چنیوٹ سے چیئرمین مہر خالد اورمہر ارشد اور وائس چیئرمین تنویر گجر کھلاڑی بن گئے
پریس ریلیز
عبدالعلیم خان سے ضلع چنیوٹ کے بلدیاتی چیئرمینوں کی ملاقات و پی ٹی آئی میں شمولیت
چنیوٹ سے چیئرمین مہر خالد اورمہر ارشد اور وائس چیئرمین تنویر گجر کھلاڑی بن گئے
سینئر وزیرعبدالعلیم خان کی نصر میزائل کے کامیاب تجربے پرپاک فوج کو مبارکباد
لاہور۔24جنوری :۔۔( )سینئروزیر پنجاب عبدالعلیم خان سے ضلع چنیوٹ اور تحصیل بھوانہ کے بلدیاتی چیئرمینوں نے ملاقات کر کے تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کر دیا ہے، چنیوٹ میونسپل کارپوریشن کے چیئرمین مہر خالد ،تحصیل بھوانہ کے ن لیگی چیئرمین مہر ارشد اور وائس چیئرمین تنویر گجر بھی کھلاڑی بننے والوں میں شامل ہیں ،سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے پی ٹی آئی میں شمولیت پر بلدیاتی چیئرمینوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ لیگی حکومت بلدیاتی اداروں کی خیر خواہ نہیں تھی اور نہ ہی بے اختیار نظام کسی کام کا ہے ، انہوں نے کہا کہ بلدیاتی نظام کی مضبوطی موجودہ حکومت کی ترجیح ہے اور پنجاب میں ایسا سسٹم لائیں گے جس میں منتخب اراکین کو مالیاتی اور انتظامی اختیارات حاصل ہوں گے ، عبدالعلیم خان نے کہا کہ 14 اضلاع کے چیئرمین اور مختلف شہروں کے میونسپل مئیر پہلے ہی پی ٹی آئی میں شامل ہونے کا اعلان کر چکے ہیں کیونکہ وہ جانتے ہیں کہ عمران خان کی ملک و قوم کی آخری امید ہیں جنہوں نے تبدیلی کے منشور پر عملدرآمد کا آغاز کر دیا ہے ،عبدالعلیم خان نے کہا کہ اختیارات کی نچلی سطح تک تقسیم کے بغیر عوام کو درپیش مسائل کا حل ممکن نہیں اور ماضی میں چلنے والا "ون مین شو"اکثر خرابیوں کی جڑ ہے ،سینئر وزیر نے بتایا کہ پنجاب میں سامنے آنے والی 56کمپنیوں میں سے 99فیصد کرپشن اور بد انتظامی کا شاخسانہ بن چکی ہیں ان کمپنیوں میں اقربا پروری اور دو نمبری کی کوئی کسر نہیں اٹھا رکھی گئی اور ان کمپنیوں کے باعث ہی پنجاب حکومت کے سرکاری محکمے بھی دیوالیہ پن کا شکار دکھائی دیتے ہیں ،عبدالعلیم خان نے کہا کہ موجودہ حکومت نے اصلاحات کا بیڑہ اٹھایا ہے اور ملک کے سب سے بڑے صوبے کو نئے خطوط پر استوار کرنے کیلئے دوررس نتائج کی حامل پالیسیاں متعارف کرائی جا رہی ہیں جن کے مثبت نتائج سامنے آنے میں کچھ وقت ضرور لگے گا اور اپوزیشن کی طرف سے کیا جانے والا واویلا مکمل طور پر ناکام ہوگا۔پی ٹی آئی میں شامل ہونے والے ضلع چنیوٹ کے چیئرمین مہر خالد اور تحصیل بھوانہ کے ن لیگی چیئرمین مہر ارشد اور وائس چیئرمین تنویر گجر نے سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اپنی طرف سے غیر مشروط حمائیت کا یقین دلایا،صوبائی وزیر میاں خالد محمو د بھی 90شاہرائے قائد اعظم پر ہونے والی اس شمولیت کے موقع پر موجود تھے۔
دریں اثناء سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے نصر میزائل کے کامیاب تجربے پر پاک فوج کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ زمین سے زمین پر مارکرنے والے بیلسٹک میزائل کا کامیاب تجربہ کر کے ہمارے عسکری اداروں نے اپنی مہارت اور برتری ثابت کر دی ہے ،اس کامیابی پر ہر پاکستانی فخر اور خوشی محسوس کر رہا ہے اور ملکی دفاع کو دن بدن مضبوط بنانے کیلئے کی جانے والی کاوشوں کی بھرپور حمائیت کرتا ہے ۔
تبصرے
ایک تبصرہ شائع کریں