وقت آگیا ہے کہ ایک دوسرے کو نیچا دکھانے کی بجائے حکومت اور حزب اختلاف وہ کردار ادا کریں جس کیلئے عوام نے مینڈیٹ دیا ہے ،عبدالعلیم خان
پریس ریلیز
سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان کی پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو
لاہور۔9جنوری:۔۔( )سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ پنجاب اسمبلی میں سٹینڈنگ کمیٹیوں کے معاملات چند روز میں حل کر لئے جائیں گے ،انہوں نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ ایک دوسرے کو نیچا دکھانے کی بجائے حکومت اور حزب اختلاف وہ کردار ادا کریں جس کیلئے عوام نے مینڈیٹ دیا ہے ،عبدالعلیم خان نے کہا کہ کسی بھی جمہوری نظام میں اپوزیشن کا انتہائی اہم کردار ہوتا ہے اور ہم اُن کی جائز تجاویز کو مناسب اہمیت ضرور دیں گے،عبدالعلیم خان نے پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج اپوزیشن سے مذاکرات کے حوالے سے بڑا بریک تھرو ہوا ہے اور آنے والے دنوں میں مزید اچھی خبریں آئیں گی ،ایک سوال پر عبدالعلیم خان نے کہا کہ کسی کے خلاف بھی تحقیقات مکمل کرنے اور ان کا منطقی نتیجہ سامنے لانے کیلئے مدت کا تعین ضرور ہونا چاہیے ،میرے خلاف 2015سے انکوائری جاری ہے اور میرا مسلسل میڈیا ٹرائل ہو رہا ہے ،انہوں نے کہا کہ میرا موازنہ اُن شخصیات سے کرنا، جنہوں نے40برسوں تک حکومت اور کرپشن کی ،زیادتی ہے اور ٹی وی چینلز پرروزانہ نواز شریف اور شہباز شریف کے "کارناموں"کے ساتھ میرا ذکر کسی طور درست نہیں ،عبدالعلیم خان نے کہا کہ وہ4برسوں تک پنجاب حکومت میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے وزیر رہے اور اس حوالے سے کرپشن کے الزامات تو دور کی بات، ابھی تک ان کے خلاف کوئی ایک آڈٹ پیرا بھی سامنے نہیں آیا ،انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے خلاف بھی ایک ہیلی کاپٹر کے استعمال کو بنیاد بنا کر تحقیقات کا واویلا بلا جواز ہے ایسی انکوائریز کا جلد ازجلد فیصلہ ہونا چاہیے اور نواز لیگ پر کرپشن کے الزامات کے جواب میں صرف توازن پیدا کرنے کیلئے ایسی سرگرمیاں نہیں ہونی چاہئیں ، عبدالعلیم خان نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ سابقہ "بادشاہوں" نے اپنی "رعایا" کو قرضوں کے بڑے بوجھ تلے دبا دیا جس کا تاوان آنے والی نسلیں بھی ادا کریں گی ،صرف ایک اورنج لائن ٹرین منصوبے پر غریب عوام کا300ارب روپیہ جھونک دیا گیا اور منصوبہ ابھی تک مکمل نہیں ہو رہا اور فی مسافر ایک ہزار روپیہ سبسڈی کا بوجھ برداشت کرنا پڑے گا جو کسی طور بھی مناسب نہیں،سینئر وزیر نے کہا کہ اس پراجیکٹ میں لاگت اور جاری نقصان کو کم سے کم کرنے کیلئے ٹرین سٹیشنوں کی کمرشلائزیشن کا فیصلہ کیا ہے ،عبدالعلیم خان نے واضح کیا کہ اس قدر بھاری خرچ کے بعد اورنج لائن ٹرین کو بند نہیں کر سکتے انشاء اللہ جون ،جولائی تک اس منصوبے کی تکمیل ہو سکتی ہے ،سینئر وزیر نے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بد قسمتی سے چند بڑے شہروں کے علاوہ پنجاب میں کہیں بھی کوڑا کرکٹ کو مستقل بنیادوں پر ٹھکانے لگانے کیلئے کوئی منصوبہ بندی نہیں کی گئی بالخصوص صوبے کے80فیصد دیہی علاقوں میں ویسٹ کولیکشن کا کوئی نظام سرے سے موجود ہی نہیں ،انہوں نے کہا کہ غیر ملکی کمپنیوں کے تعاون سے ریسائکلنگ پلانٹس لگانے کے منصوبے جلد شروع کیے جا رہے ہیں جہاں اس کوڑے کرکٹ سے کھاد اور گیسز کے علاوہ بجلی پیدا کرنے کے چھوٹے پلانٹس لگائے جائیں گے اور کوڑا کرکٹ ڈمپ کرنے کے عمل کو ہمیشہ کیلئے ختم کر دیا جائے گا ، ایک سوال کے جواب میں عبدالعلیم خان نے وزیر اطلاعات پنجاب کی طرف سے صحافیوں کے ساتھ ہونے والی بد مزگی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ کسی طور بھی اس رویے کے حامی نہیں اور میڈیا کے ساتھ بہتر ین اور دوستانہ تعلقات کے حق میں ہیں ،سینئر وزیر نے کہا کہ بسنت کے انعقاد کے حوالے سے حتمی فیصلے کااعلان وزیر اعلیٰ پنجاب خود کریں گے اور انشاء اللہ بہترین عوامی مفاد میں قدم اٹھایا جائے گا ،عبدالعلیم خان نے کہا کہ عوام کو عمران خان اورموجودہ حکومت سے بڑی توقعات وابستہ ہیں جنہیں پورا کرنے کیلئے ہر ضروری قدم اٹھایا جائے گا ۔
تبصرے
ایک تبصرہ شائع کریں