ترقی یافتہ ملکوں کے ماڈل اپنائے جائیں ، کمپنی انویسٹرز کو منصوبے آؤٹ سورس کرے :عبدالعلیم خان

گھپلے اور مفت کام نہیں چلیں گے ، سینئر وزیر پنجاب نے لاہور کیٹل کمپنی کو نئے ٹاسک سونپ دیے

ترقی یافتہ ملکوں کے ماڈل اپنائے جائیں ، کمپنی انویسٹرز کو منصوبے آؤٹ سورس کرے :عبدالعلیم خان

جانوروں اور بیوپاریوں کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں دیں ، کیٹل کمپنی کی تشکیل نو کی جائے :سینئر وزیر 

لاہور۔28دسمبر :۔۔( )سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے لاہور کیٹل اینڈ مارکیٹنگ کمپنی کو نئے ٹاسک سونپتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ کمپنی کیلئے 2سے3سو ایکڑ نئی جگہ تلاش کرنے کیلئے فوری اقدامات کیے جائیں اور آئندہ20سال کی ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے کیٹل کمپنی کیلئے ترقی یافتہ ملکوں کے ماڈل اپنائے جائیں ، سینئر وزیر نے کیٹل کمپنی کے بریفنگ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ اب گھپلے اور مفت کام نہیں چلیں گے اور نہ ہی اپنوں میں ریوڑیاں بانٹنے کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا،انہوں نے کہا کہ ان کمپنیوں کے طریقہ کار پر عوام میں انتہائی تشویش پائی جاتی ہے اور موجودہ حکومت کا فرض ہے کہ اصلاحا ت متعارف کرائی جائیں یا ان کمپنیوں کو بند کر دیا جائے ،سینئر وزیر نے کہا کہ کیٹل کمپنی میں جانوروں اور بیوپاریوں کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں ملنی چاہئیں اور مویشیوں کو بہترین ماحول کی فراہمی کے علاوہ ویٹنری ڈاکٹرز کی موجودگی بھی یقینی بنانی چاہیے ،انہوں نے کہا کہ اگر صحت افزا اور سہولتوں سے مزئین ماحول ہو توچھوٹے اور بڑے جانوروں پر انٹری اور ایگزٹ فیس لگائی جا سکتی ہے جس سے اس کمپنی کو مالی لحاظ سے استحکام حاصل ہو سکتا ہے ،عبدالعلیم خان نے کہا کہ کسی بھی کمپنی کو پنجاب حکومت پر بوجھ نہیں بننے دیا جائے گا یہیں سے کرپشن کا سلسلہ شروع ہوتا ہے ،انہوں نے سپیشل سیکرٹری بلدیات کو کیٹل کمپنی کیلئے نئی سفارشات تیار کرنے کی ہدایت کی تاکہ بڑے پیمانے پر اس میں تبدیلیاں لائی جا سکیں ،عبدالعلیم خان نے کہا کہ لاہور کی طرز پر پنجاب کے دیگر بڑے شہروں میں کیٹل کمپنیاں بنائی جائیں گی تاکہ وہاں کے عوام کو بھی مقابلے کی فضاء اور گوشت و دودھ کی بہترین سہولتیں میسر ہو سکیں ،انہوں نے مزید کہا کہ پہلے سے موجود کیٹل کمپنیوں کو ان سرکاری جگہوں کو ہفتے کے باقی 5دن فروٹ اینڈ ویجیٹیبل مارکیٹ کے طور پر استعمال میں لانا چاہیے ۔
سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان کوکیٹل کمپنی کے مینجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر احتشام نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ صرف لاہور کی کیٹل کمپنی ہر ہفتے 6سو ٹرک اور 3سو شہہ زور ڈالوں پر لائے جانے والے سینکڑوں جانوروں کی خریدو فروخت میں سہولت بہم پہنچاتی ہے جبکہ کمپنی اس وقت نفع و نقصان کے بغیر56ایکڑ اراضی پر کام کر رہی ہے جو جگہ بہت کم ہے ،انہوں نے لاہور ،شیخوپورہ اور ننکانہ صاحب میں کیٹل کمپنی کی خدمات سے آگاہ کیا ،انہوں نے بتایا کہ اس وقت حکومت کو فی جانور76روپے کی لاگت آتی ہے جبکہ کمپنی میں140ملازم کام کر رہے ہیں ۔







ہ تسلیمات نظامت اعلیٰ ہینڈ آؤٹ4016 /گوھر/احسن
تعلقا ت عامہ حکومت پنجاب لاہور ۔فون نمبر99201390 ہینڈ آؤٹ (اے)

تبصرے