واویلابے سود ہے ،پیپلز پارٹی کا سندھ میں وہی حشر ہو گا جو نواز لیگ کا پنجاب میں ہوا ہے

پریس ریلیز

دوسروں پر الزامات لگانے والوں کا اپنا ہی کچا چٹھا کھل گیا :سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان 

واویلابے سود ہے ،پیپلز پارٹی کا سندھ میں وہی حشر ہو گا جو نواز لیگ کا پنجاب میں ہوا ہے 

جے آئی ٹی کے الزامات کا جواب دینے کی بجائے بغلیں جھانک رہے ہیں :وفود سے گفتگو

لاہور۔30دسمبر :۔۔( )سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ اپنی کرپشن اور لوٹ مار چھپانے کیلئے دوسروں پر بے بنیاد الزامات لگانے والوں کا اپنا ہی کچا چٹھا کھل گیا ہے اور اس پنڈورا باکس سے زرداری اینڈ کمپنی مکمل طور پر بے نقاب ہو گئی ہے ،عبدالعلیم خان نے کہا کہ شہباز شریف کو خوشی منانی چاہیے کہ اُن کا دیرینہ مطالبہ پورا ہوتے ہوئے علی بابا اور چالیس چور قابو آگئے ہیں اور اب سندھ کے عوام کو لوٹنے والوں کو اپنا حساب دینا ہوگا ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں اپنے پولیٹیکل آفس میں مختلف وفود سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ،عبدالعلیم خان نے کہا کہ عوام کو جمہوریت کے نام پر بے وقوف بنانے کا وقت گزرچکا ہے ،ایک دوسرے کو گھسیٹنے کے دعوے کرنے والے خود ہی پکڑ میں آگئے ہیں اور اب شریف برادران کو آصف زرداری کیلئے بھی اپنے ساتھ ہی ایک اور بیرک کا بندوبست کرلینا چاہیے ،انہوں نے کہا کہ کس قدر اچمنے کی بات ہے کہ جے آئی ٹی کے الزامات کا جواب دینے یا عدالتوں میں اُن کا سامنا کرنے کی بجائے بغلیں جھانک رہے ہیں اور لوگوں کو الف لیلا کی داستانیں سنائی جا رہی ہیں ، عبدالعلیم خان نے کہا کہ کسی کو غلط فہمی میں نہیں رہنا چاہیے عمران خان سے این آر او کی توقع رکھنا کسی دیوانے کا خواب ہی ہو سکتاہے انشاء اللہ پی ٹی آئی احتساب کا وعدہ پورا کیے بغیر چین سے نہیں بیٹھے گی،عبدالعلیم خان نے کہا کہ قومی خزانے کی لوٹ مار کرنے والوں سے ایک ایک پائی کا حساب لیا جائے گا اور وفاق اور دیگر صوبوں کے بعد اب سندھ میں بھی پی ٹی آئی حکومت بنا سکتی ہے ۔
سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان سے نو منتخب بلدیاتی اراکین ،کونسلر رانا محمد فاروق،سابق ناظمین میاں محمد افتخار اور عامر خلیل کے علاوہ میاں طارق ،میاں ارشاد،میاں شبیر اور میاں سلیم نے وفود کے ہمراہ ملاقاتیں کیں اور انہیں مبارکباد دی ،اس موقع پر پارٹی کارکنوں نے مٹھائیاں بھی تقسیم کیں ،سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے پارٹی کارکنوں سے کہا کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں مسائل کی نشاندہی اور اُن کے حل کیلئے آگے آئیں ،انہوں نے حالیہ ضمنی بلدیاتی انتخابات میں پی ٹی آئی کے امیدواران کی کامیابی پر کارکنوں کو مبارکباد دی اور انہیں اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔



تبصرے