اپوزیشن کو ملکی ترقی نہیں اپنی لوٹ مار کے نہ ہونے کا غم کھائے جا رہا ہے :تبصرہ

پریس ریلیز

زرداری اورشہباز نے ثابت کردیا کہ "کرپشن کے تحفظ کی قسم کھائی ہے":عبدالعلیم خان

لٹیرے دوبارہ نہیں آئینگے،پیپلز پارٹی اور نواز لیگ کی بیل کبھی منڈے نہیں چڑھے گی 

اپوزیشن کو ملکی ترقی نہیں اپنی لوٹ مار کے نہ ہونے کا غم کھائے جا رہا ہے :تبصرہ

لاہور۔15جنوری :۔۔سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ شہباز شریف اور آصف زرداری نے اکٹھے بیٹھ کر ثابت کر دیا ہے کہ انہوں نے"کرپشن کے تحفظ کی قسم کھائی ہے"اسی لیے پیٹ پھاڑنے اور رقوم واپس نکلوانے کی بجائے سمجھوتہ کرنے کو ترجیح دی ہے،عبدالعلیم خان نے کہا کہ ان کے دانت کھانے کے اور دکھانے کے اور ہیں لیکن اپوزیشن حوصلہ رکھے، ریاست نہیں اب صرف اور صرف کرپشن ناکام ہو گی اور کرپٹ عناصر کی سرکوبی کیلئے عمران خان کبھی پیچھے نہیں ہٹیں گے ،انہوں نے کہا کہ زرداری کو ملکی ترقی نہیں اپنی لوٹ مار کے نہ ہونے کا غم کھائے جا رہا ہے ،کرپشن کے "گرو"کا بھاشن کسی کام نہیں آئے گا اور نہ ہی اُن کی "لوٹ مار اکیڈمی"سے کوئی تربیت حاصل کرنا چاہے گا ، اپنے تبصرے میں سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ عمران خان پر تنقید کرنے والے پہلے اپنا جواب دیں جنہوں نے ایک سے زائد مرتبہ اقتدار کی باریاں حاصل کیں اور قومی خزانے کو دونوں ہاتھوں سے بے دردی سے لوٹا ، انہوں نے کہا کہ صوبائیت کا نعرہ کسی کو بھی احتساب سے نہیں بچا سکتا ،عوام یہ سوال کرنے میں حق بجانب ہیں کہ زرداری کو اب کیوں مایوسی کے عالم میں سندھ کے حقوق کی یاد ستانے لگی ہے ؟سینئر وزیر پنجاب نے کہا کہ اداروں کی تذلیل کرنے سے خود کو بے گناہ ثابت نہیں کیا جا سکتا اپنے کیے کا ہر حال میں جواب دینا ہوگا ،انہوں نے کہا کہ3دہائیوں تک اقتدار میں رہنے والے موجودہ حکومت کے3ماہ کے ساتھ کیسے موازنہ کر سکتے ہیں؟پی ٹی آئی اپنے منشور پر تیزی سے عمل پیرا ہے اوردرپیش چیلنجوں سے عہدہ برآ ہوتے ہوئے انشاء اللہ عمران خان کی قیادت میں اُن کی ٹیم بھرپور کامیابیاں حاصل کرے گی اور حاسدین کی خواہش کبھی پوری نہیں ہوگی ۔
عبدالعلیم خان نے مزید کہا کہ آصف زرداری اور شہباز شریف کے خطاب میں مماثلت بڑا سوالیہ نشان ہے اور ثابت ہو رہا ہے کہ موجودہ حکومت کی کامیابیوں کا اپوزیشن کو مشترکہ طور پر پیٹ درد لا حق ہے ،عوام جان چکے ہیں کہ چوروں اور لٹیروں کا دور دوبارہ کسی صورت واپس نہیں آئے گا ، عبدالعلیم خان نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور نواز لیگ ایک دوسرے پر ہی اعتبار کرنے کو تیار نہیں اپوزیشن کے نام نہاد اتحاد کی بیل کبھی منڈے نہیں چڑھے گی اور یہ دونوں جلد پھر ایک دوسرے کا پول کھولتے ہوئے دکھائی دیں گے ۔

تبصرے