تعمیراتی منصوبوں کا کام بی او ٹی کی بنیاد پر اور شفاف طریقے سے مکمل ہونا چاہیے :عبدالعلیم خان

ماضی میں کمیشن کی خاطرراتوں رات بننے والی من پسند کمپنیوں کو ٹھیکے ملے :سینئر وزیر پنجاب

تعمیراتی منصوبوں کا کام بی او ٹی کی بنیاد پر اور شفاف طریقے سے مکمل ہونا چاہیے :عبدالعلیم خان

سینئر وزیرپنجاب عبدالعلیم خان کی لاہور رنگ روڈ کا باقی ماندہ حصہ جلد تعمیر کرنے کی ہدایت 

لاہور۔26دسمبر :۔۔( )سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ ماضی میں صرف اور صرف کمیشن کی خاطر راتوں رات بننے والی اُن من پسند کمپنیوں کو ٹھیکے دیے گئے جن کا تعلق کسی نہ کسی طرح سے "شریفوں "سے جڑتا تھا ،اسی لیے عام آدمی کی فلاح و بہبود کو نظر انداز کیا گیا اور میگا منصوبوں کے نام پر دونوں ہاتھوں سے لوٹ مار ہوئی ، سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے لاہور رنگ روڈ کے باقی ماندہ حصے کی تعمیر جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایات جار ی کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ منصوبہ بھی بی او ٹی کی بنیاد پر غیر ملکی کمپنیوں سے مکمل کرایا جائے تاکہ قومی خزانے پر بوجھ نہ پڑ سکے ، انہوں نے مزید کہا کہ لاہور کی طرح صوبے کے دیگر بڑے شہروں میں بھی رنگ روڈز بنیں گی ،وزیر اعظم عمران خان اس منصوبے میں ذاتی دلچسپی رکھتے ہیں اور اُن کی ہدایات مطابق ترجیحی بنیادوں پر پیش رفت کی جائے گی ، سینئر وزیر نے رنگ روڈ پر صفائی کی شکایات کا بھی نوٹس لیتے ہوئے فوری کاروائی کے احکامات جاری کیے ،ا نہوں نے ملتان روڈ کی مرمت کا کام بھی جلد از جلد مکمل کرنے کا حکم دیا ، سینئر وزیر نے ملتان روڈ پر موٹر وے کے سنگم پر موجود پولیس ناکے کو دو حصوں میں تقسیم کرنے کی ہدایت کی تاکہ ٹریفک کے بوجھ کو کم سے کم کیا جا سکے ، انہوں نے کہا کہ رنگ روڈ کی تکمیل میں تاخیر کی ذمہ دار سابقہ حکومت ہے جس نے اس منصوبے کو اس لیے زیر التوا رکھا کہ یہ چوہدری پرویز الہی کی حکومت کا شروع کردہ منصوبہ تھا لیکن موجودہ حکومت مفاد عامہ کے تمام منصوبے جلد از جلد مکمل کرے گی ۔
سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے مزید ہدایت کی کہ تعمیراتی منصوبوں کا تمام کام شفاف طریقے سے مکمل ہونا چاہیے اور کسی جگہ بھی قواعدو ضوابط کی خلاف ورزی نہیں ہونی چاہیے ،انہوں نے سرکاری افسران سے بھی کہا کہ وہ من و سلوی کے انتظار میں بیٹھنے کی بجائے اپنے اپنے محکموں میں فنڈ ز جنریشن کیلئے پیش رفت کریں ،حکومت سے پیسے لے کر خرچ کر دینا کوئی معرکہ نہیں ،سینئر وزیر نے کہا کہ ماضی کے نام نہاد خادم اعلیٰ نے پنجاب کے صوبے کو 52خود ساختہ کمپنیوں کے بوجھ تلے دیوالیہ کر کے رکھ دیا اور موجودہ حکومت کو سیاسی ورثے میں خالی خزانہ ملا ، عبدالعلیم خان نے کہا کہ انشاء اللہ مشکل ترین حالات میں بھی عوام کی مشکلات کے خاتمے کیلئے بھرپور کوشش کریں گے اور التوا میں پڑے ہوئے تمام منصوبوں کو مرحلہ وار مکمل کیا جائے گا ،سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے سیکرٹری بلدیات اور کمشنر لاہور کو رنگ روڈ کی تکمیل کیلئے عدالتی امور سمیت درپیش رکاوٹوں کو دور کرنے کی ہدایت کی اور کام شروع کرنے کیلئے پیش رفت کا حکم دیا ۔




بہ تسلیمات نظامت اعلیٰ ہینڈ آؤٹ 3994 /گوھر /احسن 
تعلقات عامہ حکومت پنجاب ۔فون نمبر99201390 ہینڈ آؤٹ (اے)

تبصرے