر سے بہتر پالیسیاں سامنے لائی جا سکیں اور نئے لاہور شہر کیلئے دیرپا منصوبہ بندی کے ساتھ کام کا آغاز ہو سکے۔
دریں اثناء سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان سے برطانوی ادارے ڈیفڈ کے2رکنی وفد نے بھی90شاہرائے قائد اعظم پر ملاقات کی اور اُن سے پنجاب کے مختلف شعبوں میں جاری اور نئے منصوبوں کے حوالے سے بات چیت کی ،وفد کے اراکین ڈیفڈ کے سربراہ جنال شاہ اور پالیسی آفیسر محمد سعد نے بتایا کہ اُن کا ادارہ تعلیم ، صحت ،انفراسٹرکچر اور دیگر شعبوں میں بالخصوص جنوبی پنجاب کیلئے کام کرنے کیلئے گہری دلچسپی رکھتا ہے ،سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے اپنی گفتگو میں کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کا ویژن ہر شعبے کو کرپشن سے پاک کر کے ٹھوس بنیادوں پر استوار کرنا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ ترقی ، نوجوانوں کیلئے روزگار اور مضبوط بنیادوں پر معاشرے کی تشکیل ممکن ہو سکے ،صوبائی وزیر میاں خالد محمود ،سیکرٹری بلدیات کیپٹن (ر) سیف انجم اور سپیشل مینجمنٹ یونٹ کے سربراہ فضیل آصف بھی اس موقع پر موجود تھے۔ 
بہ تسلیمات نظامت اعلیٰ ہینڈ آؤٹ 3351 /گوھر/احسن 
تعلقات عامہ حکومت پنجاب لاہور ۔فون نمبر99201390 ہینڈ آؤٹ (اے)

تبصرے