بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب کرنے کیلئے وفاقی حکومت متعلقہ فورم پر آواز اٹھائے :مطالبہ

پریس ریلیز

پنجاب اسمبلی میں بھارتی جارحیت کے خلاف عبدالعلیم خان کی مذمتی قرارداد متفقہ طور پر منظور 

بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب کرنے کیلئے وفاقی حکومت متعلقہ فورم پر آواز اٹھائے :مطالبہ

لاہور۔26فروری:۔۔( )بھارت کی طرف سے پاکستانی حدود میں بارود گرائے جانے اور یکطرفہ جارحیت کے اقدام کے خلاف پنجاب اسمبلی میں حکومت اور اپوزیشن کی طرف سے مشترکہ طور پر قرار داد منظور کر لی گئی ،حکومتی رکن پنجاب اسمبلی عبدالعلیم خان کی تحریک پر پنجاب اسمبلی کے اجلاس کی معمول کی کاروائی ملتوی کرتے ہوئے مذمتی قرار داد کے ذریعے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ اس یکطرفہ اشعال انگیزی کے اقدام کا فوری نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ فورم پر آواز اٹھائے ،عبدالعلیم خان نے پنجاب اسمبلی میں قرار داد پڑھتے ہوئے کہا کہ بھارت کا پرانا وطیرہ ہے کہ اُس نے بین الاقوامی قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی کرتے ہوئے پاکستانی حدود میں داخل ہو کر بزدلانہ حملے کی کوشش کی اور بالا کوٹ کے علاقے میں ایک ہزار کلو بارود گرایالیکن پاکستان کی با صلاحیت ائیر فورس کے شاہینوں نے بروقت اس کاروائی کا منہ توڑ جواب دیا جس کے نتیجے میں دشمن جان چھڑا کر واپس بھاگ گیا ، عبدالعلیم خان نے اپنی قرار داد میں پنجاب اسمبلی کے ایوان کی طرف سے پاکستان کا بھرپور دفاع کرنے پر تمام مسلح افواج بالخصوص پاک فضائیہ کو خراج تحسین پیش کیا اور بھارتی رویے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اپنے انتخابات کیلئے ناجائز حربے اختیار کرتے ہوئے بھارتی قیادت جس جنگی جنون کا مظاہرہ کر رہی ہے وہ اُسے بہت مہنگا پڑے گا ، انہوں نے کہا کہ وطن عزیز کے چپے چپے کی حفاظت کیلئے عظیم افواج پاکستان اور ہر شہری مکمل تیار اور چوکس ہے اور وقت آنے پر دشمن کے اسی طرح دانت کٹھے کریں گے اور ہر شہری اپنے جوانوں کے شانہ بشانہ دشمن کا بھرپور مقابلہ کرے گا ،عبدالعلیم خان کی طرف سے پیش کردہ قرار داد کو پنجاب اسمبلی میں متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا اور حزب اقتدار اور اختلاف دونوں بینچوں کی طرف سے اس قرار داد کے حق میں تقاریر بھی کی گئیں ۔ 



تبصرے