سینئر وزیر سے ورلڈ بینک کے وفد کی ملاقات ، دیہی علاقوں میں واٹر سپلائی وسینی ٹیشن پر گفتگو
صفائی کیلئے نیا فریم ورک ، ہفتے کی چھٹی ختم ،اتوار کو بھی کوڑا کرکٹ اٹھایا جائے :عبدالعلیم خان
شہر کو 14حلقوں میں تقسیم اور یوسی کی سطح پر مانیٹرنگ کی جائے ،نئے ایم ڈی کو ٹاسک سونپ دیے
سینئر وزیر سے ورلڈ بینک کے وفد کی ملاقات ، دیہی علاقوں میں واٹر سپلائی وسینی ٹیشن پر گفتگو
لاہور۔31جنوری :۔۔( )سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے شہروں میں صفائی ستھرائی کیلئے نیا فریم ورک دیتے ہوئے ہفتے کی چھٹی ختم کرنے اور اتوار کو بھی کوڑا کرکٹ اٹھائے جانے کی ہدایات جاری کی ہیں ،انہوں نے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے نئے ایم ڈی سے کہا ہے کہ وہ موثر ٹریکنگ سسٹم اور نیا ڈھانچہ تشکیل دیتے ہوئے شہر کو صفائی ستھرائی کیلئے قومی اسمبلی کے14حلقوں کی بنیاد پر تقسیم کریں او ر ہر یونین کونسل میں انچارج لگاتے ہوئے روزانہ کی بنیاد پر سامنے آنے والی شکایات کا نوٹس لیا جائے ،عبدالعلیم خان نے کہا کہ صفائی کے عملے کی حاضری پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہونا چاہیے بالخصوص گھوسٹ ملازمین کی نشاندہی اور کام نہ کرنے والوں کے خلاف فوری ایکشن ہونا چاہیے ، عبدالعلیم خان نے یہ ہدایت بھی کی کہ صفائی ستھرائی میں رکاوٹ پیدا کرنے والے مختلف محکموں سے بھی رابطہ کیا جائے اور بڑی سڑکوں کے علاوہ گلی محلوں میں بھی صفائی ستھرائی کو یقینی بنایا جانا چاہیے ، انہوں نے کہا کہ اگر دل وجان سے کام کرنے والے 30 نیک نیت افسران مل جائیں تو شہر کی صفائی کوئی مشکل کام نہیں ، سینئر وزیر نے ایم ڈی کو ہدایت کی کہ عوام نے آگاہی کیلئے روائتی واک یا سمینار سے ہٹ کر موثر مہم تشکیل دی جانی چاہیے اور ایسا ماڈل بنائیں جس سے عملی نتائج سامنے آ سکیں ، عبدالعلیم خان نے کہا کہ صفائی ستھرائی کی مہم میں ڈپٹی کمشنر اور ضلعی انتظامیہ کو بھی لوپ میں لیا جائے ،انہوں نے کہا کہ سخت ترین مانیٹرنگ یقینی بنانے کیلئے افسران کو خود فیلڈ میں نکلنا ہوگا اور کام نہ کرنے والے زونل افسران کے خلاف موقع پر ہی کاروائی عمل میں لاناہوگی ، سینئر وز یر نے نئے ایم ڈی کو ہدایت کی کہ وہ جزا اور سزا کا واضح نظام تشکیل دیں اور صفائی کے عمل میں موجود خرابیوں کی نشاندہی اور اُن کے حل کے علاوہ کام کرنے والوں کی حوصلہ افزائی کیلئے بھی لائحہ عمل طے کریں ،سالڈ ویسٹ مینجمنٹ لاہور کے نئے مینجنگ ڈائریکٹر خالد نذیر وٹو نے اپنی بریفنگ میں سینئر وزیر عبدالعلیم خان کو یقین دلایا کہ وہ شہر میں صفائی کے معیار کو بہتر بنانے کیلئے تمام وسائل برؤئے کار لائیں گے اور اُن کی طرف سے دیے گئے ٹاسک کو پورا کرنے میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جائے گا ، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے جنرل مینجر آپریشن سہیل ملک نے بھی ادارے کی ورکنگ کے بارے میں بتایا۔
دریں اثناء سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان سے ورلڈ بینک کے 4رکنی وفد نے مائیکل ہانی کی قیادت میں ملاقات کی جس میں پنجاب کے دیہی علاقوں میں واٹر سپلائی ،سینی ٹیشن اور ویسٹ کولیکشن سمیت مختلف منصوبوں پر بات چیت ہوئی ،اپنی گفتگو میں سینئر وزیر نے پنجاب کے نئے بلدیاتی نظام کے اہم خدوخال پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ صوبے بھر کے دیہی علاقوں میں بیک وقت ترقی کا عمل شروع ہوگا اور محکمہ بلدیات ویسٹ کولیکشن کیلئے 720دیہاتوں میں پائلٹ پراجیکٹ شروع کر رہا ہے ،انہوں نے بتایا کہ تمام بڑے شہروں کا آئندہ50سال کا ماسٹر پلان بنایا جا رہا ہے جبکہ واٹرفلٹریشن پلانٹس کے منصوبوں کو بھی مربوط کر رہے ہیں ،عبدالعلیم خان نے کہا کہ بد قسمتی سے گزشتہ70برسوں سے دیہاتوں میں فراہمی و نکاسی آب کا کوئی نظام سرے سے موجود ہی نہیں جس کے باعث پانی کے آلودہ ہونے کے علاوہ صحت کے بھی گھمبیر مسائل درپیش ہیں ،ورلڈ بینک کے وفد نے پنجاب کے دیہاتوں میں مختلف منصوبوں کے آغاز میں دلچسپی کا اظہار کیا اور جلد ہی اس سلسلے میں پائلٹ پراجیکٹ کے آغاز پر رضا مندی ظاہر کی ،سیکرٹری بلدیات پنجاب کیپٹن (ر) سیف انجم نے بھی ورلڈ بینک کے وفد کو مختلف منصوبوں کے حوالے سے بریفنگ دی ۔
تبصرے
ایک تبصرہ شائع کریں