کم شرح پر قرضے ، مارٹ گیج پالیسی اور دیگر امور زیر غور ہیں ،سینئر وزیر کی "آباد"کے وفد سے گفتگو
نیا پاکستان ہاؤسنگ سکیم :50لاکھ گھروں کی تعمیر میں نجی شعبے کو اہم کردار ادا کرنا ہوگا:عبدالعلیم خان
کثیر المنزلہ عمارات کی تعمیر ، نئے بائی لاز اور شہری اداروں کی دیرپا منصوبہ بندی پر کام شروع ہے
کم شرح پر قرضے ، مارٹ گیج پالیسی اور دیگر امور زیر غور ہیں ،سینئر وزیر کی "آباد"کے وفد سے گفتگو
لاہور۔27جنوری :۔۔( )سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ نیا پاکستان ہاؤسنگ سکیم کے تحت ملک میں50لاکھ گھروں کی تعمیر کیلئے نجی شعبے کو اہم کردار ادا کرنا ہوگا ،وزیر اعظم عمران خان کم آمدنی والوں بالخصوص غریب طبقے کو اپنے گھروں کا مالک بنانا چاہتے ہیں اورانہیں اپنی چھت کی فراہمی کیلئے کم سے کم قیمت میں گھروں کی تعمیر کے منصوبے پر مختلف پہلوؤں سے کام جاری ہے ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈویلپرز آف پاکستان "آباد"کے اراکین کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ، انہوں نے کہا کہ ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ اتنی بڑی تعداد میں گھروں کی تعمیر بہت بڑا چیلنج ہے جس سے نمٹنے کیلئے ہمیں مربوط حکمت عملی اختیار کرنا ہوگی ،سینئر وزیر نے کہا کہ تعمیراتی اور ہاؤسنگ کے شعبے میں نئے چیلنجز درپیش ہیں اور شہری ادارں کیلئے نئے بائی لاز کی تشکیل اور دیرپا منصوبہ بندی پر کام شروع ہے ،اب ہمیں کثیر المنزلہ عمارات کی تعمیر کیلئے کام کرنا ہوگا ،عبدالعلیم خان نے کہا کہ امریکہ اور یورپ کی طرح پاکستان میں ہاؤس بلڈنگ فنانس کیلئے مارٹ گیج پالیسی تشکیل دینا ہوگی تاکہ لو کاسٹ ہاؤسنگ کیلئے کم سے کم شرح پر محفوظ قرضوں کی فراہمی عمل میں لائی جا سکے جن کی عدم ادائیگی کی صورت میں مالیاتی اداروں کو گھروں کی قرقی کا اختیار حاصل ہو ، انہوں نے "آباد"کے اراکین سے کہا کہ وہ ہاؤسنگ کے شعبے میں رونما ہونے والی تبدیلیوں سے ہم آہنگ ہوتے ہوئے آگے بڑھیں اور حکومت کو اپنے تجربات کی روشنی میں ایسی تجاویز دیں جن پر عمل کر کے ہاؤسنگ انڈسٹری کے مسائل کے حل کیلئے پیش رفت کی جا سکے،عبدالعلیم خان نے کہا کہ شہروں کیلئے نئے بائی لاز کی تشکیل وقت کی اہم ترین ضرورت ہے اور شہری اداروں کو بھی دیرپا منصوبہ بندی کیلئے اقدامات کرنے ہوں گے ، سینئر وزیر نے "آباد"کے اراکین کو نیا پاکستان ہاؤسنگ منصوبے میں باہم تعاون کیلئے ٹاسک فورس کے ہمراہ مشترکہ اجلاس منعقد کرنے کی تجویز دی تاکہ اس ضمن میں عملی طور پر آگے بڑھا جا سکے ۔
ٍملاقات میں گوھر اعجاز اور آباد کے دیگر اراکین اکبر شیخ ،ایوب اظہر،شیراز منوں ،کامران شجاع اور ساجد سعیدنے گفتگو کرتے ہوئے سینئر وزیر عبدالعلیم خان کو بتایا کہ اُن کی ایسوسی ایشن اُن کے اداروں سے مسلسل رابطے میں ہے اور نجی ہاؤسنگ سوسائٹیز اور تعمیرات کے شعبے میں درپیش مسائل اجاگر کیے جارہے ہیں ،انہوں نے سینئر وزیر کے تعاون کو سراہتے ہوئے اُن کا شکریہ ادا کیا اور انہی بھی اپنی طرف سے مکمل سپورٹ کا یقین دلایا۔
تبصرے
ایک تبصرہ شائع کریں