کوڑے کرکٹ کی ریسائکلنگ کر کے ہر شہر میں ڈمپنگ سائٹس ختم کرنا چاہتے ہیں :عبدالعلیم خان
سینئر وزیر کا صفائی کرنے والی ترک کمپنیوں کی کارکردگی پر بھی تحفظات کا اظہار ،تفصیلات طلب
عبدالعلیم خان کی اوز پاک اور البراک کو فوری بہتری لانے کی ہدایت ،مشینری کی تبدیلی کی ہدایت
کوڑے کرکٹ کی ریسائکلنگ کر کے ہر شہر میں ڈمپنگ سائٹس ختم کرنا چاہتے ہیں :عبدالعلیم خان
لاہور۔3جنوری :۔۔۔( )سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے صفائی کا ٹھیکہ لینے والی ترک کمپنیوں کی کارکردگی پر بھی تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اُن سے موجودوسائل ،مشینری اور مین پاور سمیت دیگر تفصیلات طلب کر لی ہیں اور اوز پاک اور البراک کے ذمہ داران کو ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے ہمراہ لاہور شہر کے مختلف علاقوں اور لکھو ڈیر کااکٹھا دورہ کرنے کی ہدایت کی ہے ،انہوں نے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے عندیہ دیا کہ ہر شہر سے کوڑا کرکٹ اکٹھا کر کے اسے ڈمپنگ سائٹس پرپھیکنے کی بجائے کار آمد اشیا ء بنانا چاہتے ہیں تاکہ شہریوں کو بہتر ماحول کے ساتھ گندگی سے مستقل بنیادوں پر نجات مل سکے ،سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے اس امر پر تشویش کا اظہار کیا کہ غیر ملکی کمپنیوں کو ٹھیکے ملنے کے بعد صفائی کا عمل پہلے سے بھی خراب منظر پیش کر رہا ہے اور شہریوں کی مشکلات میں کمی کی بجائے اضافہ ہوا ہے ،عبدالعلیم خان نے کہا کہ ترک بھائیوں سے گہری اور لازوال دوستی اپنی جگہ لیکن عملی میدان میں ترک کمپنیوں کو پرفارمنس بھی دکھانا ہوگی ، انہوں نے اوز پاک اور البراک کے سربراہان سے کہا کہ وہ کوڑا کرکٹ کے ریسائکلنگ کے پلانٹس کیلئے بھی آگے آئیں اور گاربیج سے کھاد،گیسوں اور دیگر اشیاء کی تیاری میں حکومت کا ساتھ دیں ،سینئر وزیر نے واضح کیا کہ مستقبل میں بڑے شہروں کی صفائی کیلئے ترکی سمیت تمام غیر ملکی کمپنیوں کو موقع دیں گے اور جس ادارے کی کارکردگی بہتر ہوئی اسے کنٹریکٹ ملے گا ، انہوں نے کہا کہ ماضی میں ہونے والے مشکوک معاہدوں میں سیاسی مداخلت اور کمزور سسٹم کے باعث مطلوبہ نتائج نہیں مل سکے ،عوام صفائی کے انتظامات سے قطعی طور پر مطمئن نہیں یہ ہر روز کا عمل ہے جس میں کوتاہی ہر گز برداشت نہیں ہو سکتی ،سینئر وزیر نے کہا کہ میڈیا شہر میں گندگی کے ڈھیروں کی نشاندہی کرتا ہے جس کی ذمہ داری ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اور ترک اداروں کو لینا ہوگی ، انہوں نے ہدایت کی کہ متعلقہ ادارے صفائی کے عمل میں بہتر نتائج کیلئے باہم رابطے کے ساتھ کام کریں اور شہر کے مختلف علاقوں میں روزانہ کی بنیاد پر کوڑا کرکٹ اکٹھا کرنے اور اُسے ٹھکانے لگانے کے عمل کی مانیٹرنگ کی جائے اور اگر کہیں گھوسٹ ملازمین یا کسی اور خرابی کی نشاندہی ہو تو اسے فوری طور پر دور ہونا چاہیے ،عبدالعلیم خان نے کہا کہ انہوں نے 3ماہ کا وقت دیا ہے اب سسٹم کو ڈلیور کرتے ہوئے آگے چلنا چاہیے وگرنہ وہ ایکشن لینے پر مجبور ہوں گے ، سینئر وزیر نے واضح کیا کہ انہوں نے کسی ایک ٹرانسفر یا تقرری سمیت کسی قسم کی مداخلت نہیں کی ،افسران اپنی ورکنگ میں مکمل آزاد ہیں لیکن انہیں ہر قیمت پر نتائج چاہئیں جن پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا ،اجلاس میں کوڑا کرکٹ اکٹھا کرنے ، مشینری اور کنٹینرز کی خرابی ،ڈمپنگ سائٹس پر موجود مشکلات سمیت کئی ایک مسائل کی نشاندہی کی گئی جن کے حل کیلئے سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے موقع پر ہی احکامات جاری کیے اور اگلے24گھنٹے میں ترک کمپنیوں ،ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اور سیاسی رہنماؤں کے مشترکہ دورے کی ہدایت کی ۔
بہ تسلیمات نظامت اعلیٰ ہینڈ آؤٹ 36 /گوھر/احسن
تعلقات عامہ حکومت پنجاب لاہور۔فون نمبر99201390 ہینڈ آؤٹ (اے)
تبصرے
ایک تبصرہ شائع کریں