ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ کیلئے چینی کمپنی کے وفد کی سینئر وزیر سے ملاقات،شفاف ڈیل کی یقین دہانی

پنجاب کے بڑے شہروں میں استعمال شدہ پانی کو قابل استعمال بنانے کیلئے پلانٹس لگانے کا منصوبہ

ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ کیلئے چینی کمپنی کے وفد کی سینئر وزیر سے ملاقات،شفاف ڈیل کی یقین دہانی 

نہروں کے پانی کو قابل استعمال بنائیں گے، ضیاع نہ روکا تو مستقبل مخدوش ہوگا :عبدالعلیم خان

لاہور۔29جنوری :۔۔( )سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ پانی کا ضیاع ہر حال میں روکنا ہوگا وگرنہ قومی مستقبل مخدوش ہو سکتا ہے،موجودہ حکومت واٹر ٹریٹمنٹ کے منصوبوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کرے گی اور پنجاب کے بڑے شہروں میں استعمال شدہ پانی کو قابل استعمال بنانے کیلئے پلانٹس بنائے جائیں گے ،ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ کیلئے چینی کمپنی کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے یقین دلایا کہ ماضی کے برعکس موجودہ دور حکومت میں شفاف ڈیل اور بہترین ورکنگ کو یقینی بنایا جائے گا اور عالمی معیار کے مطابق واٹر ٹریٹمنٹ کے ایسے پلانٹس لگائے جائیں گے جن کے ذریعے دریاؤں اور نہروں کے پانی کو بھی روزمرہ کے استعمال میں لایا جا سکے،سینئر وزیر نے اس امر پر آمادگی کا اظہار کیا کہ پہلے مرحلے میں پنجاب کے بڑے شہروں لاہور،ملتان ،راولپنڈی ،فیصل آباد،گوجرانوالہ اور سرگودھا کے اضلاع میں واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس لگیں گے جن کے لئے چین سمیت غیر ملکی کمپنیوں سے پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت معاہدے ہونگے ، انہوں نے کہا کہ صوبے بھر میں پانی کے شعبے میں بھاری سرمایہ کاری اور کام کرنے کے وسیع مواقع موجود ہیں جن کیلئے عملی کام کا آغاز کر دیا گیا ہے ، انہوں نے چینی کمپنی کے نمائندوں کو حکومت کی طرف سے مکمل تعاون کا یقین دلاتے ہوئے اُن کے جلد پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ اور دیگر شہری اداروں سے اجلاس منعقد کرنے کی ضرورت پر زور دیا،انہوں نے کہا کہ ماضی کی حکومت نے پانی کی حفاظت کیلئے بھی کچھ نہیں کیا بلکہ الٹا صاف پانی کمپنی کے نام پر اربوں روپے سرکاری خزانے سے خردبرد کیے گئے جن کی تفصیلات عوام کے سامنے آ چکی ہیں ، عبدالعلیم خان نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی ہدایات کے مطابق پنجاب کے صوبے کو طلب کے مطابق پانی کی فراہمی کیلئے اقدامات کا آغاز کر دیا گیا ہے اور انشاء اللہ آنے والے برسوں میں اس شعبے میں خاطر خواہ پیش رفت کی جائے گی ۔
سینئر وزیر عبدالعلیم خان سے چینی کمپنی چنگ سو یان کے ڈائریکٹر لی لائی اور چینی ادارے شانکسی کے پراجیکٹ مینجر جیمز لیو نے گفتگو کرتے ہوئے ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ کے شعبے میں بھاری سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا ،انہوں نے بتایا کہ ان کے ادارے دنیا کے 46ملکوں میں کامیابی کے ساتھ خدمات سر انجام دے رہے ہیں جبکہ کراچی میں گزشتہ2برسوں سے قاسم پلانٹ پر بھی اُن کی سروسز جاری ہیں ، انہوں نے پنجاب کے مختلف شہروں میں استعمال شدہ پانی کو قابل استعمال بنانے کیلئے مختلف تجاویز پیش کیں اور اُن پر جلد کام کے آغاز میں آمادگی کا اظہار کیا ۔





 

تبصرے