تمام منصوبے عالمی معیار اور بی او ٹی کی بنیاد پر مکمل کیے جائیں :سینئر وزیر پنجاب کی ہدایت
پنجاب کے 14اضلا ع کیلئے رواں مالی سال میں بین الاضلاعی سڑکوں کی تعمیر کا فیصلہ
انفراسٹرکچر کیلئے عملی اقدامات کرینگے ، دور دراز کے اضلاع ترجیح ہونگے:عبدالعلیم خان
تمام منصوبے عالمی معیار اور بی او ٹی کی بنیاد پر مکمل کیے جائیں :سینئر وزیر پنجاب کی ہدایت
لاہور۔24دسمبر :۔۔( )سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس میں پنجاب کے14اضلاع کیلئے رواں مالی سال میں بین الاضلاعی سڑکوں کی تعمیر و توسیع کا فیصلہ کیا گیا ہے سینئر وزیر نے ہدایت کی ہے کہ تمام اضلاع میں سڑکوں کی تعمیر بی او ٹی کی بنیاد پر عمل میں لائی جائے اور اس منصوبے کیلئے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے ماڈل کو بھی مد نظر رکھا جائے گا ، عبدالعلیم خان نے کہا کہ صوبے میں انفراسٹرکچر کی بہتری کیلئے عملی اقدامات اٹھائیں گے اور پنجاب کے دور دراز کے اضلاع میں سڑکوں کی تعمیر ترجیحی بنیادوں پر عمل میں لائے جائے گی ،انہوں نے ہدایت کی کہ ان14اضلاع میں سڑکوں کی تعمیر عالمی معیار کی حامل ہونی چاہیے اور ان دو رویہ بین الاضلاعی سڑکوں کے دونوں اطراف24فٹ پکی جگہ چھوڑی جائے ،اسی طرح گردو پیش میں گرین بیلٹ چھوڑنے اور زیادہ سے زیادہ درخت لگانے کا بھی اہتمام کیا جائے تاکہ کلین اینڈ گرین پنجاب کے پروگرام پر بھی عملدرآمد ہو سکے ،عبدالعلیم خان نے سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو کو اس ضمن میں فوری پیش رفت کرنے کی ہدایت کی تاکہ ٹریفک کے حادثات والے اضلاع میں ترجیحی بنیادوں پر نئی سڑکوں کی تعمیر عمل میں لائی جا سکے ۔
سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان کی زیر صدارت اس اجلاس میں سرگودھا، چنیوٹ ،وہاڑی، چکوال ،جھنگ ،میانوالی ،مظفر گڑھ ،اوکاڑہ ،خانیوال ، فیصل آباد اور خوشاب کے اضلاع کے مابین سڑکوں کی تعمیر کا حتمی فیصلہ کر لیا گیا جبکہ کبیر والہ ،بوریوالہ ،دیپالپور اور سمندری کی تحصیلوں میں بھی نئی سڑکیں بنائی جائیں گی اسی طرح مختلف اضلاع کے مابین انٹرچینج کی تعمیر بھی ان منصوبوں میں شامل ہوگی ، عبدالعلیم خان نے مزید ہدایت کی کہ ہر مالی سال میں صوبے کے کم از کم 10 اضلاع میں نئی سڑکوں کی تعمیر کے منصوبے شروع ہوں گے تاکہ چھوٹے شہروں کے عوام کو بھی آمدورفت کی بہتر سے بہتر سہولتیں حاصل ہو سکیں ،سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اس سڑکوں کی تعمیر کیلئے جلد ہی ٹینڈرنگ کا عمل شروع کر دیا جائے گا اور رواں مالی سال میں بین الاضلاعی سڑکوں کی تعمیر کے زیادہ سے زیادہ کام مکمل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
بہ تسلیمات نظامت اعلیٰ ہینڈ آؤٹ 3968 /گوھر /احسن
تعلقات عامہ حکومت پنجاب لاہور۔فون نمبر99201390 ہینڈ آؤٹ (اے)
تبصرے
ایک تبصرہ شائع کریں