رورل واٹر سپلائی سکیمیں ترجیحی بنیادوں پر مکمل ہوں گی،25914دیہات کی سکریننگ کرینگے

سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان کو80ارب روپے کے1100دیہاتوں کیلئے منصوبو ں پر بریفنگ

رورل واٹر سپلائی سکیمیں ترجیحی بنیادوں پر مکمل ہوں گی،25914دیہات کی سکریننگ کرینگے

دیہی علاقوں میں100فیصد ڈرینج ، سالڈ ویسٹ اور پینے کا صاف پانی چاہتے ہیں :عبدالعلیم خان

لاہور۔30نومبر :۔۔( )سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ دیہی علاقوں میں 100فیصد ڈرینج ، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی یقینی بنانا چاہتے ہیں تاکہ صوبے کی 80فیصد آبادی کو زندگی کی صحت مندانہ سہولتیں حاصل ہو سکیں ، انہوں نے کہا کہ پینے کے صاف پانی پر دیہی آبادی کا بھی پورا حق ہے اور اس مقصد کیلئے پنجاب میں واٹر سپلائی کے مسئلے کو جدید خطوط پر حل کیا جائے گا ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان میں ورلڈ بینک کے نمائندے سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے انہیں پہلے مرحلے میں پنجاب کے 1100دیہاتوں کیلئے 80ارب روپے کے منصوبوں پر بریفنگ دی جن میں بتایا گیا کہ کیسے ماڈرن طریقے اختیار کرتے ہوئے کم سے کم لاگت میں دیہاتوں کو نہروں و دیگر ذرائع سے پینے کا صاف پانی ، سینی ٹیشن کی سہولتیں اور ویسٹ مینجمنٹ یقینی بنائی جا سکتی ہے ۔
سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ پنجاب کے 25914دیہاتوں کی مرحلہ وار سکریننگ یقینی بنائیں گے اور حکومت دیہی علاقوں کیلئے شارٹ اور لانگ ٹرم پلاننگ پر عمل کرے گی ، انہوں نے کہا کہ واٹر سپلائی اور سیوریج کی سکیموں کیلئے جنوبی پنجاب کے اضلاع کو ترجیح دیں گے تاکہ وہاں کے رہائشیوں کوپیٹ کی بیماریوں سمیت صحت کے خطرات سے بچایا جا سکے ، عبدالعلیم خان نے کہا کہ سابق حکومت نے صاف پانی کے نام پر قومی خزانے کو اربوں روپے کا ٹیکہ لگایا جس کا عا م آدمی کو ایک ٹکے کا فائدہ نہیں ہوا ، انہوں نے کہا کہ اب قومی خزانے کی ایک ایک پائی اور ورلڈ بینک سے ملنے والی رقم کو مکمل شفاف انداز میں خرچ کیا جا ئے گا تاکہ صوبے کی دیہی آبادی میں تیزی سے مثبت تبدیلیاں لائی جا سکیں ۔
عالمی بینک کے نمائندے فرحان سمیع نے سینئر وزیر عبدالعلیم خان کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اس منصوبے کیلئے ورلڈ بینک بھاری رقم دینا چاہتا ہے جس کے پہلے مرحلے میں80ارب روپے زیرو فیصد کی شرح پر دیں گے ،اس موقع پر طے پایا کہ پنجاب حکومت اور ورلڈ بینک کی ٹیم کا اگلا سیشن ہو گا جس میں تفصیلات کو حتمی شکل دی جائے گی ۔

بہ تسلیمات نظامت اعلیٰ ہینڈ آؤٹ 3689 /گوھر/احسن
تعلقات عامہ حکومت پنجاب لاہور ۔فون نمبر99201390 ہینڈ آؤٹ (اے) 

تبصرے