سینئر صوبائی وزیر کی اورنج لائن ٹرین کا ادھورا کام مکمل کرنے اور سٹیشنوں کو کمرشلائز کرنے کی ہدایات

زیرو ویسٹ پالیسی :کوڑے کرکٹ کیلئے سینئر وزیر پنجاب کا سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کو ایک ہفتے کا ٹاسک 

نئی کمپنیوں کو پیشکش کریں، کوڑا کرکٹ ڈمپ کرنے کی بجائے استعمال میں لایا جائے:عبدالعلیم خان

سینئر صوبائی وزیر کی اورنج لائن ٹرین کا ادھورا کام مکمل کرنے اور سٹیشنوں کو کمرشلائز کرنے کی ہدایات

لاہور۔7نومبر :۔۔( )سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے زیرو ویسٹ پالیسی پر عملدرآمد کرنے ،کوڑے کرکٹ کو ڈمپ کرنے کی بجائے استعمال میں لانے اور صفائی ستھرائی کو بر وقت یقینی بنانے کیلئے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے ادارے کو ایک ہفتے کا ٹاسک سونپ دیا ہے جس میں ہدایت کی ہے کہ ویسٹ کی ڈمپنگ کی بجائے دیگر ملکوں کی طرح اس سے کھاد ، چپ بورڈ ، ہارڈ وئیر اور دیگر مصنوعات تیار کی جائیں اور مختلف گیسوں اور بجلی کی پیداوار کیلئے بھی کوڑے کرکٹ کی پراسیسنگ کیلئے عملی اقدامات شروع کیے جائیں ، 90شاہرائے قائد اعظم پر منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس میں سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا کہ گندگی کو مختلف جگہوں پر ڈمپ کرنے سے زیر زمین پانی کے مضر صحت ہونے اور نزدیکی علاقوں میں تعفن و بدبو کے علاوہ ہیپاٹائٹس جیسی بیماریاں پھیلتی ہیں اور اب وقت آ گیا ہے کہ کوڑے کرکٹ کو پراسیس کر کے مختلف پراڈکٹس تیار کی جائیں جس سے نہ صرف ماحول بہتر ہو گا بلکہ فنڈز بھی حاصل ہوں گے ، عبدالعلیم خان نے سابقہ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ صرف لاہور شہر کی ویسٹ مینجمنٹ پر ماہانہ سوا ارب روپے خرچ ہو رہے ہیں جبکہ 16ہزار ملازمین کے کام کر نے کے باوجود مطلوبہ نتائج حاصل نہیں ہو رہے ،انہوں نے کہا کہ لاہور شہر کو دانستہ صرف 2کمپنیوں کے حوالے کرنا درست قدم نہیں تھا اب مستقبل میں نئی کمپنیوں کو پیشکش کریں گے ،سینئر وزیر نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ باہر نکلیں اور خود صفائی ستھرائی کے کاموں کا جائزہ لیں ،انہوں نے کہا کہ شہریوں کو ہر قیمت پر صاف ستھرا ماحول فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے جس سے کسی طور پہلو تہی برداشت نہیں کریں گے ۔
اسی اجلا میں سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے متعلقہ اداروں کو اورنج لائن ٹرین کا ادھورا کام جلد ازجلد دوبارہ شروع کرنے اور اسے کم سے کم وقت میں مکمل کرنے کی ہدایت کی ،انہوں نے کہا کہ اس قدر مہنگے منصوبے کی لاگت میں دن بدن مزید اضافہ ہو رہا ہے ،اورنج لائن ٹرین جیسے بھاری بھرکم منصوبے کو ادھور انہیں چھوڑ سکتے،سینئر وزیر نے اورنج لائن ٹرین کے تمام سٹیشنوں کو کمرشلائز کرنے اور ان کی اشتہاری اونر شپ مختلف بینکوں ، اداروں اور کمپنیوں کو آفر کرنے کی ہدایت کی تا کہ کاروباری اداروں کی شراکت سے فنڈز جنریٹ ہو سکیں اور سبسڈی میں کمی واقع ہو ،انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت مستقل طور پر کسی منصوبے میں بھاری سبسڈی دینے کی متحمل نہیں ہو سکتی ،نواز لیگ نے سفید ہاتھی جیسے منصوبے بنانے اور بھاری کمیشن کھانے کے علاوہ کچھ نہیں کیا ،انہوں نے ایل ڈی اے اور ضلعی انتظامیہ کو اورنج لائن ٹرین منصوبے کے حوالے سے ذمہ داریاں پوری کرنے کی ہدایت کی،اجلاس میں ڈی جی ایل ڈی اے اور ڈپٹی کمشنر لاہور نے اس پراجیکٹ کے حوالے سے بریفنگ دی۔

بہ تسلیمات نظامت اعلیٰ ہینڈ آؤٹ 3371 /گوھر /احسن
تعلقات عامہ حکومت پنجاب لاہور۔فون نمبر99201390 ہینڈ آؤٹ (اے)






تبصرے