اے پی این ایس کی ایگزیکٹو باڈی کی سینئر وزیر سے ملاقات ، مسائل پر تفصیلی گفتگو
صحافت اہم قومی ستون ہے،حکومت میڈیا انڈسٹری کے مسائل حل کرے گی :عبدالعلیم خان
قرضوں اور کرپشن کے انبار ملے ، گزشتہ حکومت نے جعلی اعداد و شمار کے ساتھ کام چلایا
اے پی این ایس کی ایگزیکٹو باڈی کی سینئر وزیر سے ملاقات ، مسائل پر تفصیلی گفتگو
لاہور۔26جنوری :۔۔( )سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ صحافت حقیقی معنوں میں اہم قومی ستون ہے ،حکومت میڈیا انڈسٹری کو درپیش موجودہ بحران سے آگا ہ ہے ، بالخصوص اخباری صنعت کے مسائل حل کیے جائیں گے اور جلد صحافی برادری کے نمائندہ وفد کی اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ پنجاب سے ملاقات کرائی جائے گی ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے آل پاکستان نیوز پیپرز ایسوسی ایشن کی ایگزیکٹو باڈی سے آج یہاں90شاہرائے قائد اعظم پر ہونے والی ملاقات میں کیا ،صدر سرمد علی کی قیادت میں ملاقات کرنے والوں میں مجیب الرحمان شامی ، مہتاب خان ، خوشنودعلی خان ،جمیل اطہر ،نوید چوہدری اور ممتاز طاہر سمیت مختلف صوبوں سے30رکنی وفد شامل تھا ، عبدالعلیم خان نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ عمران خان اور تحریک انصاف کو یہ مقام دلانے میں پاکستان کے ذرائع ابلاغ نے اہم کردار ادا کیا ہے ،آج بھی میڈیا کو مکمل حق ہے کہ وہ خرابیوں کی نشاندہی کرے ،حکومت بہتری لائے گی اور میڈیا کے سنجیدہ معاملات کو بھی جلد از جلد حل کیا جائے گا ،اپنی گفتگو میں عبدالعلیم خان نے کہا کہ موجودہ پنجاب حکومت کو قرضوں اور کرپشن کے انبار ملے ،ملک میں جاری کرپٹ اور بوسیدہ نظام سے ملک کو نوچا جا رہا تھا اور نواز لیگ کی حکومت جعلی اعداد و شمار کے ساتھ کام کر رہی تھی،انہوں نے کہا کہ صرف نگران حکومت کے دور میں38ارب روپے کے چیک باؤنس ہوئے اور آج بھی پنجاب میں خسارے میں چلنے والے اکثر منصوبے سفید ہاتھی بن چکے ہیں ،عبدالعلیم خان نے کہا کہ مجبوراً پنجاب حکومت کو سالانہ ترقیاتی پروگرام میں67فیصدکمی کرنا پڑی ہے اور اگر ہم کوئی ایک نیا منصوبہ بھی شروع نہ کریں تو جاری منصوبوں کی تکمیل کیلئے 4سال کا عرصہ درکار ہوگا ،سینئر وزیر نے کہا کہ ملک کو درپیش مسائل کے حل کیلئے درست سمت میں سفر کا آغاز کر دیا گیا ہے ،وزیر اعظم عمران خان اور اُن ٹیم نیک نیتی کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے اور انشاء اللہ آنے والا وقت مسائل کے خاتمے اور لوگوں کی سہولتوں میں اضافے کا دور ہوگا ، انہوں نے کہا کہ ملک میں "انویسٹمنٹ فرینڈلی "ماحول لانا ہوگا ،ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے ساتھ روزگار میں اضافے اور کاروبار کے نئے مواقع پیدا ہونگے جس سے ملکی معیشت کو استحکام حاصل ہوگا ،عبدالعلیم خان نے اپنی وزارت کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلدیات کے شعبے میں بڑی خرابیوں کو دور کیا جا رہا ہے اور دیگر 56کمپنیوں کی طرح لوکل گورنمنٹ کی کمپنیاں بھی کرپشن اور بد انتظامی کی داستانیں سنا رہی تھیں جن کا حل تلاش کر کے انہیں درست ٹریک پر ڈال رہے ہیں ۔
ملاقات میں اے پی این ایس کے صدر سرمد علی نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ملک کی میڈیا انڈسٹری تاریخ کے سب سے بڑے بحران سے گزر رہی ہے ان حالات میں ڈالر کی قیمت میں اضافے نے رہی سہی کسر نکا ل دی ہے اور اب اگر حکومت نے تعاون نہ کیا تو کوئی صورت باقی نہیں بچے گی ،اجلاس میں مہتاب خان ،مجیب الرحمان شامی ، خوشنود علی خان ، رحمت علی رازی اور دیگر سینئر صحافیوں نے اظہار خیال کرتے ہوئے سینئر وزیر عبدالعلیم خان سے اپیل کی کہ وہ ذاتی دلچسپی لیتے ہوئے موثر کردار ادا کریں اور میڈیا کو درپیش مسائل کی حل کی راہ نکالیں ۔
تبصرے
ایک تبصرہ شائع کریں