ترک کمپنیاں بھی ہوش کے ناخن لیں ، دونوں ملکوں کے تعلقات کا کہاں تک پاس رکھیں گے:اہم اجلاس
نتائج تسلی بخش نہیں ،ٹاپ مینجمنٹ تبدیل کرینگے :سینئر وزیر کا سالڈ ویسٹ ادارے کو آخری الٹی میٹم
صفائی روزانہ کا عمل ہے، یہ نہیں ہو سکتا کہ شہر کچرے سے بھرا ہو اور ہم مطمئن ہوں :عبدالعلیم خان
ترک کمپنیاں بھی ہوش کے ناخن لیں ، دونوں ملکوں کے تعلقات کا کہاں تک پاس رکھیں گے:اہم اجلاس
لاہور۔22جنوری :۔۔( )سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کو ایک ہفتے کا آخری الٹی میٹم دیتے ہوئے کہا ہے کہ بہت برداشت کر لیا ، افسران سے نرمی اور اخلاق سے پیش آنے کی کوشش کی لیکن نتائج تسلی بخش نہیں ،ٹاپ مینجمنٹ تبدیل کریں گے اور نئی انتظامیہ کے ساتھ وہ رزلٹ لانا ہوگا جس کی عوام ہم سے توقع رکھتے ہیں ،آج یہاں 90شاہرائے قائد اعظم پر سالڈ ویسٹ مینجمنٹ اور صفائی کی ترک کمپنیوں اوز پاک اور البراک کے مشترکہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے سخت سرزنش کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ انتظامیہ کے ساتھ ویسٹ مینجمنٹ کا یہ آخری اجلا س ہو سکتا ،بہت مواقع دے دیے اب صرف ہفتے تک کی ڈیڈ لائن ہے ،اپنا حل خود تلاش کر لیں اور بصورت دیگر مستعفی ہو جائیں ورنہ افسران کو تبدیل کر دیا جائے گااور ان کی جگہ کام کرنے والے اور محنتی افسران پر مشتمل ٹیم لائی جائے گی ،سینئر وزیر نے کہا کہ گزشتہ 4ماہ سے انہوں نے کسی ایک افسر یا ورکر کی تعیناتی یا سفارش نہیں کی اور انتظامیہ کو فری ہینڈ دیا ہے ،ورک فورس موجود ہے اس کے باوجود شہر میں کچرے کا ہونا اور بر وقت صفائی مکمل نہ ہونا بہت بڑا سوالیہ نشان ہے جس پر و ہ کسی طور بھی سمجھوتہ نہیں کریں گے،عبدالعلیم خان نے کہا کہ افسران کو اپنی قابلیت ثابت کرنا ہوتی ہے اگر عزم ہو تو کم وسائل کے ساتھ بھی بہتر پرفارمنس سامنے آ سکتی ہے اب حکمت عملی تبدیل کرنا ہوگی ،سینئر وزیر نے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ جائز مسائل کے حل کیلئے اپنا بھرپور تعاون پیش کیا ہے لیکن اس کے جواب میں کارکردگی میں بہتر نہ آنا تشویش کا باعث ہے ، انہوں نے کہا کہ وہ خود اپنی میڈیا ٹیم کے ذریعے روزانہ مانیٹرنگ کرتے ہیں اور اسے متعلقہ افسران کے نوٹس میں لایا جاتا ہے ، انہوں نے کہا کہ کوئی سیاسی مقصد ہو یا کچھ اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کی کارکردگی سے مطمئن نہیں ، ایم ڈی سے لے کرجی ایم تک سب ذمہ دار ہیں ،سینئر وزیر نے ترک کمپنیوں اوز پاک اور البراک کے نمائندوں سے بھی سختی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بہت ہو چکا اب ترک کمپنیاں بھی ہوش کے ناخن لیں ،ہمیں پاک ترک تعلقات کا پاس ہے لیکن کہاں تک برداشت کریں گے ، سینئر وزیر نے اعلان کیا کہ اب ہفتے کے دن سیکرٹری بلدیات اور دیگر اعلیٰ افسران کا اجلاس ہو گا جس میں حتمی طور پر سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے اعلیٰ افسران کے مستقبل کا تعین ہوگا ، عبدالعلیم خان نے کہا کہ میڈیا بھی روزانہ کی بنیاد پر صفائی ستھرائی کی ناقص صورتحال کی نشاندہی کر رہا ہے لیکن ذمہ دار افسران اپنے فرائض کی انجام دہی میں ناکام نظر آتے ہیں ، انہوں نے کہا کہ صبح 6سے10بجے تک صفائی کے کام کو ہر حال میں یقینی بنانا ہوگا وگرنہ اس ادارے کی ورکنگ کا کوئی جواز نہیں بچتا ،عبدالعلیم خان نے کہا کہ وہ مطمئن ہیں کہ بہتر ی کیلئے ہر موقع دیا اب صرف ایکشن ہوگا اور کسی سے کسی قسم کی کوئی رعائیت نہیں برتی جائے گی اور زیرو ٹالرنس پالیسی کو مد نظر رکھا جائے گا،اجلاس میں سیکرٹری بلدیات پنجاب کیپٹن (ر) سیف انجم ، ایم ڈی سالڈ ویسٹ مینجمنٹ ،ترک کمپنیوں کے نمائندوں اوردیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔
تبصرے
ایک تبصرہ شائع کریں