سینئر وزیرکی 6شہروں میں ویسٹ ٹو انرجی منصوبے شروع اور ایک سال میں مکمل کرنے کی ہدایت

سینئر وزیرکی 6شہروں میں ویسٹ ٹو انرجی منصوبے شروع اور ایک سال میں مکمل کرنے کی ہدایت 

لاہو ر،راولپنڈی ، ملتان ، فیصل آباد ،گوجرانوالہ اور سیالکوٹ کے علاوہ اسلام آباد و پشاور بھی شامل 

چین سمیت غیر ملکی کمپنیاں کام کریں گی ، دائرہ کار صوبے بھر تک وسیع ہو گا :عبدالعلیم خان 

لاہور۔21جنوری :۔۔( )سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے صوبے کے 6بڑے شہروں میں ویسٹ ٹو انرجی منصوبے شروع کرنے اور انہیں ایک سال میں مکمل کرنے کی ہدایت کر دی ہے ،ان شہروں میں لاہور ، راولپنڈی ،ملتان ،فیصل آباد ، گوجرانوالہ اور سیالکوٹ شامل ہوں گے جبکہ اسلام آباد کو بھی خصوصی طور پر راولپنڈی کے ساتھ ان منصوبے کیلئے منسلک کیا جائے گا ،اسی طرح پنجاب حکومت پشاور کو ویسٹ ٹو انرجی منصوبہ بنا کر گفٹ کرے گی ،اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے سینئر وزیر عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ چین سمیت غیر ملکی کمپنیاں ان منصوبوں کی تشکیل میں اہم کردار ادا کریں گی اور کوڑا کرکٹ تلف کرنے کیلئے ایسے پلانٹس لگائے جائیں گے جہاں گاربیج سے بجلی پیدا کرنے کے علاوہ گیسز اور کار آمد اشیاء کی تیاری ممکن ہو سکے ، انہوں نے کہا کہ محکمہ بلدیات کو اس ضمن میں ہدایات جاری کر دی گئی ہیں اور فوری طور پر ان منصوبوں پر کام کا آغاز کیا جا رہا ہے ، عبدالعلیم خان نے کہا کہ ویسٹ ٹو انرجی منصوبے کلین اینڈ گرین پنجاب مہم کا حصہ ہوں گے جس سے مکمل صفائی ستھرائی یقینی بنانے کے علاوہ ماحولیات کی بہتری کیلئے بھی کام ہوگا ، انہوں نے بتایا کہ ان 6شہروں کے بعد ویسٹ ٹو انرجی منصوبے کا دائرہ کار صوبے کے دیگر اضلاع تک بھی وسیع کیا جائے گا ،عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ کوڑا کرکٹ ڈمپنگ سائٹس پر پھینکنے سے نہ صرف زمین کو نقصان پہنچتا ہے بلکہ اردگر د کی آبادی اور فصلوں سمیت لائیو سٹاک بھی بری طرح متاثر ہوتی ہے ، انہوں نے کہا کہ ماضی کی حکومت نے ویسٹ مینجمنٹ پرمناسب توجہ نہیں دی ، دیرپا اور ٹھوس لائحہ عمل کی بجائے من مانی پالیسیوں اور مخصوص شہروں میں کمپنیوں کی تشکیل مزید خرابیوں کا باعث بنی ، عبدالعلیم خان نے کہا کہ ویسٹ مینجمنٹ کے شعبے میں موجود خرابیوں کو دور کیا جا رہا ہے اور ایسے اقدامات عمل میں لائے جا رہے ہیں جن سے شہریوں کو درپیش مشکلات کا خاتمہ کیا جا سکے ۔
سینئر وزیرعبدالعلیم خان کو اعلیٰ سطحی اجلاس میں سیکرٹر ی بلدیات نے اس منصوبے کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ویسٹ ٹو انرجی منصوبہ ماضی کے تجربات کو سامنے رکھتے ہوئے تشکیل دیا جائے گا او ر اُن کی ہدایات کے مطابق اسے زیادہ سے زیادہ پریکٹیکل اور دیرپا بنانے کیلئے اقدامات کیے جائیں گے ۔ 

بہ تسلیمات نظامت اعلیٰ ہینڈ آؤٹ227 /گوھر/احسن
تعلقات عامہ حکومت پنجاب لاہور ۔فون نمبر99201390 ہینڈ آؤٹ (اے)

تبصرے